آسٹریلیا: منہ مانگی تنخواہ٬ مفت رہائش اور کار کی پیشکش پر بھی کوئی ڈاکٹر میسر نہیں٬ مگر کیوں؟

image
 
آسٹریلیا کے ایک قصبے کو ڈاکٹر کی تلاش ہے، جسے تنخواہ چار لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ، مفت رہائش اور کار بھی ملے گی۔ البتہ اسے ٹراپیکل کیڑے اور سخت گرمی برداشت کرنی ہو گی جبکہ ریاستی دارالحکومت سترہ گھنٹے کے ڈرائیو پر ہے۔

آسٹریلیا کے دور دراز علاقے جولیا کریک میں واقع کوینزلینڈ ٹاون کے واحد ڈاکٹر کی مدت ملازمت ختم ہونے والی ہے اور مقامی انتظامیہ نے نئے ڈاکٹر کی تلاش شروع کردی ہے۔ جسے ریاستی دارالحکومت برسبین کے عام یا فیملی ڈاکٹر کے مقابلے میں دوگنا تنخواہ کی پیش کش کی گئی ہے۔ انتظامیہ نئے ڈاکٹر کو مفت رہائش اور کار بھی فراہم کرے گی۔

لیکن پانچ سو افراد کی آبادی والے اس قصبے کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ یہ برسبین سے سترہ گھنٹے اور قریب ترین بندرگاہی شہر ٹاؤنس ویل سے سات گھنٹے کے ڈرائیو پر ہے۔ اس کے ساتھ ہی ممکنہ ڈاکٹر کو شدید گرمی میں رہنے اور منطقہ حارہ علاقوں میں پائے جانے والے حشرات الارض سے بچنے کی عادت بھی ڈالنی ہو گی۔

تاہم سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر ایڈم لوؤز کا کہنا ہے کہ ان کی جگہ یہاں آنے والے شخص کو ایک پرسکون زندگی ملے گی اور اسے ایسے ہنر سیکھنے کا موقع بھی ملے گا، جس کا اس نے پہلے کبھی استعمال نہ کیا ہو۔

لوؤز کی تقرری سن دو ہزار بائیس میں ہوئی تھی۔ اس وقت تقریبآ تین لاکھ امریکی ڈالر کی پیش کش کی وجہ سے جولیا کریک قومی خبروں کی سرخیوں میں آگیا تھا۔

لوؤز بتاتے ہیں، میری خوشدامن نے مجھے ایک خبر کا لنک بھیجا، جس میں لکھا تھا، "نصف ملین آسٹریلوی ڈالر کے باوجود کوئی ڈاکٹر ملازمت کے لیے تیار نہیں۔" انہوں نے کہا جب میں نے اس خبر کو دیکھا تو میرا پہلا سوال تھا،"آخر یہ جولیا کریک ہے کہاں؟"
 
image

ڈاکٹروں کو لبھانے کی کوشش
جولیا کریک آسٹریلیا کا ایک دور دراز اور نسبتاﹰ غیر آباد علاقہ ہے۔ لیکن یہ کافی خوبصورت ہے اور قدرتی ماحول کافی رومانوی ہے۔ یہاں کے وسیع اور کھلے علاقوں میں غروب آفتاب کا منظر ایک سحر انگیز ماحول پیش کرتا ہے۔ بچے مستی میں کھیلتے کودتے اور گھڑ سواری کرتے نظر آتے ہیں۔

لیکن یہ ایک دور دراز علاقہ ہے۔ یہاں ہائی اسکول کا مطلب شہر میں بورڈنگ اسکول ہے۔ اور قریبی ہسپتال تقریباً تین گھنٹے کی دوری پر ہے۔

لوؤز کے 2022 میں آنے سے پہلے، پندرہ سال تک قصبے میں کوئی مستقل ڈاکٹر نہیں تھا۔ یکے بعد دیگر ڈاکٹروں کی مختصر وقت کے لیے یہاں ڈیوٹی لگا کرتی تھی۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس نے کئی دہائیوں سے آسٹریلیا اور پوری دنیا میں دیہی علاقوں کو پریشان کر رکھا ہے۔

سن 2024 کی ایک حکومتی رپورٹ کے مطابق، آسٹریلیا میں 2500 جنرل پریکٹیشنرز ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ دیہی علاقوں میں کمی سب سے زیادہ ہے اور اس میں اضافہ متوقع ہے۔

آسٹریلیا میں دیہی علاقوں میں ڈاکٹروں کو راغب کرنا کافی مشکل ہو گیا ہے کیونکہ دور دراز کے قصبوں سے شہروں کی دوری کافی ہے۔ آسٹریلیا دنیا کی سب سے کم گنجان آبادی والے ملکوں میں سے ایک ہے۔
 
image

ڈاکٹر لوؤز کا تجربہ کیسا رہا؟
جب 2022 میں ملازمت کے لیے اشتہار دیا گیا تو صحت کی دیکھ بھال کے امور کے کچھ تجزیہ کاروں نے کہا تھا کہ تنہا اتنی بڑی ذمہ داری کو دیکھتے ہوئے اتنی زیادہ تنخواہ بھی ناکافی ہے۔

لیکن سکبدوش ہونے والے ڈاکٹر لوؤز نے کہا کہ اکیلے کام کرنے کے دوران انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور اس سے ان کی طبی مہارت میں اضافہ ہوا۔

لوؤز بتاتے ہیں کہ یہا‍ں قیام کے دوران "میں نے دودھ دوہنا سیکھنے کا بچپن کا اپنا خواب بھی پورا کیا۔"

لوؤز کا کہنا تھا کہ پیسہ تو کافی زیادہ ہے لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ یہاں جو چیزیں ہمیں ملتی ہیں، وہ شہر میں نہیں ملتی۔

لوؤز کے مطابق ملازمت کے ابتدائی چھ ماہ میں ہی وہ یہاں کے دس میں سے نو لوگوں کو ان کے نام سے جانتے تھے۔ "مجھے ایسا لگا گویا میں تقریباﹰ ساٹھ سال پیچھے لوٹ گیا ہوں۔"

انہوں نے مزید کہا،"یہاں رہنے والا ہر شخص ایک دوسرے کو جانتا ہے۔"

لوؤز تاہم اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ یہاں قیام کی وجہ سے وہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے جلنے سے محروم رہے۔ جولیا کریک میں اپنے دو سالہ معاہدے کے اختتام کے بعد مئی میں لوؤز اب اپنے شہر جاکر پریکٹس شروع کرنا چاہتے ہیں۔

Partner Content:DW Urdu

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: