زندگی کا مقصد: دوسروں کے لیے کچھ چھوڑ جانا

زندگی ایک سفر ہے جس میں وقت کی قیمت بے حد ہے، اور ہمارا ہر لمحہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ انسان کی اصل عظمت اس میں نہیں ہے کہ وہ کتنی کامیابیاں حاصل کرتا ہے، بلکہ اس میں ہے کہ وہ کتنی زندگیوں کو بہتر بنا سکتا ہے۔ اس کا اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ وہ کچھ ایسا چھوڑ جائے جو اس کی موجودگی کی گواہی بنے، تاکہ وہ جسمانی طور پر نہ ہونے کے باوجود بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے۔

کچھ پل ایسے گزارنا چاہیے جو صرف دوسروں کے لیے ہوں، یعنی وہ وقت جو صرف دوسروں کی خوشی، سکون اور راحت کے لیے مختص ہو۔ یہ وہ لمحات ہیں جو نہ صرف ان کی زندگیوں میں بہتری لاتے ہیں بلکہ ہماری اپنی روح کو بھی سکون دیتے ہیں۔ کسی کی مدد کرنا، ان کے دکھوں میں شریک ہونا، یا ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا—یہ سب عمل انسان کو اپنے مقصد سے قریب تر کرتے ہیں۔

دوسری جانب، کچھ لمحے اپنے لیے بھی گزارنے ضروری ہیں، تاکہ ہم اپنے اندر کی سکون کی تلاش کریں، اپنی حقیقت کو جانیں اور پھر اس سکون کے ساتھ دوسروں کی مدد کرنے کی طاقت حاصل کریں۔ یہ توازن انسان کو اپنی ذات کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے اور اس کی توانائی کو مثبت طریقے سے دوسروں کی خدمت میں لگانے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔

زندگی میں ایسا کچھ ضرور چھوڑ جانا چاہیے جو لوگوں کے لیے ہماری موجودگی کا نشان بنے۔ یہ وہ عمل ہے جو ہمارے بعد بھی زندہ رہے، چاہے وہ محبت ہو، علم ہو یا کوئی اور نیک عمل۔ جب ہم اپنے کاموں سے دوسروں کی زندگیوں میں بہتری لاتے ہیں، تو ہمارا اثر اس سے کہیں زیادہ گہرا ہوتا ہے جتنا ہم سوچ سکتے ہیں۔

ایسا کچھ کرنے کا مقصد صرف دنیا کی تعریف نہیں، بلکہ ایک ایسا ورثہ چھوڑنا ہے جو ہمیشہ کے لیے صدقہ جاریہ بنے۔ یہ وہ اثر ہے جو ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہماری زندگی کا مقصد صرف خود کو خوشحال کرنا نہیں، بلکہ دوسروں کی زندگیوں میں بھی سکون اور آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

 

Aliya Tariq
About the Author: Aliya Tariq Read More Articles by Aliya Tariq: 12 Articles with 2400 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.