پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں
پاکستان کی مسیحی برادری نے اپنی افواج اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا
اظہار کرتے ہوئے ایک واضح پیغام دیا ہے کہ پوری قوم متحد ہے، اور دشمن کو
منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
سماجی کارکن نیکسن دانی ایل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "ہم بھارت اور اس
کی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ پاکستان کو کمزور سمجھنے کی بھول نہ کی
جائے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری فوج دنیا کی صفِ اول کی افواج
میں شامل ہے۔ ہم اپنی سالمیت، خودمختاری اور قومی وقار کا دفاع کرنا جانتے
ہیں، اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔"
نیکسن دانی ایل نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری ماضی سے لے کر آج
تک ملک کی ترقی، استحکام، اور سلامتی میں بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے،
اور آج بھی وہ اپنی افواج اور حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
"ہماری برادری نے تعلیم، صحت، سماجی خدمت اور یہاں تک کہ مسلح افواج میں
بھی اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔ ہم اس نازک وقت میں صرف دعاؤں سے نہیں بلکہ
مکمل قومی اتحاد کے ساتھ ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گے۔" — نیکسن
دانی ایل
انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور جھوٹی معلومات سے
بچیں اور اتحاد، یکجہتی اور سچائی کے ساتھ اپنی حکومت اور افواج کا ساتھ
دیں۔
"دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کی مسیحی برادری وفادار، محب وطن،
اور باہوش ہے۔ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن اگر دشمن ہمیں للکارتا ہے، تو ہم
خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہم اپنی حکومت کے ساتھ ہیں، اپنی افواج کے ساتھ ہیں،
اور ہر حال میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔" — نیکسن دانی ایل
پاکستان زندہ باد
|