گھر میں گھس کرماریں گے ،یہ دھاڑیں یافلمی ڈائیلاگ بلکہ
بک بک سنتے ہوئے ہمارے کان پک گئے تھے لیکن اس مکالمے کامفہوم سمجھ آیا
تویہ کوئی" ریل" نہیں تھی بلکہ "رئیل "ایکشن تھا،دس مئی کی سحری دشمن ریاست
سمیت دنیا پر ایک ایساسحرطاری کرگئی جوکئی دہائیوں تک برقرار رہے گا،بھارت
دس مئی کے سحراورقہر کوقیامت تک فراموش نہیں کرسکتا ۔پاک فضائیہ کے شیردل
شاہینوں نے بھارت کے اندر گھس اور دشمنوں کو گھسیٹ گھسیٹ کربہت مارا۔پاک
فضائیہ کے شاہینوں نے پاکستانیوں کوحضرت محمداقبالـــ ؒ
کافلسفہ"جھپٹناپلٹنا پلٹ کرجھپٹنا" بھی اچھی طرح سمجھادیا۔تاریخ کے اوراق
بتاتے ہیں اسلامی ہیرو سلطان محمودغزنویؒنے توایک سومنات پاش پاش کیا تھا
لیکن ہمارے شاہینوں نے مساجدکی شہادت کاحساب برابر کرتے ہوئے کئی مندر
کھنڈر بنادیے۔ پاک فضائیہ نے ناپاک اودھم پور میں جواودھم مچایا اسے کوئی
فراموش نہیں کرسکتا۔ہمارے شاہینوں کے صادق جذبوں نے "رافیل "کوبھی "فیل "کردیا،
ـراقم کے جملے پرغورکیجئے"را -فیل" یعنی دس مئی کے امتحان میں " را" بھیـ"
فیل" ہوگئی جبکہ ہمارے مارخوروں کوشاندارکامیابی نصیب ہوئی۔ہمارے مارخورکسی
قسم کی’’ تحسین‘‘ نہیں صرف ـ’’ تسکین ‘‘ کیلئے دفاع پاکستان کیلئے سردھڑ کی
بازی لگاتے اورشہادت کا جام نوش کرتے ہیں۔نریندرمودی اوراس کے حواری
یادرکھیں آج تک کسی کو "نفرت" کی بنیاد پر " نصرت" نہیں ملی۔دس مئی کادن
جہازوں نہیں بلکہ ہمارے شاہینوں کے جذبوں کے نام منسوب رہے گا ۔ ہمارے
شاہینوں کے ہاتھوں ابتدائی راؤنڈ میں زخموں سے چور دشمن ریاست کی چیخوں سے
اس فسادی کے فتنہ پرور اتحادی واشنگٹن اور یروشلم پربھی سکتہ طاری
ہوگیا۔میں کئی برسوں سے کہتا آرہاہوں "ہماری موج ہماری فوج سے ہے"،اب تو
بڑے بڑے دفاعی تجزیہ کار بھی راقم کے ایقان اورکالم کے عنوان"ہماری موج
ہماری فوج سے ہے" پراپنے اعتماد کی مہرثبت کررہے ہیں ۔
یادرکھیں افواج پاکستان کے مدمقابل صرف بھارتی فوج نہیں ہوتی بلکہ ہربار
ہمارا مقابلہ شیطانی تکون سے ہوتا ہے۔اسرائیلی ڈرونز کی ہمارے شہروں پراڑان
کاماسٹر پلان کہاں بناتھا اب یہ کوئی راز نہیں رہا ،امریکہ کا آشیرباد ملے
بغیراسرائیل کوئی کام نہیں کرتا۔اس بار بھی مودی کی مہم جوئی کے دوران
ہرقدم پر اس کے دونوں گاڈفادر شریک تھے۔تاہم پاکستان اور چین نے اپنی فطری
دوستی کے بل پر بھارت کی بدترین جارحیت کابھوت بوتل میں بندکردیا ۔پاکستان
اورچین نے ایک دوسرے کاہاتھ تھام کردنیا کی مقتدرقوتوں کوجوپیغام دیا ہے وہ
یقینا اسے یادرکھیں گی۔شیطانی تکون کی شرمناک شکست اوراس وقت بھارت کے
اندرشدید"بے چینی" میں" چینی کردار" کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔ برادراسلامی
ملک ایران اور ترکیہ سمیت جوجوملک ہمارے ہمدرد یا مددگار رہے اﷲ تعالیٰ ان
کابھی حامی وناصر ہو۔افواج پاکستان کی ٹیم اپنے منجھے ہوئے کپتان اورسپہ
سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کے
مقابل ڈٹ گئی،بھارت کی بدترین پسپائی اورعالمی سطح پررسوائی کاکریڈٹ افواج
