امریکہ اور پاکستان کی متوقع جنگ ------ غزوہ ہند

ایک بحری جہاز سمندر میں اپنے سفرپر رواں دواں تھا مسافر بڑے اطمینان سے سفر کررہے تھے اچانک سمندرمیں طوفانی ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں اور ایسی لہریں پیدا ہوئیں کہ جہاز کے ڈوبنے تک کا خطرہ پیدا ہوگیا ہر طرف چیخ وپکار پڑ گئی اور لوگ اپنی اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے اس گھبراہٹ اور افراتفری سے بے نیاز ایک مسافر ایک کونے میں حالت مراقبے میں بیٹھا ہواتھا اس نے ایک کمبل اُوڑھ رکھاتھا تمام مسافر اس کمبل پوش مسافرکے پاس آئے اور کہنے لگے کہ یہ کیسی عجیب بات ہے کہ ہم ہلاکت کے طوفان میں گھرے ہوئے ہیں اور سخت طوفانی ہواﺅں سے جہاز کے ڈوبنے کا خطرہ ہے اور آپ اطمینان سے سورہے ہیں اس کمبل پوش نے نظریں اُٹھا کر لوگوں کی طرف دیکھا او رپھر آسمان کی طرف چہرہ اُٹھاکے بولا
”اے اللہ ہم نے تیری قدر تِ کاملہ کو دیکھ لیا ہے اب اپنے فضل وکرم سے ہمیں معاف فرما “

اس مسافر کے منہ سے یہ الفاظ نکلنے کی دیر تھی کہ سمندر یک دم پرسکون ہوگیااور ہوائیں چلنا بند ہو گئیں لوگ حیرت سے اس مسافر کو دیکھتے ہوئے واپس اپنی اپنی جگہ پر چلے گئے ۔

یہ مسافر کوئی عام شخصیت نہ تھی وہ خدا کے برگزیدہ ولی حضرت ابراہیم ادھمؒ ؒتھے ۔

قارئین امریکہ پاکستان کے سر پر آج اس طرح کھڑا ہے جس طرح کبھی عراق اور کبھی افغانستان کے سر پر آکھڑا ہواتھا عراق اور افغانستان پر آتش وآہن کی برسات کرنے سے پہلے امریکہ بہادر نے اپنی سات آزادیوں کے نغمے گاتے ہوئے پوری عالمی برادری کو ان ممالک سے علیحدہ کیا تھا اور عالمی تنہائی کا شکار کرنے کے بعد ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جو ایک بھیڑیا کسی معصوم بھیڑ کے ساتھ کرتا ہے انکل سام نے امن کا دھوکا دے کر لاکھوں انسانوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا آج انکل سام تقریباً وہی گیم پلان لے کر میدان میں اتراہے پہلے مرحلے میں پاکستان کے دفاع کی علامت افواج پاکستان کو پاکستان کے رضا کار سپاہیوں قبائلی مجاہدین کے ساتھ لڑوایا گیا ،دوسرے مرحلے میں پاکستان کی تمام فوجی تنصیبات کو ”پراسرار خود کش حملوں اور کمانڈو ایکشن “کانشانہ بناکر الزام القاعدہ اور طالبان کے سر منڈھ دیا گیا اور تیسرے مرحلے میں ایبٹ آباد آپریشن کے دوران مافو ق الفطرت انسان ،کسی وقت کے ڈارلنگ آف امریکہ ”اسامہ بن لادن “کو پراسرار انداز میں ہلاک کیا گیا اور پوری دنیا کے سامنے پاکستانی خفیہ اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان کے ساتھ پیش کردیا گیا ۔

قارئین اب آخری مرحلے میں امریکہ نے پاکستان پر براہ راست الزامات کی بوچھاڑ کردی اور جنرل جیمز ،لیون پنیٹا ،جنرل پیٹریاس اور ہلیری کلنٹن سمیت پوری امریکی انتظامیہ پاکستان پر برس پڑی ہے امریکی الزامات کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ پاکستانی افواج اور تمام خفیہ ادارے بالخصوص آئی ایس آئی طالبان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور پاکستانی قبائلی علاقہ جات سے جو مجاہدین افغانستان جاکر امریکہ سے لڑرہے ہیں اور امریکی افواج کے لیے دردسر بن چکے ہیں انہیں آئی ایس آئی تربیت دے رہی ہے اور ان کی اکثریت کا تعلق ”حقانی نیٹ ورک “سے ہے حقانی نیٹ ورک بھی کسی دور میں امریکی محبتوں کا نشانہ ہوا کرتاتھا اور حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی اور امریکی صدر ریگن کی ملاقات وائٹ ہاﺅس میں ہوئی تھی جہاں انہیں انتہائی گرم جوشی کے ساتھ مہمان بنایا گیا تھا آج سراج الدین حقانی کی سربراہی میں اس نیٹ ورک کو افغانستان میں امریکی افواج کی شکست اور ہزیمت کا سبب قرار دیا جارہاہے امریکہ نے پاکستان پر واضح طور پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وزیر قبائل جن کی آدھی آبادی افغانستان اور آدھی آبادی پاکستانی قبائلی علاقہ جات میں رہتی ہے ان کی مکمل سرپرستی آئی ایس آئی کررہی ہے ۔

قارئین کئی کانگرس مین بھی اپنے فوجی قائدین اور وزیر خارجہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلاف بولنا شروع ہوچکے ہیں اور عالمی میڈیا میں پاکستان کو تنہاکرنے کے لیے پروپیگنڈا وار شروع کردی گئی ہے اس موقع پر پاکستان کے عظیم دوست ہمسایہ ملک چین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پوری دنیا کے سامنے اعلان کیا ہے کہ چین ہر مرحلے میں پاکستان کے ساتھ ایک چٹان بن کرکھڑاہے ابھی تک پچاس سے زائد اسلامی ممالک میں سے کسی ایک ملک کو بھی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ پاکستان کے حق میں کسی قسم کی بات کرے ایک چپ کا سناٹا تمام اسلامی دنیا کو اپنی لیپٹ میں لیے ہوئے ہے ۔

قارئین یہ سمجھ نہیں آتا کہ اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ نے جب واضح طور پر پوری امت کو بتا دیاہے کہ یہود ونصاریٰ کبھی بھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے تو اس کے باوجود ہمارے حکمران انہیں کی قدم بوسی کے لیے ہروقت مضطرب کیوں رہتے ہیں بقول شاعر
میر کیا سادہ ہیں بیمار ہوئے جس کے سبب
اُسی عطارکے لونڈے سے دوا لیتے ہیں

یہ بات طے ہے کہ احادیث کی کتب میں جس غزوہءہند کی خبر دی گئی تھی اس نے ایک دن برپا ہونا ہے ،دجال کا ظہور بھی ہوکر رہے گا اور امام مہدی بھی دنیا پر تشریف لاکر مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے کفارکو شکست دیں گے کاش رسول پاک ﷺکی احادیث مبارکہ میں دی گئی ان خبروں کا یقین ہمارے حکمران طبقے اور نام نہاد ترقی پسند پالیسی سازوں کو بھی آجائے اور وہ مغرب کی تقلید سے نکل کر اپنی اساس اوربنیاد قرآن وسنت سے اپنا رشتہ مضبوط کریں امریکہ یہ بات اچھی طرح سمجھ لے کہ وہ دن گزرگئے کہ جب پاکستانیوں کو ایک ٹشو پیپر کی طرح جب چاہے استعمال کرکے وہ ڈسٹ بن میں پھینک دیتا تھا آج امریکہ کا قبرستان اسے آواز دے رہا ہے اور وہ طاقت کے نشے میں پاکستان پر چڑھ دوڑنے کے خواب دیکھ رہا ہے امریکہ کسی بھول میں ہے اور بقول غالب ہم انتا کہیں گے ۔
دائم پڑا ہوا ترے در پر نہیں ہوں میں
خاک ایسی زندگی پہ کہ پتھر نہیں ہوں میں
کیوں گردش ِمدام سے گھبرانہ جائے دل
انسان ہوں پیالہ وساغر نہیں ہوں میں
حد چاہیے سزا میں عقوبت کے واسطے
آخر گناہگارہوں کافر نہیں ہوں میں

پاکستان کی تما م سیاسی قیادت نے وزیراعظم ہاﺅس میں امریکہ کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان نہ تو کرایے کا سپاہی ہے اور نہ ہی امریکہ کا نوکر ،اگر انکل سام چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات قائم رہیں تو آئندہ برابری کی سطح پرہی تعلقات قائم رہ سکتے ہیں امریکہ اپنی طاقت کے نشے میں پیدا ہونے والی غلط فہمیاں دور کرے پاکستان نہ تو عراق ہے اور نہ افغانستان ،پاکستان دنیا کی سب سے پہلی جوہری اسلامی قوت ہے اور یہ ایٹم بم پاکستانی قوم نے بقول ایک خوش مزاج پاکستانی سیاستدان شب برات پر چلانے کے لیے نہیں بنایا اگر امریکہ کے لیے آپشن کھلے ہیں تو پاکستانی قوم بھی تمام قسم کے چیلنجز کاسامنا کرنے کے لیے تیار ہے امریکہ یادرکھے کہ جب مسلمان جاگ جائے تو وہ اپنی موت کو زندگی سے زیادہ عزیز رکھتاہے اور شہادت کو اپنے رب کی رضا حاصل کرنے کا وسیلہ سمجھتاہے امریکہ باز آجائے اور کسی بھی قسم کی جارحیت سے پرہیز کرے ورنہ پاکستان تو انشاءاللہ ہمیشہ دنیا کے نقشے پر قائم رہنے کے لیے بنا ہے امریکہ کا وجود خطرے میں پڑجائے گا ۔

آخر میں حسب روایب لطیفہ پیش خدمت ہے
مالک نے گھر کے ملازم کو روتے ہوئے دیکھا تو پوچھا کیا ہوا کیوں رو رہے ہو
ملازم نے کہا کہ بیگم صاحبہ نے ماراہے
مالک ”لو یہ بھی کوئی رونے کی بات ہے تم نے مجھے کبھی روتے ہوئے دیکھا ہے ۔۔۔؟“

قارئین امریکہ ماضی کے قصے بھول جائے اب پاکستان بھی سمجھدار ہوچکاہے پاکستان کو برخوردار سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے اور برابری کی سطح پر بات کی جائے ۔۔
Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 374221 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More