ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی کا حق

ایک ایسے وقت میں جب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی گورننس کے حوالے سے عالمی سطح پر کہیں شدومد سے آوازیں بلند ہوئی ہیں اور عالمی جانچ پڑتال میں تیزی آئی ہے ، چین نے نمایاں تبدیلی کی حامل اس ٹیکنالوجی کو ایسے انداز سے آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے جو محفوظ ، قابل اعتماد ، فطری طور پر کنٹرولڈ اور منصفانہ ہو۔چین میں منعقدہ عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس (ڈبلیو اے آئی سی) میں جاری اعلامیے میں چین نے ترقی پذیر ممالک کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کی وکالت کرتے ہوئے اخلاقی اور ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی ترقی کو قانون، سلامتی، روزگار اور اخلاقی اخلاقیات جیسے شعبوں میں متعدد نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔شنگھائی آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیبارٹری کے حکام نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ "مصنوعی ذہانت سے وابستہ خطرات ڈیٹا لیک، رازداری اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزیوں سے لے کر غلط معلومات اور تعصب اور امتیازی سلوک جیسے اخلاقی مسائل تک پھیلے ہوئے ہیں۔ مزید یہ کہ، "روزگار میں اس کے ممکنہ خلل کے بارے میں بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔

چین کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ "اگرچہ مصنوعی ذہانت کے بارے میں نقطہ نظر مختلف ہوسکتا ہے، لیکن ایک اتفاق رائے واضح ہے کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ مصنوعی ذہانت ہمیشہ محفوظ اور تعمیری نتائج کے حصول کے لئے انسانی نگرانی کے تابع رہے، اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے دنیا بھر کے ممالک کی طرف سے مشترکہ نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔"

کانفرنس کے شرکاء نے عالمی مصنوعی ذہانت کی گورننس کے لئے چین کی پیش کردہ تجویز کی وسیع پیمانے پر حمایت کی۔ انہوں نے اس اہم تکنیکی پیش رفت سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کو مؤثر طریقے سے کم کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی اشد ضرورت پر اتفاق کیا۔شرکاء نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی جدت طرازی کی رفتار اور ذمہ دارانہ ترقی کی ضرورت کے درمیان توازن قائم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ "عالمی سطح پر مل کر کام کیا جائے"، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان قابل ذکر نئی صلاحیتوں کا ذمہ دارانہ طور پر اطلاق کیا جائے۔

کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کی گورننس سے متعلق مرکزی فورم سے خطاب کرتے ہوئے چینی حکام نے مصنوعی ذہانت کے وسائل پر اجارہ داری قائم کرنے، یکطرفہ طور پر قواعد وضع کرنے یا خارجی اتحاد تشکیل دینے کی کوششوں کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے دوسرے ممالک کی داخلی پالیسیوں میں کسی بھی بدنیتی پر مبنی مداخلت کی بھی مذمت کی۔ چین نے مصنوعی ذہانت کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی بھی سختی سے مخالفت کی اور اس کے سنگین نتائج سےخبردار کیا ۔

مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کے لئے چین کی وکالت نے اس بات کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے کہ ترقی پذیر ممالک عالمی مصنوعی ذہانت کے منظر نامے میں پیچھے نہ رہیں۔ اس کوشش میں ملک کی جانب سے شروع کردہ گلوبل اے آئی گورننس انیشی ایٹو اور اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی میں مصنوعی ذہانت کی استعداد کار بڑھانے کے لیے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد شامل ہے۔چین کا موقف بڑا واضح ہے کہ ہر ملک، چاہے وہ کسی بھی سائز، طاقت، دولت یا سماجی ڈھانچے سے قطع نظر، مصنوعی ذہانت کی منصفانہ ترقی اور اطلاق کا فطری حق رکھتا ہے، اس ضمن میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی اور اثر و رسوخ کو بڑھانا خاص طور پر اہم ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1267 Articles with 566121 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More