چین سالانہ ترقیاتی ہدف کے حصول کے لیے پُراعتماد

چین نے حال ہی میں واضح کیا کہ وہ اپنے سالانہ شرح نمو کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پُراعتماد ہے، جبکہ مستحکم اور صحت مند معاشی نمو کو برقرار رکھنے کے لئے نئی معاون پالیسیوں پر غور کر رہا ہے.مینوفیکچرنگ سیکٹر میں پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس میں تیزی، سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی اور حال ہی میں سامنے آنے والی توسیعی پالیسیوں کے نفاذ کے بعد مارکیٹ صورت حال میں بہتری آئی ہے۔
علاوہ ازیں، چین کی اقتصادی ترقی کا بنیادی رجحان تبدیل نہیں ہوا ہے، اور مارکیٹ کی وسیع صلاحیت اور مضبوط معاشی لچک جیسے سازگار حالات بھی بدستور موجود ہیں۔چین کے مالیاتی حکام نے حالیہ دنوں ہی معاشی بحالی کو فروغ دینے کے لیے توسیعی پالیسی پیکج کا اعلان کیا تھا۔ ان پالیسی اقدامات میں بینکوں کے لئے ریزرو کی ضرورت کے تناسب کو کم کرنا اور گھروں کے لئے رہن کی شرح کو کم کرنا ، نیز کیپٹل مارکیٹ کو فروغ دینے کے لئے نئے مانیٹری پروگرام متعارف کروانا شامل ہیں۔

اس سے قبل کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے ایک اجلاس میں ملک میں سالانہ اقتصادی اور سماجی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے توسیعی پالیسیوں کو نافذ کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا گیا تھا۔توسیعی پالیسیوں کے حال ہی میں سامنے آنے والے پیکیج کو کاؤنٹر سائیکلیکل میکرو پالیسی ایڈجسٹمنٹ کو مضبوط بنانے ، مؤثر گھریلو طلب کو بڑھانے ، کاروباری اداروں کی مدد کرنے کی کوششوں میں اضافہ کرنے ، رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو مستحکم کرنے اور کیپٹل مارکیٹ کو فروغ دینے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ان پالیسیوں میں معاشی ترقی کے معیار کو بہتر بنانے، حقیقی معیشت اور کاروباری اداروں کی صحت مند ترقی کی حمایت اور اعلیٰ سطح کی سلامتی کے ساتھ اعلیٰ معیار کی ترقی کو متوازن کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

ان اقدامات کی روشنی میں معاشی ترقی کے لئے سازگار اصلاحاتی اقدامات کا ایک سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ان اصلاحات میں ایک متحد قومی مارکیٹ کی تعمیر کے لئے رہنما خطوط کی تشکیل، مارکیٹ تک رسائی کے لئے ایک نئی منفی فہرست اور مستقبل کی صنعتوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے میکانزم شامل ہیں.مزید برآں چین، غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے والی صنعتوں کی فہرست میں توسیع کرے گا، بڑے غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے ایک نئے گروپ کا اعلان کرے گا اور اپنی ویزا فری ٹرانزٹ پالیسیوں کو مزید کھلا بنائے گا۔

اسی طرح توسیعی پالیسیوں کا مقصد گھریلو کھپت اور سرمایہ کاری کی طلب کو بڑھانا بھی ہے۔ملک کے کنزیومر گڈز ٹریڈ ان پروگرام کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے ، مسافر کاروں کی فروخت میں تیزی سے بہتری آئی ہے اور برقی گھریلو آلات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔متعلقہ پالیسیوں کو اجناس کی کھپت میں مسلسل اضافے کے لئے مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

سرمایہ کاری کے محاذ پر، اہم قومی حکمت عملیوں کو نافذ کرنے اور کلیدی شعبوں میں سیکورٹی کی صلاحیت بڑھانے کے لئے بہتر سرمایہ کاری کے شعبوں کے ساتھ اگلے سال بھی انتہائی طویل خصوصی ٹریژری بانڈز جاری کیے جائیں گے۔اس ضمن میں 200 بلین یوآن (تقریباً 14.14 بلین امریکی ڈالر) مالیت کے سرمایہ کاری منصوبے جو اگلے سال کے منصوبوں میں شامل ہیں، اس سال پیشگی جاری کیے جائیں گے تاکہ ابتدائی کام اور تعمیر کو تیز کرنے میں مقامی حکومتوں کی مدد کی جاسکے۔ساتھ ساتھ چینی حکام معیشت کی مستحکم نمو، ساختی بہتری اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے بروقت نئی پالیسیوں کا مطالعے بھی جاری رکھیں گے۔معاشی صورتحال میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھی جائے گی، پالیسی نفاذ کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، اور زیادہ معاون پالیسیوں پر تحقیق اور پالیسی کے اختیارات کو برقرار رکھا جائے گا۔

یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ چینی معیشت پہلی تین سہ ماہیوں میں ہونے والی پیش رفت کے ساتھ مجموعی طور پر مستحکم نمو کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔اس تناظر میں توسیعی پالیسیوں کے اثرات بتدریج سامنے آنے کے ساتھ ، چین کی معاشی قوت کو مزید فروغ ملے گا ، مارکیٹ کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا ، اور اعلیٰ معیار کی ترقی اور مستحکم معاشی آپریشن کی بنیاد کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1370 Articles with 636784 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More