شہروں سے دیہاتوں کو واپسی

چینی سماج کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا جائے تو گزشتہ چند دہائیوں کے دوران، اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا اور پھر شہری علاقوں میں آباد ہونا بنیادی طور پر دیہی چینی خاندانوں کی طرف سے اپنی اولاد کے لئے بہترین راستہ سمجھا گیا ہے. جب دیہی تارک وطن مزدوروں نے بہتر مواقع کی تلاش میں شہری مراکز کا رخ کیا، تو انہوں نے فیکٹری یا تعمیراتی کام سے ہونے والی آمدنی کو اپنے خاندان کی مالی حالت کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کیا ہے۔ مزدوروں کی اس آمد نے شہری معیشت کی وسعت کو تیزی سے ہوا دی ہے۔لیکن دیہات سے شہر کی جانب منتقلی کے عمل میں چین اکیلا نہیں ہے بلکہ انسانی ترقی کی پوری تاریخ میں، شہرکاری اور صنعت کاری کے عمل میں دیہی زوال دنیا کو درپیش ایک عام چیلنج بن گیا ہے۔

آج ، چین کی معیشت ایک نئے نمو کے ماڈل کی جانب اپنی منتقلی کو تیز کر رہی ہے جو نئے دور میں اعلیٰ معیار اور بہتر ڈھانچے کی پیروی کرتی ہے۔ 2017 میں ، چین نے شہری اور دیہی علاقوں اور خطوں کے مابین عدم توازن کو دور کرنے کے لئے دیہی احیاء کی حکمت عملی پر عمل درآمد شروع کیا۔ چار سال بعد، چین نے اعلان کیا کہ اس نے غربت کے خلاف اپنی جنگ میں "مکمل فتح" حاصل کر لی ہے، اور دیہی احیاء کو وسیع پیمانے پر فروغ دینے کے ایک نئے سفر کا آغاز کیا۔
.
اس کامیابی کے ثمرات یوں برآمد ہوئے ہیں کہ دیہی علاقوں میں ٹیکنالوجی اور عوامی سہولیات کی فراہمی اور ملک کی پالیسی اسپورٹ اور مسلسل سرمایہ کاری کے ساتھ ، چین میں آبادی کے بہاؤ کا رجحان مخالف سمت میں جا رہا ہے ، مطلب لوگ اب شہر سے دیہی علاقوں کی جانب لوٹ رہے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ "نئے کسان" ،جنہیں نئے خیالات اور مہارتوں کے ساتھ اچھے تعلیم یافتہ نوجوان کہا جا سکتا ہے ، بڑے شہروں سے دیہی علاقوں میں منتقل ہونے لگے ہیں۔ ایسے افراد شہری اور دیہی علاقوں کو ایک دوسرے کے قریب لا رہے ہیں اور جدید حل کے ساتھ چیلنجوں سے نمٹ رہے ہیں۔

اس ضمن میں یہ نوجوان "نئے کسان" جدید کاشت کاری پر عمل پیرا ہیں اور زرعی کوآپریٹو منصوبوں کے تحت اپنے دیہی علاقوں میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں پیش پیش ہیں۔ زرعی مشینری اور آلات کی تحقیق اور ترقی کی بدولت کسانوں کو بااختیار بنانے اور زرعی مشقت کو بھی کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹم اور فائیو جی سگنل جیسی جدید ٹیکنالوجیز کی مدد سے مصنوعی ذہانت پر مبنی فارمنگ روبوٹس کھیتوں میں فصلوں کی بوائی اور کٹائی کے امور نمٹاتے ہیں ۔ کسان اب آسانی سے اپنے موبائل فون کے ساتھ وی چیٹ ایپ اکاؤنٹ پر لاگ ان کرسکتے ہیں اور ایک ایپ کے ذریعہ روبوٹ کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔روبوٹس کی آپریٹنگ اسپیڈ 3 سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جو ایک کسان کے لئے کئی دنوں کی مشقت کے برابر ہے۔یہاں اس بات کو بھی مدنظر رکھا جائے کہ جیسے جیسے چین کی آبادی کی عمر بڑھ رہی ہے، زراعت کی ڈیجیٹل تبدیلی مؤثر طریقے سے ملازمین کی کمی کو پورا کر رہی ہے۔نئی توانائی سے چلنے والے روبوٹس کی بدولت بوائی کی لاگت سمیت ، جڑی بوٹیوں کی کٹائی سے لے کر کھاد تک کے اخراجات میں کمی آئی ہے، جس سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔

چین میں ویسے بھی اس وقت دیہی احیاء کی ترقی جاری ہے ، انٹرنیٹ کا بنیادی ڈھانچہ تیزی سے دیہی علاقوں تک پھیل رہا ہے۔ 2022 کے اختتام تک چین کے دیہی انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 300 ملین سے تجاوز کر چکی تھی۔آج کا دیہی چین باقی دنیا سے پہلے سے کہیں زیادہ جڑا ہوا ہے ، جس سے دیہاتیوں کے لئے مقامی طور پر ملازمتیں تلاش کرنا اور دور دراز گاہکوں تک رسائی آسان ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ دیہی ای کامرس کے فروغ سے بھی کسانوں کو اپنی مصنوعات تیزی سے فروخت کرنے میں نمایاں مدد ملی ہے۔ مضبوط دیہی ای کامرس کے نتیجے میں، دیہی علاقوں میں چین کی آن لائن خوردہ فروخت 2023 میں 2.49 ٹریلین یوآن تک بڑھ گئی. دیہی فی کس ڈسپوزایبل آمدنی گزشتہ سال 21691 یوآن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.6 فیصد زیادہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ چینی حکام دیہی ای کامرس کے لئے اعلیٰ معیار کے ترقیاتی منصوبوں کو نافذ کرنے ، کاؤنٹی سطح پر ای کامرس براہ راست نشریاتی اڈوں کی تعمیر کو فروغ دینے اور دیہی مقامی خصوصیات کی آن لائن فروخت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں ۔ساتھ ساتھ، چین کے وسیع دیہی علاقوں میں لاجسٹک نیٹ ورک کو بھی مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے، کئی دیہی خطوں میں تین سطحی لاجسٹکس سسٹم کے ساتھ دیہی لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا گیا ہے۔ اب، دیہی علاقوں میں ڈلیوری کا عام دورانیہ تقریباً ایک ہفتہ سے کم ہو کر صرف دو یا تین دن رہ گیا ہے۔یوں چینی حکام کی جانب سے نوجوانوں کی مسلسل حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ گاؤں کے لئے نئے کاروباری ماڈل تیار کر سکیں اور دیہی احیاء کی کوششوں میں ایک مضبوط اور متحرک قوت بن کر ابھریں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 617170 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More