میری خواہش تھی کہ مجھ پر چاقو پھینکے جائیں٬ 99 سالہ خاتون نے اتنے خطرناک کرتب میں حصہ کیوں لیا اور پھر کیا ہوا؟

image
 
99 سالہ خاتون نے سرکس شو کے اس اعصاب شکن کھیل میں حصہ لینے کی دیرینہ خواہش پوری کی جس میں ایک شخص پر چاقو پھینکے جاتے ہیں۔
 
شارنفورڈ کے علاقے لیسٹر شائر سے تعلق رکھنے والی اینی ڈوپلاک نے جمعے کو ’کوونٹری‘ میں ایک پُرجوش ہجوم کے سامنے تیز دھار والے چاقو کا سامنا کرنے کے لیے رِنگ میں قدم رکھا۔
 
ماضی میں سرکس میں کام کرنے والی معمر خاتون، جن کی عمر تین ماہ بعد 100 برس ہو جائے گی، ’زپو سرکس شو‘ کے ’گرینڈ فائنل‘ کا حصہ تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس تجربے سے ’واقعی لطف اٹھایا۔‘
 
پیدل چلنے کے لیے لاٹھی کا سہارا حاصل کرتے ہوئے اینی ڈوپلاک ایک بورڈ کے سامنے کھڑی ہو گئیں۔ ان پر ایک پیشہ ور چاقو پھینکنے والے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
 
انھوں نے اپنی بیٹی کو قائل کیا تھا کہ وہ اپنے سابق مینیجر اور سرکس کے بانی مارٹن برٹن سے کہیں کہ وہ انھیں حصہ لینے دیں۔
 
مارٹن برٹن نے کہا کہ ’اینی نے 30 برس قبل میرے لیے پوسٹر لگانے کا کام کیا تھا۔‘
 
image
 
’وہ اس وقت 70 سال کی تھیں اور اگست میں وہ 100 سال کی ہو جائیں گی۔‘
 
انھوں نے سامعین کو بتایا کہ ان کی سابقہ ملازمہ نے ایک رات پہلے شو دیکھا تھا اور انھوں نے اپنی 100ویں سالگرہ کی تقریب کے انعام کے طور پر اس اعصاب شکن شو کا حصہ بننے کی فرمائش کر ڈالی۔
 
پرفارمنس کے بعد انھوں نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سے یہ چاہتی تھی کہ مجھ پر چاقو پھینکے جائیں۔‘
 
ان کے مطابق ’میں اگلے مقابلے کے لیے تیار ہوں۔‘
 
Partner Content: BBC Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: