آج ڈائری کے اوراق پلٹنے کی جسارت کی تو ایک خط سامنے آیا
جو گزشتہ سال لکھا گیا تھا۔ یہ خط پاکستان کے معروف شاعر، بے مثال مزاح
نگار اورعظیم استاد جناب انور مسعود کے نام تحریر کیا گیا ۔ خط میں ان کی
ادبی خدمات، منفرد اندازِ بیان اور پنجابی زبان و ادب کی ترویج کے لیے ان
کی گراں قدر کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ انور مسعود صاحب کی
تخلیقات نے قارئین کے دلوں میں مسکراہٹیں بکھیرنے کے ساتھ ساتھ گہرے فکر و
شعور کو بھی اجاگر کیا۔ آپ بھی ملاحظہ فرمائیں:
محترم استادِ ظرافت، انور مسعود صاحب،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،
آپ کی خدمت میں ڈاکٹر نامعلوم (Dr. Anonymous) کی طرف سے سلامِ عقیدت اور
آداب ۔آپ کے فنِ لطافت اور حکمت نے جس طرح ہمارے دلوں کو چھوا ہے اس کے
اظہار کے لیے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں۔اپنا نام پردۂ راز میں رکھنے کی توجیہ
یہ ہے کہ آپ کی ایک ویڈیو ”ڈاکٹروں کی دھلائی“ کے عنوان سے یوٹیوب پر موجود
ہےجسے دیکھ کر دل پر کچھ یوں اثر ہوا کہ گویا سرِ محفل دھلائی کا خوف دامن
گیر ہو گیا۔ اب اگرچہ راز آشکار ہو بھی جائے تو میں پیشگی(advance) معافی
کا طلب گار ہوں ۔آداب!
عزیزِ من !
مجھے پنجابی زبان سے میرا گہرا لگاؤ ہے اور میں پنجابی ادب کی ترقی اور
فروغ کے لیے آپ کی گراں قدر خدمات کا دل سے معترف ہوں۔ آپ کے کلام نے جس
طرح پنجابی زبان کو ایک نئی روشنی دی ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ایک طالب علم
کی حیثیت سے 2019 سے چین میں مقیم ہوں اور کووڈ-19 کے دوران لاک ڈاؤن اور
بیماری کے سخت حالات کا سامنا کر چکا ہوں۔ علالت کے اس عرصے میں آپ کی نظم
'دِینہ (دکان والا بیمار بابا)' میری نظر سے گزری جس نے میرے دل پر ایک
گہرا نقش چھوڑا اور مجھے آپ کے مجموعہ کلام کو پڑھنے کی ترغیب دی۔لہذا میں
نے پی ایچ ڈی تھیسس (Ph.D Thesis ) لکھنے کے دوران دماغی بوریت کو ختم کرنے
کے لیے آپ کا کلام سننا شروع کیا۔ اب تک آپ کے یوٹیوب چینل 'کلیات انور
مسعود' پر موجود تمام ویڈیوز کو کئی بار سن چکا ہوں اور ہر بار بھرپور لطف
اندوز ہوا ہوں۔
آپ کو بارہا سننے کے بعد اور آپ کے طرزِ فکر سے متاثر ہو کر میرے خیالات
نئی سمت اختیار کر رہے ہیں۔ آپ کی شخصیت کا یہ اثر منفرد خوشی بخشتا ہے اور
اب آپ کو سننا ایک خوشگوار تجربہ بن چکا ہے۔آپ کو حکومتِ پاکستان کی جانب
سے دوسرا اعلیٰ ترین شہری اعزاز، ہلالِ امتیاز، ملنے پر دل کی گہرائیوں سے
مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دعاگو ہوں کہ رب العزت آپ کے قلم کو مزید روشنی عطا
کرے، آپ کو صحت و سلامتی کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے اور آپ ہمیشہ یوں ہی
دلوں میں خوشیاں بانٹتے رہیں۔ آمین! پیش خدمت ہے:
اِک بات بتائی انور نے
اِک رمزسُجھائی انور نے
جو ہنسنا ہنسانا ہوتا ہے
رونےکو چھپانا ہوتا ہے
والسلام
|