پاکستان ،ہمارے حافظ و محافظ سپہ سالاراورآئی ایس پی آر کوجاتا ہے۔سیسہ
پلائی دیوار سے یادآیا ،راقم کاایک سپیشل ایڈیشن بعنوان"ہمارے سپہ سالار
سیسہ پلائی دیوار"ــ23ــجون2024ء کونوائے وقت کی زینت بناتھا جبکہ بھارت
کیخلاف افواج پاکستان کے حالیہ آپریشن کانام بھی" سیسہ پلائی دیوار" تھا۔
آرمی چیف جنرل سیّدعاصم منیر مین آف دی سیریز ، ائیر چیف مارشل ظہیر
احمدبابر سدھومین آف دی میچ اورڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف
چوہدری مین آف دی ٹورنامنٹ رہے ۔
افواج پاکستان کے زیرک سپہ سالار جنرل سیّد عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیف
آف سٹاف کمیٹی جنرل شمشاد ساحر مرزا ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمدبابر سدھو ،
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل
محمدعاصم ملک، ڈی جی ایم آئی میجر جنرل واجدعزیز،جی اوسی لاہورمیجر جنرل
راؤعمران سرتاج ، کمانڈر 4 کور لیفٹیننٹ جنرل سیّد فیاض حسین شاہ ،ڈی جی
آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری،نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام
آباد کے صدر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار ،ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز
(پنجاب) میجر جنرل محمدعاطف بن اکرم اور آئی ایس پی آرلاہورکے مستعد ومتحرک
ڈائریکٹر بریگیڈئیر محمدآصف کی صورت میں زیرک،انتھک اور پروفیشنل فوجی حکام
ا پنے اپنے دائرہ اختیار میں پاکستان کے استحکام اور دوام کیلئے اپنی اپنی
پیشہ ورانہ مہارت اورقائدانہ صلاحیت کا لوہامنوا رہے ہیں۔پاک فضائیہ سمیت
افواج پاکستان کے ہرشعبہ نے استقامت ، پیشہ ورانہ مہارت ،مزاحمت
اوربھرپورشجاعت کامظاہرہ کیا۔دس مئی کے روزپاک فوج کی پاکستانیت کاسورج سوا
نیزے پرتھا جس کی شدت اورحدت نے بھارت کابھرتہ بنادیا۔ہمارے شیردل شاہینوں
نے بھارت میں جوآگ بھڑکائی تھی وہ تو بجھ جائے گی لیکن وہاں سے دھواں اٹھتا
اورمتعصب مودی کاسینہ سلگتا رہے گا،بظاہر ڈونلڈٹرمپ کی بروقت مداخلت سے
پاکستان اوربھارت کے درمیان سیزفائرتوہوگیاہے لیکن اس کے باوجودمتعصب مودی
کے دل کی میل صاف نہیں ہوگی اوروہ فتنہ انگیزی سے باز نہیں آئے گا ۔
پاک بھارت تصادم کے دوران ہمارے قابل فخرمارخوربھی خونخوار دشمن کی
سرگوشیاں تک سن رہے تھے ،مارخور نے اپنی مستندمعلومات کی بنیادپر دشمن کی
بنیادوں پرکاری ضرب لگانے،اسے مذموم ارادوں سے روکنے اوراس کے خفیہ منصوبوں
کوروندنے میں کلیدی کرداراداکیا ۔آئی ایس پی آر کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل
احمدشریف چوہدری اورڈائریکٹرلاہور بریگیڈئیر محمدآصف سمیت چاروں صوبوں میں
ان کے مستعد ٹیم ممبرز بھی پاک فوج کے ترجمان اوراس کاہراول دستہ تھے۔آئی
ایس پی آر نے دشمن کابوگس بیانیہ اور منفی پروپیگنڈا گنگا جمنامیں بہادیا
۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری کی پیشہ ورانہ مہارت
اور انتھک محنت سے دشمن کی میڈیا واربیک فائرکرگئی، گیارہ مئی کی رات پریس
کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری کی فاتحانہ مسکان نے ہم
وطنوں کی ساری تھکان دورکردی ۔آئی ایس پی آر نے بھی اپنے وطن اورہم وطنوں
کے ساتھ محبت وعقیدت جبکہ افواج پاکستان کے ساتھ نسبت کاحق اداکردیا ۔
پاکستان شروع سے امن کاداعی ہے تاہم ہماری ریاست کوبھارت نے خوداپنا دشمن
بنایا جبکہ مودی اپنے ملک کاقومی مجرم ہے۔بڑی فوج کے باوجودآج بھارت کے
وجود پرجوجابجازخم ہیں اس اپ سیٹ کے پیچھے مودی مائنڈسیٹ ہے، نریندرمودی کے
فیصلے پربھارتی فوج نے پاکستان میں بچوں اوربیگناہ شہریوں کوشہید کیا تھاجس
کے ری ایکشن میں پاکستان سے بھارت پر" گولیاں"چلنا سمجھ آتا ہے لیکن عہد
حاضر کے فرعون نریندر مودی کو اپنے ہم وطنوں سے" گالیاں" پڑنا ایک سوالیہ
نشان ہے ۔راقم نے اپنے پچھلے کالم"انانیت اورانسانیت" میں کہا تھا بڑے حجم
پربڑازخم لگانا زیادہ آسان ہوتا ہے ،ایک طرف مودی نے تناؤپیداکرتے اوراسے
ہوادیتے ہوئے اپنی ریاست اور سیاست پر گھاؤ لگایاجبکہ دوسری طرف بھارت کی
دفاعی طاقت کابھرم بھی گنوادیا ۔اب بنگلہ دیش ،نیپال اوربھوٹان سمیت بھارت
کاکوئی ہمسایہ اس کی دھونس میں نہیں آئے گا۔پاکستان کی شاندار جیت اوربھارت
کی بدترین شکست کے نتیجہ میں پاکستان اوربرادراسلامی ملک بنگلہ دیش کے
درمیان برادرانہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔بھارتی معیشت دس مئی کادھچکا
برداشت نہیں کرپائے گی ۔ بھارت کے اندرحالیہ عدم استحکام ،بے یقینی اوربے
چینی وہاں پچھلی کئی دہائیوں سے جاری علیحدگی پسند تحاریک کیلئے تازہ
ہواکاجھونکا ہے ، آنیوالے وقت میں بھارت کے کئی بٹوارے ہوں گے۔بھارت نے
پاکستان کیخلاف جارحیت کے دوران جس طرح سکھ قوم کونشانہ بنایا اس پرسکھوں
میں شدیدغم وغصہ پایا جاتا ہے ۔کوئی سکھ بھارت کے ساتھ سکھی نہیں رہ
سکتا،وہ اپنے حق آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
یادرکھیں جس وقت جہاد کے علمبردارمسلمان اﷲ ربّ العزت کی رضا کیلئے نعرہ
تکبیر کی تاثیرکے ساتھ میدان یاسمندر میں اترتے اورآسمان پر اڑتے ہیں توان
کے مدمقابل بڑے سے بڑا دشمن ناتواں اوراس کا خودکارہتھیاربانجھ ہوجاتا ہے۔
پاکستان سمیت کسی بھی اسلامی ریاست کے فوجی جانبازوں کاراہ حق میں نکلنا
انہیں معبودبرحق کامقرب اوراپنے ہم وطنوں کامحبوب بناتا ہے۔بھارت کی فلمی
یلغار کے باوجود پاک سرزمین بانجھ نہیں ہوئی ، دوقومی نظریہ آج بھی زندہ
حقیقت ہے اوروہ پاکستانیوں کے جذبوں میں پھر سے نظرآیا۔دشمن کے مقابلے میں
کلمہ توحید اور تکبیر کی پرجوش صداؤں کے بغیرمسلمانوں کی کوئی تدبیر کام
نہیں کرسکتی۔"نعرہ تکبیراﷲ اکبر" دنیا بھر کے ہرسچے مسلمان کیلئے ایک نایاب
نعمت اوراس میں ان کی طاقت کاراز پنہاں ہے۔"نعرہ رسالت یارسول اﷲ "کی صداؤں
کوسنتے اورسرورکونین کے ساتھ مسلمانوں کی وفاؤں کودیکھتے ہوئے آسمانوں سے
ملائکہ غیبی مدد کے ساتھ زمین پراترتے ہیں اوراسلام کو کفار پرغلبہ حاصل
ہوجاتا ہے ۔جس وقت ہنودویہود کے ساتھ معرکے کاآغاز ہوتا ہے تو "نعرہ حیدری
یاعلی ؓ"سے دشمن کے دل دہل جاتے ہیں۔مسلمانوں کاشوق شہادت اورجوش وجذبہ
دشمن پرہیبت طاری کردیتا ہے۔ مسلمانوں کے پرجوش نعرہ تکبیر اﷲ اکبر سے دشمن
مرعوب ہوتے اوران کے قدم اُکھڑجاتے ہیں۔تکبیر کے مد مقابل دنیاکوئی متکبر
اوراس کاتکبر نہیں ٹھہر سکتاتومودی کس کھیت کی مولی ہے ۔بھارتی جارحیت کے
نتیجہ میں پاکستان کے ہرشہراورگاؤں سے نعرہ تکبیر اﷲ اکبر بلندجبکہ ہمارا
سبزہلالی پرچم سربلندہوتا رہا، میں نے بھارت کی بدترین جارحیت کے دوران
پاکستانیوں کے چہروں پرکسی قسم کاڈر نہیں دیکھا جبکہ بیگناہ پاکستانیوں کے
خون سے ہولی کھیلنے کے باوجود بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی ،رنجیدہ
اورسنجیدہ ہندو انتہاپسندمودی کوبری طرح کوس رہے تھے ۔منتقم مزاج مودی کے
انگاروں نے بھارتی شہروں کواندھیروں میں ڈبودیا ۔بھارتی میڈیا محض ٹی آر پی
کیلئے مودی کے بیانیہ کاڈھول پیٹتا رہا لیکن اس کے باوجود آغاز سے اختتام
تک مایوس ،مضطرب اورخوفزدہ بھارتیوں کامورال زمین بوس رہاجبکہ دوسری طرف سے
پاکستانیوں کے روشن اورپراعتمادچہروں سے ان کی محبوب پاک فوج کی کامیابی
وکامرانی عیاں ہے ۔
اِدھر دس مئی کی سحرہوئی اُدھرسحرانگیز اندازسے پاک فوج کے میزائل
پروازکرتے ہوئے بھارت کے اندر مختلف فوجی اہداف پرآگ برساتے ہوئے اُترے
اوردشمن کے پرخچے اڑادیے، پاک فضائیہ کے شیردل شاہینوں نے نریندر مود ی
اوربھارت کے معاشی غرور کوچکناچور کردیا ۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے رافیل
طیاروں سمیت بھارتی ساکھ کوبھی راکھ کاڈھیر بنادیا ۔بھارت کے متعدد ائیربیس
شمشان گھاٹ کامنظرپیش کررہے تھے اورجابجا مودی سرکار کی چتا جلتی ہوئی
دیکھی گئی ۔پرجوش سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی پرعزم قیادت میں افواج
پاکستان کی شاندار کامیابی وکامرانی اوردنیا بھرمیں نیک نامی پرپاکستان کے
لوگ بارگاہ الٰہی میں سربسجود ہیں،دنیا بھر میں افواج پاکستان کی جاندار
اورشاندار کامیابی کوسراہاجارہا ہے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کواس کی
دھرتی میں زندہ گاڑدیا،ان کی پیشہ ورانہ مہارت اورقابلیت کو دنیا کے بڑے
اخبارات نے اپنے صفحات کی زینت بنایا ۔پاکستانیوں کومتحدکرنے کیلئے جوکام
ہماری سیاسی قیادت سے نہیں ہواوہ تنہانریندرمودی نے کردیا ۔اسلئے تومیں بار
بار کہتاہوں ،بھارت کی نابودی کیلئے ایک مودی کافی ہے۔
نریندرمودی کی بت پرستی ہرہندو کا ذاتی عقیدہ ہے لیکن بحیثیت وزیراعظم
موصوف کی اناپرستی کے نتیجہ میں بھارت اوربھارتی جنتاپرآگ برستی رہے گی
کیونکہ اناکاراستہ فنا سے آراستہ ہے۔منتقم مزاج مودی پاکستان کیلئے کنواں
کھودتا رہا اوراس نے اپنا سب کچھ کھو دیا ۔میں آج بھی انسانیت کیلئے
جمہوریت کو زہرقاتل سمجھتا ہوں کیونکہ اس نے ضمیرفروش، چائے فروش ،لوہا
فروش اورفلمی ٹکٹ فروش ڈیلرز پیداکئے ہیں جبکہ جمہوریت کے ہاتھوں جمہورکے
خواب چکناچورہوئے۔ اگر امریکہ کی طرز پر پاکستان اوربھارت میں بھی تیسری
بار وزیراعظم منتخب ہونے پرپابندی عائدکردی جائے توان دونوں ملکوں کے متعدد
مسائل ماضی کاقصہ بن سکتے ہیں۔جو مودی ایک بار بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے
قابل نہیں تھا اسے تیسری بار بھارت کی باگ ڈورتھمادی گئی اورنتیجتاً مودی
نے اپنے گھمنڈ سے اکھنڈ بھارت کی عمارت کومنہدم کردیا ۔ماضی قریب میں
نریندر مودی نے اپنے ہمسایہ ملک چین کوللکارا تووہاں سے بھی بھارت کوبدترین
خفت اٹھانا پڑی تھی جبکہ اس بار پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑمیں پاکستان
کیخلاف ہصیمت کا ارتکاب کیاتواسے افواج پاکستان کے ہاتھوں بھی شامت اور
بدترین ہزیمت کاسامنا کرنا پڑا۔پاک فضائیہ نے دشمن کی رافیل بردار فضائیہ
کوزمین بوس کرتے ہوئے بھارتی دفاع کے پرخچے اڑا دیے۔مودی شروع دن سے اپنی
اناکااسیر ہے،وہ وزارت اعلیٰ سے وزارت عظمیٰ تک اقتدار کیلئے اقدار
کوروندتارہا ۔نریندرمودی کو قصائی کہنا درست نہیں کیونکہ قصائی تو انسانوں
کی غذائی ضروریات کیلئے جانور کاگوشت فروخت کرتے ہیں جبکہ مودی ہزاروں
بیگناہ مسلمانوں کی نابودی میں ملوث ہے ۔مودی سمیت انتہاپسند لوگ انسانیت
کیلئے روگ بنے ہوئے ہیں۔
پاکستان کی بیدار دفاعی قیادت نے آدم بیزار مودی سے کہا تھا "آبیل مجھے
مار"کی" رَٹ" چھوڑدو ،ورنہ تمہارا" وٹ" نکال دیں گے لیکن وہ نہیں
مانااورپھر پاک فضائیہ کی بھارت یاترا کے نتیجہ میں متعصب مودی چندگھنٹوں
میں گھٹنوں پرآگیا ۔بھارتی فضائیہ نے رات کے اندھیرے میں پاکستان کے مختلف
مقامات پرشب خون مارتے ہوئے بچوں سمیت بیگناہ شہریوں کوشہیدکردیا ،اس
صورتحال کے بعد بھارت سے انتقام پاکستان کافرض اور دشمن ملک پرقرض تھا
جو10مئی 2025ء کوسودسمیت وصول کرلیاگیا ۔ بھارت جس ریاست کے آشیربادسے
پاکستان کیخلاف جارحیت کی جسارت کر بیٹھاتھا اس کا"بیڑہ" مدد کیلئے نہیں
آتا لیکن منتظر ملک کا"بیڑا"غرق ضرور ہوجاتا ہے ۔ مودی سرکار کی ڈوریاں جس
کے ہاتھوں میں ہیں وہ تپش محسوس ہونے پر اپنی کٹھ پتلی ریاست کی ڈوریاں
کھینچنے یااسے" وار " کے دوران تنہا چھوڑنے بلکہ اس پرزوردار"وار"کرنے میں
بھی دیر نہیں لگاتا۔ بھارت کی طرف سے پاکستان کیخلاف اسرائیلی ڈرون کا
استعمال اسرائیل اورامریکہ کی سہولت کاری کاغماز ہے ۔ہمسایوں کو"دھوکا"
دینااوران کے ساتھ" دھکا "کرنا بھارت کی فطرت ہے، بھارت کاکوئی پڑوسی ملک
اس سے خوش نہیں۔
مجھے یادآیاجس وقت ـ"را-فیل" طیارے فرانس سے بھارت منتقل اوربھارتی حدود
میں داخل ہوئے تو بھار تی بلے باز گوتم گھمبیر نے ایک ٹو ئٹ کیا تھا ''بڑے
پرندے یہاں ہیں"۔ اس کے جواب میں ایک گورے نے لکھا تھا،''ہوشیار رہناانہیں
پاکستان ہرگز نہ بھیجنا ورنہ پاکستان کے شاہین بڑے پرندوں کا آسانی سے شکار
کرنا جانتے ہیں۔ بڑے پرندوں سے کہنا وہ صرف اپنے گھونسلوں میں محفوظ رہ
سکتے ہیں''۔گورے نے جو لکھا تھا اس پر پاک فضائیہ کے شیردل شاہینوں نے
سچائی کی مہرثبت کردی۔ اﷲ تعالیٰ کے فضل سے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی اڑان
نے بتادیا یہ آسمان صرف ان کاہے۔شاہینوں نے پاکستانیوں کوسرفراز کردیا،دس
مئی کے ہیروز کوقومی اعزازات سے نوازا جبکہ ان کی قابل رشک کامیابیوں
کوقومی نصاب کی زینت بنایاجائے۔
|