طلبہ سیاست سے امیدیں

بنگلہ دیش میں طلبہ احتجاج کے بعد پاکستان میں بھی بہت سے سیاسی لوگ طلبہ کو جوش دلا رہے ہیں کہ وہ باہر نکلیں اور ملک میں تبدیلی کے لیے جدوجہد کریں طلبہ کو وہ لوگ اکسا رہے ہیں جو خو سیاسی میدان میں ڈنڈے سوٹے کھا کر اب احتجاج کی سیاست کو ترک کرکے طالبعلموں سے انقلاب کی امید لگائے بیٹھے ہیں ہماری طلبہ سیاست بھی سیاست دانوں کے گرد گھومتی رہی ہے اور اب بھی گھوم رہی ہے ایک وقت تھا جب طلبہ قیادت موجود ہوتی تھی اور ان میں جوش و ولولہ بھی ہوتا تھا وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے حکمرانوں نے طلبہ سیاست میں تشدد کا رنگ بھر دیا غنڈوں ،رسہ گیروں اور بدمعاشوں کو طلبہ یونین کا صدر بنادیا گیا جو خود بھی لوٹ مار کرتے اور اپنے سیاسی رہنماؤں کے کام بھی کرتے طلبہ سیاست میں بڑے بڑے نام سامنے آئے جنہوں نے ایک عرصہ غنڈہ گردی کی وجہ سے حکمرانوں کے ساتھ ملکر حکمرانی کی ان کے شر سے کوئی بھی محفوظ نہیں تھا ہوٹلوں سے مفت کھانے اور جگا ٹیکس عام ہونے کی وجہ سے کوئی بھی کاروباری ان سے محفو ظ نہیں تھا اور پھر ان طلبہ یونین کے بدمعاشوں کا جو حشر ہوا وہ بھی سب کے سامنے ہے یہاں تک نوبت اس لیے پہنچی کہ سیاستدانوں نے طلبہ یونین میں اپنے بندے صدر بنائے جن کا تعلیم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی طلبہ مسائل کے ساتھ وہ جن کے ایجنڈے پر آتے تھے انہی کے لیے کام کرتے تھے اور پھر جب ان بدمعاشوں نے ہماری بلی ہمیں ہی میو والی پالیسی پر عمل شروع کیا تو پھر انہیں پولیس مقابلوں میں مروا دیا گیا جسکے بعد ایک لمبے عرصے تک طلبہ یونین میں خاموشی چھاگئی اور اس خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں نے خانہ پوری کے لیے ان افراد کو طلبہ یونین کا صدر بنا دیا جن کو تعلیم سے دور ہوئے کئی دھائیاں بیت چکی ہیں اور وہ لوگ ابھی تک طلبہ سیاست پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں ایسے افراد جان پوبج کر طلبہ سیاست میں لائے گئے تاکہ طالبعلموں کی سیاست میں مکمل شمولیت ختم ہوسکے ہمارے آج کے بہت سے ایسے سیاسی رہنماؤں جو کئی کئی بار وزیر رہ چکے ہیں کا آغاز طلبہ سیاست سے ہوا تھا اور تو اور قیام پاکستان سے پہلے ایم ایس ایف نے پاکستان کی آزادی میں بھر پور حصہ لیا تھا لیکن آج دو ایم ایس ایف بنی ہوئی ہیں اور انکے صدر وہ ہیں جنہیں سکول ،کالج اور یونیورسٹی چھوڑے ہوئے کئی سال گذر چکے ہیں لیکن وہ لوگ آج بھی طلبہ یونین پر قابض ہیں اس وقت ملک بھر میں کوئی طلبہ یونین اپنا کوئی مقام نہیں رکھتی بلکہ ان میں بھی قبضہ گروپ ہی قابض ہیں مگر اب کچھ عرصہ سے پاکستانی کی وہ نوجوان نسل جو کالجز اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہے طلبہ یونین پر سے پابندی اٹھانے کی باتیں کررہے ہیں پاکستان کی 66% آبادی اس وقت 30 سال سے کم عمرکے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور تقریباً صرف 5% آبادی کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے جو اپنی زندگی کے دکھ اور سکھ دیکھ چکے ہیں ان میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ہر کام میں اﷲ کی رضا سمجھ کر خاموشی سے ہر جبر ،تکلیف اور دکھ برداشت کرتے آئے ہیں کچھ نے ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائی اور آگے سے بھر پور تسلی کے بعد وہ بھی توبہ تائب ہوکر کھولہو کے بیل بن گئے لیکن ہماری آج کی نوجوان نسل اپنے ساتھ ہونے والی ہر زیادتی کا ازالہ چاہتی ہے ظلم اور زیادتی کو برداشت نہیں کرتی کیونکہ انہیں جو شعور اب آچکا ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھا مگر وہ بھی اس حد تک نہیں پہنچ پایا کہ طلبہ اپنے حقوق کے لیے سامنے آسکیں اس لیے سیاستدانوں کی ان سے امیدیں فلحال تو پوری ہونے والی نہیں ہیں کیونکہ اس وقت ہمارے ملک میں جو دھرا نظام تعلیم چل رہا ہے اس پر آج تک طلبہ نے آواز نہیں آٹھائی فیسوں میں اضافے پر طلبہ نے خاموشی نہیں توڑی اور تو اور پڑھنے کے بعد جب نوکری کی باری آتی ہے تو وہاں پر سفارشی لوگ آجاتے ہیں اس پر کسی طالبعلم نے آواز نہیں آٹھائی تو اب مارپیٹ اور ڈنڈے کی سیاست کے سامنے کونسی طلبہ یونین ٹھہر سکے گی کوئی بھی نہیں اگر ہم اپنے تعلیمی نظام کا جائزہ لیں تو سرکاری تعلیمی نظام کو اس وقت تین بڑے مسائل درپیش ہیں اول ملک کے اندر اساتذہ اور سکولوں کی کمی ہے پاکستان میں تقریباً 33% بچے سکول نہیں جا رہے ہیں، اور یہاں تک کہ وہ بھی جو کلاس روم میں حقیقی استاد نہیں ہیں۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارا تعلیمی نظام 30 سال سے زیادہ پرانا ہے زیادہ تر سرکاری سکولوں میں استعمال ہونے والی نصابی کتابیں 1980 کی دہائی میں لکھی گئی تھیں اور دنیا کہا سے کہاں پہنچ چکی اور ہماری صورتحال یہ ہے کہ ہمارے پی ایچ ڈی ڈاکٹر بھی بانجھ ہیں جو تخلیقی صلاحیتوں سے فارغ ہیں ایسے لوگ صرف اپنے نام کے ساتھ ڈاکٹر یا تنخواہ میں اضافہ کے لیے پی ایچ ڈی کرلیتے ہیں ہمارے پاس جتنے بھی پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہیں آپ انکی تخلیقی صلاحیتوں کا اندازہ خود لگاسکتے ہیں کہ وہ ملک و قوم کے لیے کتنے فائدہ مند ہیں یا پھر عوام پر بوجھ ہیں ۔تیسرے نمبر پر ہمارے نجی اور سرکاری تعلیمی نظام میں واضح فرق ہے ملک میں دس فیصدلوگ اپنے بچوں کو اردو کے بجائے انگریزی بولنے والے نجی اسکولوں میں بھیجتے ہیں اور نجی تعلیمی نظام سے نکلنے والے زیادہ تر بچے اپنے اردو بولنے والے ہم منصبوں کو مسترد کرتے ہیں یہ ایک واضح تفریق پیدا ہوچکی ہے جو نفرت کی دیواریں کھڑی کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کر پارہی اسکے برعکس ہمارے تعلیمی نظام سے باہر آنے والے طلباء کے لیے پاکستان میں نوکریوں کا برا ہی حال ہے 2008 میں بے روزگاری کی شرح کا تخمینہ 24.67 فیصد تھاجس میں اب بہت حد تک اضافہ ہوچکا ہے اسکے علاوہ تقریباً 85% پاکستانی روزانہ صرف 4 ڈالر کماتے ہیں جو کہ پاکستان میں کالج گریجویٹس کے لیے کوئی پرکشش امکان نہیں ہے اور اب رہی سہی کسر انٹرنیٹ کی سست سپیڈ نے پوری کردی ہے جسکی وجہ سے پاکستان سے بہت سی کمپنیاں بند ہوگئی ہیں پاکستان کی سٹوڈنٹ فیڈریشنز کو سیاسی، مذہبی، نسلی، قوم پرست اور فرقہ وارانہ اختلافات میں بھی جھونکا گیا جسکی وجہ سے وہ اپنے اصل مقاصد سے ہٹ کر ختم ہوگئی کیونکہ انہی لڑائیوں کی وجہ سے ہر سال کئی طلباء جسمانی تصادم میں مر بھی جاتے تھے ملک میں اس وقت جوطلبہ تنظیمیں کام کرہی ہیں ان کی تفصیل اگلی قسط میں لکھوں گا کہ کس طلبہ یونین کی بنیاد کب اور کس نے رکھی اور پھر انکے مقاصد کیا تھے ۔


 

rohailakbar
About the Author: rohailakbar Read More Articles by rohailakbar: 835 Articles with 638944 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.