چین میں 01 ارب سے زائد آن لائن صارفین

چین میں انٹرنیٹ کی ترقی سے متعلق حال ہی میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال جون تک ملک میں آن لائن افراد کی تعداد تقریباً 1.1 ارب تک پہنچ گئی ہے جو 2023 کے اختتام کے مقابلے میں 7.42 ملین زیادہ ہے۔چائنا انٹرنیٹ نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق جون کے آخر تک چین میں انٹرنیٹ کی رسائی 78 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ملک کی انٹرنیٹ انڈسٹری نے سال کی پہلی ششماہی میں مضبوط ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے والے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ، ملک کی ڈیجیٹل معیشت کی تیز رفتار ترقی سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

ڈیجیٹل کھپت میں اضافے سے جنوری سے جون کی مدت کے دوران گھریلو طلب کو بڑھانے میں مدد ملی ہے۔ اس عرصے کے دوران ملک کی آن لائن خوردہ فروخت سال بہ سال 9.8 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 7.1 ٹریلین یوآن (تقریبا 995.7 ارب ڈالر) رہیں۔رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران چین میں 50 لاکھ سے زائد آنے والے زائرین نے موبائل ادائیگیوں کا استعمال کیا جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 400 فیصد زیادہ ہے۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب چین نے ایسے غیر ملکی مسافروں کے لیے ادائیگی کی مشکلات سے نمٹنے کی کوششیں تیز کی ہیں جو لین دین کے لئے بینک کارڈز یا نقد رقم پر انحصار کرتے ہیں ، جبکہ موبائل ادائیگی کی عادات چین میں غالب ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی تک انٹرنیٹ پروٹوکول ورژن 6 (آئی پی وی 6) کے فعال صارفین کی تعداد 764 ملین تک پہنچ گئی، موبائل نیٹ ورک آئی پی وی 6 ٹریفک کا شیئر 64.5 فیصد تھا، جبکہ پرائمری کمرشل ویب سائٹس اور موبائل انٹرنیٹ ایپلی کیشنز میں آئی پی وی 6 کی سپورٹ ریٹ 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ چین ایک دہائی سے دنیا میں سب سے زیادہ ٹاپ لیول "ڈومین نیمز "کا حامل ملک ہے ، اور جون کے آخر تک 31.8 ملین سے زیادہ ڈومین نیمز درج تھے ، جس میں "سی این" کنٹری کوڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد 19.5 ملین سے زیادہ تھی ، جو مجموعی طور پر 61 فیصد ہے۔

چینی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملک کے انٹرنیٹ کے بنیادی وسائل کی مسلسل افزودگی نے نیٹ ورک کی فراہمی کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے، صارفین کے منظرنامے کو وسیع کیا ہے، تکنیکی جدت طرازی اور صنعتی اپ گریڈنگ کو فروغ دیا ہے، انٹرنیٹ صنعت کی صحت مند ترقی کے لئے زیادہ ٹھوس بنیاد رکھی ہے، اور اعلیٰ معیار کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے مضبوط حوصلہ افزائی کی ہے.

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 7.42 ملین نئے انٹرنیٹ صارفین میں اکثریت 10 سے 19 سال کی عمر کے نوجوانوں کی تھی، جس میں نئے انٹرنیٹ صارفین کا 49 فیصد اس عمر کے افراد تھے۔تاہم، 50 سے 59 سال کی عمر کے افراد نئے صارفین کی کل تعداد کا 15 فیصد سے زیادہ تھے، جبکہ 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے گروپ کا شیئر 20 فیصد رہا، جس سے اس بات پر روشنی پڑتی ہے کہ کس طرح زیادہ سے زیادہ بزرگ آن لائن آگے بڑھ رہے ہیں اور نئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو شوق سے اپنا رہے ہیں.

یہ امر بھی دلچسپ ہے کہ صارفین کی عادات اور فوری پیغام رسانی کی خدمات کے استعمال کے حوالے سے 37 فیصد سے زائد نئے انٹرنیٹ صارفین شارٹ ویڈیو ایپس کے ذریعے آسانی سے قابل رسائی تفریح کی طرف راغب ہوئے ہیں۔مجموعی طور پر کل انٹرنیٹ صارفین میں سے 95 فیصد سے زیادہ شارٹ ویڈیو صارفین ہیں۔شارٹ ویڈیو ایپلی کیشنز کے بڑھتے ہوئے نئے صارفین کی وجہ متعلقہ پلیٹ فارمز کی جانب سے صارفین کی سہولت، متنوع مواد اور اپنی مرضی کے مطابق الگورتھمک انتخاب وغیرہ جیسے امور ہیں.یہ بھی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں ، شارٹ ویڈیو پلیٹ فارمز ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے ، زیادہ متنوع مواد اور آسان آپریشنز فراہم کرکے ڈیجیٹل خلا کو کم کرنے میں مدد کریں گے ، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ڈیجیٹل دور کی سہولت سے لطف اندوز ہوسکیں۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1387 Articles with 662807 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More