چین میں نئے سال اور اسپرنگ فیسٹیول کے حوالے سے ، ملک بھر میں مختلف مقامات پر رنگا رنگ لوک رسوم و رواج کی سرگرمیوں کا انعقاد جاری ہے ، جو ایک مضبوط تہوار کے ماحول کے ساتھ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے ہجوم کو اپنی جانب متوجہ کیے ہوئے ہیں۔اکثر علاقوں میں مہمان نواز چینی باشندوں نے ملک بھر سے آنے والے مہمانوں کی تفریح کے لیے کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا ہے۔ اس سے قطع نظر کہ وہ ایک دوسرے کو جانتے ہیں یا نہیں ، ہر کوئی لذیذ مستند مقامی کھانے سے لطف اندوز ہونے اور ایک دوسرے کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار کے لئے جمع ہوتا ہے۔اسپرنگ فیسٹیول کے حوالے سے ملک بھر میں ہر جگہ لالٹینیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ شہروں اور دیہی علاقوں کی دیواروں کو رنگ برنگی لالٹینوں سے سجایا گیا ہے۔ ان میں سے چینی ڈریگن کی شکل میں لالٹینیں نئے سال میں برکت حاصل کرنے کے خوبصورت معنیٰ کی علامت ہیں۔اسی طرح کچھ علاقوں میں چینی نئے سال کے موقع پر لالٹین کے تہوار کا آغاز کرنے کے لیے درجنوں کشتیوں پر مشتمل بڑی ڈریگن بوٹس بھی بنائی گئی ہیں ۔ پانی کے پس منظر میں، روشنیاں ہر جگہ چمکتی ہیں، لوگوں کو ایسا محسوس ہو رہا جیسے وہ کسی پریوں کے دیس میں ہیں. اسی طرح اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر دنیا بھر میں چائنا ٹاؤنز کی سڑکیں ہر سال چینی ثقافت سے جڑی سجاوٹ اور سرخ لالٹینوں کے جھنڈوں کے ساتھ متحرک ہوتی ہیں اور مقامی لوگ بھی چینی نئے سال کے پرجوش ماحول میں خود کو ضم کر دیتے ہیں۔گزشتہ دسمبر میں قمری نئے سال کو اقوام متحدہ کی تعطیل کے طور پر تسلیم کرنے کے بعد، یہ مزید واضح ہو گیا ہے کہ چین کی دانش مندانہ اور امن پسند روایات ایک ایسی دنیا میں زیادہ مقبولیت رکھتی ہیں جو مسلسل غیر یقینی اور افراتفری کا شکار ہے۔یہ اعزاز چین کے ثقافتی ورثے کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور چینی نئے سال کی تقریبات کے مرکز میں اتحاد، ہم آہنگی اور لچک کی اقدار کو تسلیم کرتا ہے۔
چینی قمری کلینڈر اور روایت کے مطابق، یہ سال ڈریگن کا سال ہے، اور ڈریگن حکمت، ہمت اور خوش قسمتی کی علامت ہے.یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی کہا کہ آج کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دنیا کو انہی خصوصیات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔عالمی افراتفری اور غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں ڈریگن کی روح قوموں پر زور دیتی ہے کہ وہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کریں۔ یہ ڈریگن کا نیا سال عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اختلافات کے بجائے بات چیت، تنازعات کے بجائے تعاون اور تقسیم کے بجائے یک جہتی کو ترجیح دیں۔دنیا بھر میں موجود چینی برادری کو نئے قمری سال کی مبارکباد دیتے ہوئے انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ، کثیرالجہتی اور عالمی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کی تعریف کی۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ چین نے عالمی سطح پر اپنے ذمہ داری کو ہمیشہ قبول کیا ہے اور اسے عمدگی سے نبھانے کی کوشش کی ہے۔ چین آج بھی مشترکہ سلامتی، ترقی اور خوشحالی کا حامی ہے۔کھلے پن اور کثیرالجہتی کے لئے چین کی وابستگی اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کے لئے اس کی لگن نے عالمی امن اور خوشحالی کو فروغ دینے ، غیر یقینی اور بدنظمی کے دور میں استحکام اور امید کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اسپرنگ فیسٹیول یا چینی قمری نیا سال، ملک میں نئی تجدید اور ترقی کے موسم کا آغاز بھی کہلاتا ہے. جس طرح زمین سردیوں کی نیند سے بیدار ہوتی ہے اسی طرح چینی عوام کی روح اس مبارک وقت میں بیدار ہوتی ہے۔آج ایک جانب جہاں دنیا بھر میں بسنے والے چینی نئے سال کو منانے کے لئے اکٹھے ہیں ،وہاں یہ تہوار پوری دنیا میں اتحاد و اتفاق جیسے آفاقی موضوع کی یاد دہانی کا پیغام بھی ہے ۔ساتھ ساتھ چین کا اسپرنگ فیسٹیول اندھیرے پر روشنی کی فتح، انسانی روح کی لچک، اور امید کی پائیدار طاقت کا پیغام بھی ہے .
|