چین کی آئندہ ترقیاتی سمت

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی 20 ویں سینٹرل کمیٹی نے حال ہی میں بیجنگ میں منعقدہ اپنے تیسرے کل رکنی اجلاس میں چین کی جدیدکاری کو آگے بڑھانے کے لئے اصلاحات کو مزید گہرا کرنے سے متعلق ایک قرارداد منظور کر لی۔اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق جامع اصلاحات کو مزید گہرا کرنے کے مجموعی مقاصد میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم نظام میں تسلسل سے بہتری اور ترقی لانا اور چین کے نظام اور حکمرانی کی صلاحیت کو جدید بنانا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 2035 تک، ملک میں ہر لحاظ سے ایک اعلیٰ معیار کی سوشلسٹ مارکیٹ اکانومی کی تعمیر مکمل کی جائے گی ، چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، عمومی نظام اور حکمرانی کی صلاحیت کو جدید بنایا جائے گا، اور بنیادی طور پر سوشلسٹ جدیدیت کا ادراک کیا جائے گا۔ یہ سب اقدامات اس صدی کے وسط تک چین کو ہر لحاظ سے ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک بنانے کے لئے ایک ٹھوس بنیاد رکھیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قرارداد میں طے شدہ اصلاحاتی کام 2029 میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 80 ویں سالگرہ تک مکمل کر لیے جائیں گے۔اس حوالے سے مرکزی کمیٹی نے اصلاحات کو مزید گہرا کرنے کے لئے منظم منصوبہ بندی کی ہے۔ یہ کہا گیا ہے کہ ایک اعلیٰ معیار کی سوشلسٹ مارکیٹ معیشت کی تعمیر میں، مارکیٹ کے کردار سے بہتر فائدہ اٹھایا جانا چاہئے، ایک منصفانہ اور زیادہ متحرک مارکیٹ ماحول کو فروغ دیا جانا چاہئے اور وسائل کی تقسیم کو زیادہ سے زیادہ موثر اور پیداواری بنایا جانا چاہئے. اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹ پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں گی جبکہ مارکیٹ میں نظم و نسق کو بہتر طور پر برقرار رکھنے اور مارکیٹ کی ناکامیوں کے ازالے کے لیے موثر ریگولیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

اعلامیے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سپلائی سائیڈ اسٹرکچرل اصلاحات کو گہرا کرنے، اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ترغیب اور رکاوٹوں سے پاک میکانزم کو بہتر بنانے اور ترقی کے حصول کے لیے نئے محرکات اور طاقتیں پیدا کرنے پر زور دیا گیا۔یہ عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ مقامی حالات کے مطابق نئی معیار کی پیداواری قوتوں کو فروغ دینے، حقیقی معیشت اور ڈیجیٹل معیشت کے درمیان مکمل انضمام کو فروغ دینے، خدمات کے شعبے کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور صنعتی اور سپلائی چین کی لچک اور سلامتی کو بڑھانے کے لئے اداروں اور میکانزم کو بہتر بنایا جائے گا۔ہمہ جہت جدت طرازی کی حمایت کرتے ہوئے تعلیم میں جامع اصلاحات، ساختی سائنسی اور تکنیکی اصلاحات اور ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔

اعلامیے میں میکرو اکنامک گورننس کو بہتر بنانے کے لیے معیشت، ٹیکس، مالیاتی اور دیگر بڑے شعبوں میں مربوط اصلاحات پر زور دیا گیا اور قومی اسٹریٹجک پلاننگ سسٹم اور پالیسی کوآرڈینیشن میکانزم کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ میکرو پالیسی اورینٹیشن کے تسلسل کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق مربوط شہری اور دیہی ترقی کے حوالے سے سی پی سی کو شہروں اور دیہی علاقوں کے درمیان مساوی تبادلوں اور پیداواری عوامل کے دو طرفہ بہاؤ کو فروغ دینا ہوگا تاکہ دونوں کے درمیان عدم مساوات کو کم کیا جاسکے اور ان کی مشترکہ خوشحالی اور ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ زمین کے نظام میں اصلاحات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی "ادارہ جاتی کھلے پن" کو مسلسل وسعت دے گی، غیر ملکی تجارت کی ساختی اصلاحات کو گہرا کرے گی، اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کے لئے انتظامی نظام میں مزید اصلاحات کرے گی، علاقائی کھلے پن کے لئے منصوبہ بندی کو بہتر بنائے گی، اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت اعلیٰ معیار کے تعاون میکانزم کو بہتر بنائے گی۔عوامی جمہوریت کو فروغ دینے کے بارے میں اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ سیاسی ترقی کی راہ پر مضبوطی سے قائم رہنا ہوگا اور اپنے ملک کے بنیادی اور اہم سیاسی نظام کو برقرار رکھنا اور بہتر بنانا ہوگا۔

قانون کی حکمرانی کے حوالے سے مطالبہ کیا گیا کہ آئین پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس کے اختیار کو برقرار رکھا جائے، ٹھوس قانون سازی، قانون پر عمل درآمد ، انصاف کی فراہمی اور قانون کی پاسداری کو فروغ دینے کے لیے اصلاحات کو مربوط کیا جائے اور قانون کی نظر میں سب کے مساوی ہونے کو یقینی بنانے کے لیے میکانزم کو بہتر بنایا جائے۔اعلامیے میں ثقافتی اعتماد کو فروغ دینے اور جدید سوشلسٹ ثقافت کو فروغ دینے، انقلابی ثقافت کو فروغ دینے اور عمدہ روایتی چینی ثقافت کو آگے بڑھانے کے لئے کام کرنے پر زور دیا گیا۔عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا، طبی اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں مزید اصلاحات کی جائیں گی، اور آبادی کی ترقی اور متعلقہ خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔

ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا، کاربن میں کمی، آلودگی میں کمی، ماحول دوست ترقی اور معاشی ترقی کے لیے مربوط نقطہ نظر اپنانا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کا فعال طور پر جواب دینا ہوگا اور اس اصول کو لاگو کرنے کے لیے نظام اور میکانزم کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا کہ "صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں"۔قومی سلامتی کے بارے میں اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کو قومی سلامتی کے حوالے سے ایک جامع نقطہ نظر کا مکمل اطلاق کرنا چاہیے، قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اداروں اور میکانزم کو بہتر بنانا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اعلیٰ معیار کی ترقی اور زیادہ سے زیادہ سلامتی ایک دوسرے کو مضبوط بنائیں، تاکہ طویل مدت میں ملک کے استحکام اور سلامتی کا مؤثر طریقے سے تحفظ کیا جا سکے۔قومی دفاع کے حوالے سے اعلامیے میں پیپلز لبریشن آرمی پر پارٹی کی مطلق قیادت کو برقرار رکھنے اور اصلاحات کے ذریعے فوج کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا گیا تاکہ 2027 میں پیپلز لبریشن آرمی کے صد سالہ اہداف کے حصول اور قومی دفاع اور مسلح افواج کو بنیادی طور پر جدید بنانے کے لیے مضبوط ضمانت فراہم کی جا سکے۔

اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ چین کی جدیدکاری پرامن ترقی کی جدید کاری ہے۔ خارجہ تعلقات میں چین امن کی آزاد خارجہ پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس کے رہنما اصولوں کا مطالعہ اور ان پر عمل درآمد عہد حاضر اور آئندہ عرصے میں پوری پارٹی اور قوم کے لیے ایک بڑا سیاسی کام ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1215 Articles with 502197 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More