فزکس کا نام آتے ہی ذہن میں فوراً مشکل مساواتیں‘ بھاری بھرکم فارمولے اور الجھے ہوئے گراف آ جاتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ فزکس صرف بلیک بورڈ یا امتحانی پرچے تک محدود نہیںبلکہ ہمارے گھروں اور روزمرہ معمولات میں، ہر لمحہ ہمارے ساتھ چل رہی ہوتی ہے۔آئیں ذرا نظر ڈالیں کہ کس طرح فزکس ہر گھر کے چپے چپے میں موجود ہے اور بغیر جانے اسے کیسے ہم ہر روز اسے استعمال بھی کرتے ہیں۔
صبح کی سلامی... فزکس کے ساتھ! صبح الارم کی گھنٹی یا موبائل کا وائبریٹ ہونے سے آنکھ کھلتی ہے — یہ صرف ’’جاگنے‘‘ کا سگنل نہیں بلکہ ساؤنڈ ویوز اور مکینیکل انرجی کا عملی مظاہرہ ہے!کھڑکی سے چھن چھن کر آتی سورج کی کرنیں ‘ یہ ریفرکشن یعنی روشنی کا مڑ کر اندر آنا ہے ۔
باورچی خانہ ‘ جہاں ہر ہنڈیا فزکس میں پک رہی ہے! جب آپ پانی اُبالتے ہیں، یا چائے کا پانی جوش آتا ہے، وہ ہیٹ ٹرانسفر کی عمدہ مثال ہے۔
پریشر ککر‘فزکس کہتی ہے‘ دباؤ بڑھاؤ‘ کھانا جلدی پکاو! بلینڈر کے گھومتے بلیڈ بجلی سے چلنے والی موٹر کا کمال ہیں ‘یہ ہے ہماری روزمرہ کی الیکٹرو میگنیٹزم!
بجلی کا جادو ‘ فزکس کی زبان میں! پنکھے کی ٹھنڈی ہوا‘ بلب کی چمک یا انورٹر کی بیٹری ‘ سب کچھ الیکٹریکل انرجی کی مختلف شکلیں ہیں۔ فزکس کہتی ہے‘‘ توانائی ضائع نہیں ہوتی، بس روپ بدل لیتی ہے!‘‘
آئینہ‘ سایہ اور روشنی کا کھیل Èئینے میں اپنا چہرہ دیکھنا ہو یا دیوار پر بنتا سایہ ‘ یہ سب ریفلیکشن اور آبجیکشن کی خوبصورت مثالیں ہیں۔ فزکس آپ کو ہر عکس میں نظر آتی ہے!
فریج کی مقناطیسی دنیا جب آپ فریج کا دروازہ بند کرتے ہیں تو وہ مقناطیسی پٹی سے چپک جاتا ہے تاکہ ٹھنڈک برقرار رہے۔ بچوں کے کچھ کھلونے‘ اسپیکرز ‘ سب میں چھپی ہوتی ہے مقناطیسی قوت۔
نل سے بہتا پانی بھی فزکس! جب نل یا شاور کھولیں، تو پانی پریشر اور گریویٹی کے اصولوں کے تحت باہر آتا ہے۔جب موٹر بند ہو جائے تو دباؤ کم ہو جاتا ہے۔ یہی ہے فزکس کی حرکت!
وائرلیس جادو ‘ نظر نہ آنے والی فزکس ٹی وی کا ریموٹ جب بغیر تار کے چینل بدلتا ہے تو انفراریڈ سگنلز اپنا کام دکھا تے ہیں۔وائی فائی؟ ریڈیو ویوز کا جال ‘ جو انٹرنیٹ کو ہر کونے تک پہنچاتا ہے۔
حرکت‘ رگڑ اور فورس یہ سب ہم روز کرتے ہیں! دروازہ کھولنے کیلئے جو زور لگاتے ہیں وہ قوت ہے۔ صوفہ کھینچتے ہوئے جو رگڑ محسوس ہوتی ہے وہ فرکشن ہے۔ اگر پہیے ہوں تو فزکس فوراً کہتی ہے‘ اب کام آسان! گرمی ہو یا ٹھنڈک ‘ سب میں چھپی ہے فزکس فریج اور اے سی‘ دونوں تھرموڈائنامکس کے اصولوں پر کام کرتے ہیں ‘اندر سے گرمی نکال کر باہر پھینکتے ہیں تاکہ ٹھنڈک قائم رہے۔
واشنگ مشین ‘ روز کی سائنس واشنگ مشین کپڑوں کو سینٹری پیٹل فورس سے گھما کر صاف کرتی ہے۔ اس میں موٹر‘پانی کا دباؤ اور رفتار تینوں کا تال میل ہوتا ہے۔
فزکس کوئی غیر دلچسپ مضمون نہیں بلکہ ایک جادو ہے جو ہماری زندگی میں ہر لمحہ موجود ہے۔ پنکھے کی ہوا‘ چائے کی بھاپ‘ روشنی کی کرن سب کہتی ہیں’’ہم صرف نظر آتے نہیں‘ فزکس کی زبان بولتے ہیں!‘‘ ہر پنکھے کی ہوا‘ ہر چائے کی خوشبو اور ہر روشنی کی کرن ہمیں بتاتی ہے کہ زندگی کے ہر لمحے میں فزکس ہمارے ساتھ ہے۔ آئیں فزکس کو صرف پڑھیں نہیں بلکہ جئیں!
|