چین میں سیاحت اور تفریح کا نیا عروج

چین کا سیاحتی شعبہ تقریباً تین سال سے زائد عرصے کے بعد ایک مرتبہ پھر یوم مئی کی تعطیلات کے دوران زوروں پر ہے۔ انتیس اپریل سے تین مئی تک جاری رہنے والی پانچ روزہ تعطیلات کے دوران ملک بھر کے سیاحتی مقامات پر بکنگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور اس صنعت سے وابستہ ذرائع کی جانب سے 240 ملین سے زائد سیاحتی دوروں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق سفری تیزی کے دوران کھپت میں مزید بہتری آئے گی اور اس سے کھپت میں 120 ارب یوآن (17.35 ارب ڈالر) سے زیادہ کا شیئر سامنے آنے کا تخمینہ ہے۔حالیہ یوم مئی کی تعطیلات نئے چینی سال کے بعد پہلی طویل تعطیلات ہیں اور یہ ایسے موقع پر منائی جا رہی ہیں جب ملک کووڈ 19 سے نمٹنے میں فیصلہ کن فتح کا اعلان کرچکا ہے۔یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ اس وقت دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت تیزی سے مزید بحال ہو رہی ہے،یہی وجہ ہے کہ ماہرین کے نزدیک 2023 کے بقیہ عرصے تک معاشی نمو کی مضبوط رفتار برقرار رہے گی، جس کی وجہ گھریلو کھپت کو فروغ دینے کے لئے پالیسی اسپورٹ میں اضافہ ہے۔

یوم مئی کی تعطیلات کے دوران سفری سرگرمیوں کے ہموار آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے حکام نے موئثر اقدامات کیے ہیں۔اس ضمن میں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے جمعرات سے 4 مئی تک 120 ملین مسافروں کے سفر کا انتظام کیا گیا ہے ، جس میں 2019 کے مقابلے میں 20 فیصد اضافہ ہے اور یہ تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ جمعرات کی صبح 8 بجے تک تقریباً 69.08 ملین ٹرین ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں۔یہ توقع بھی ہے کہ تعطیلات کے دوران یومیہ تقریباً 53.3 ملین سے 54.3 ملین گاڑیاں ملک بھر کی شاہراہوں پر سفر کریں گی۔

چینی آن لائن ٹریول سروس "ٹرپ ڈاٹ کام" کے مطابق یوم مئی کی تعطیلات کے لیے اندرون ملک پروازوں کی تلاش میں 290 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور 2019 کے مقابلے میں 110 فیصد بہتری آئی ہے، جبکہ ہوٹلنگ یا رہائش کی تلاش ایک سال پہلے کے مقابلے میں نو گنا زیادہ ہے اور 2019 کے مقابلے میں تقریباً 200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔صنعت کے اندرونی ذرائع کا خیال ہے کہ یہ تعطیلات کھپت کو بڑھانے میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی جبکہ سامنے آنے والے اعداد و شمار سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ سیاحت کا شعبہ وبا سے پہلے کی سطح پر بحال ہو چکا ہے ، اور کچھ معاملات میں تو وبا سے پہلے کے دور سے بھی زیادہ ترقی دیکھی جا رہی ہے۔ اس بحالی کی وجہ چین کی جانب سے معاشی بحالی کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کو قرار دیا جا سکتا ہے۔ حکومتی اقدامات کی بدولت سیاحت کا شعبہ تعطیلات سے پہلے ہی کافی پُرجوش ہو چکا تھا، اور کھپت کو فروغ دینے اور حقیقی معیشت کی حمایت کے لئے حکومت کی حمایت اس شعبے کی تیزی سے بحالی میں کردار ادا کرتی ہے۔

مرکزی حکومت کے علاوہ ملک بھر میں مقامی حکومتیں بھی کھپت کی بحالی کے لیے تمام لازمی اقدامات پر عمل درآمد کر رہی ہیں۔مثال کے طور پر،ملک کے متعدد شہروں اور صوبوں نے کھپت کے واؤچر جاری کیے ہیں، صرف صوبہ شان دونگ کی ہی بات کی جائے تو اس نے 528 ملین یوآن مالیت کے کوپن جاری کیے جس سے کھپت بڑھ کر 10.2 ارب یوآن ہوگئی ہے۔کھپت کے وسیع رجحانات کو مد نظر رکھتے ہوئے ، تعطیلات کے لئے مختلف شاپنگ فیسٹیولز اور ثقافتی و تفریحی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔یوں ، مقامی سطح پر منعقد ہونے والے شاپنگ ایونٹس اور دیگر تقریبات تعطیلات کے دوران مزید توانائی پیدا کریں گے۔

جہاں تک بیرون ملک سفر کا تعلق ہے تو، یوم مئی کی تعطیلات کے دوران تین سال سے زیادہ عرصے میں پہلا سفری عروج متوقع ہے۔اسی طرح ٹریول پیٹرن سے کیٹرنگ، رہائش سے لے کر سیاحتی اور تفریحی مقامات تک کے شعبوں کا احاطہ کرنے والی مصنوعات کی کھپت میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔وسیع تناظر میں 2023 کی پہلی ششماہی میں کھپت میں اضافے کے لئے یوم مئی کی تعطیلات کو ایک اہم عروج قرار دیا جا سکتا ہے جس سے مزید بحالی کی راہ ہموار ہو گی۔اس موقع کی بدولت ، آنے والی سہ ماہیوں میں معاشی اعتبار سے مختلف صنعتوں کو مسلسل مضبوطی حاصل ہوگی جبکہ حکومت کی حمایت مزید موثر ثابت ہوگی۔دوسری جانب چین کی تیزی سے معاشی بحالی ، مستقبل میں عالمی کساد کے خوف کو دور کرنے کے لئے انتہائی مددگار اور ایک اہم محرک ثابت ہوسکتی ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1370 Articles with 636362 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More