سیاسی خوداصلاحی

سیاسی خوداصلاحی
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

ابھی حال ہی میں چین میں برسراقتدار کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے قیام کی 104ویں سالگرہ منائی گئی۔ وسیع تناظر میں سی پی سی کی کامیابی کا سب سے بڑا راز عوامی فلاح پر مبنی اقدامات سے عوامی حمایت کاحصول ہے، یہاں عوامی طرز زندگی میں بہتری کے لیے فیصلہ سازی کو اولین ترجیح حاصل ہے،عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نہ صرف بروقت اور مضبوط فیصلے کیے جاتے ہیں بلکہ ان پر موئثر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ سی پی سی قیادت کو چینی عوام کے نزدیک بہترین عوام دوست قیادت کا درجہ حاصل ہے۔

104ویں سالگرہ کے موقع پر، پورے ملک میں "آٹھ نکاتی ضابطہ" کے تحت تعلیمی مہم زوروں پر ہے، جس کا ہدف غیرضروری رسمیں، نوکر شاہی، عیش پرستی اور اسراف کو ختم کرنا ہے۔ یہ مہم پارٹی میں نئی روح پھونک رہی ہے، جبکہ سی پی سی 1.4 ارب سے زائد آبادی کے ساتھ قومی نشاۃ ثانیہ کے چیلنجنگ سفر کی رہنمائی کر رہی ہے۔

چین کے اعلیٰ ترین رہنماء شی جن پھنگ اس حوالے سے واضح کر چکے ہیں کہ یہ آٹھ نکاتی ضوابط سی پی سی مرکزی کمیٹی کے اپنے وعدوں کے عزم کا مظہر ہیں اور نئے دور میں پارٹی کے رویے کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ہیں۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ سی پی سی، جو دنیا کی سب سے بڑی مارکسی سیاسی جماعت ہے، وقت کے تقاضوں کے مطابق چلتی ہے، معاشرتی مطالبات کا جواب دیتی ہے، اور خود اصلاحی کو آگے بڑھاتے ہوئے قیادت و حکمرانی کی صلاحیتوں کو بہتر بنا کر عوام کا وسیع اور پائیدار اعتماد حاصل کرتی ہے۔

چینی قیادت کا نکتہ نظر ہے کہ کسی صورت میں اطمینان کا راستہ اختیار نہیں کیا جا سکتا۔اسی باعث سی پی سی مسلسل خوداصلاحی کا عزم اور ہمت دکھاتی ہے ، اپنے مسائل کا سامنا کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے ٹھوس اور سخت اقدامات اٹھاتی ہے۔ مثال کے طور پر، کچھ علاقوں میں مقامی حکام نے موبائل ایپس متعارف کرائی ہیں جو عہدیداروں سے ورک وزٹس کے دوران اپنے کھانے کے پیسے خود ادا کرنے کا تقاضا کرتی ہیں ، یہ الاؤنسز کے غلط استعمال کو روکنے کے نئے اقدامات کا حصہ ہیں۔

یہ اقدامات مضبوط آئینی تحفظات کے فریم ورک میں پروئے گئے ہیں، جہاں باقاعدہ نظم و ضبط کے معائنے اور کثیرالسطحی نگرانی مل کر کام کرتی ہے تاکہ حکام کی مکمل احتسابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

سی پی سی جانتی ہے کہ اس کا سب سے بڑا خطرہ بیرونی نہیں بلکہ "داخلی کمزوری" ہے۔ ماضی کی کامیابیاں مستقبل کے انحطاط کی ضمانت نہیں ہیں۔لہذا ، پارٹی اپنی چوکسی نہیں چھوڑ سکتی۔اس ضمن میں بدعنوانی کے خلاف مہم سی پی سی کی خوداصلاحی کا محاذ ہے اور اس حوالے سے حقیقی نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ 2012 میں پارٹی کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد سے، سی پی سی نے بدعنوانی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کی ہیں۔

صرف 2024 میں، مرکزی سطح کے 92 عہدیداروں کے خلاف قانون اور پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے شبے میں تحقیقات شروع کی گئیں۔ اس سے ایک واضح پیغام دیا گیا ہے کہ موثر حکمرانی سخت حکمرانی پر منحصر ہے۔ صاف ستھری حکمرانی، زیادہ شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ اس بے لاگ خوداصلاحی کے ثمرات ہیں۔

یہ داخلی مضبوطی سی پی سی ارکان اور عہدیداروں کو بیرونی دباؤ کے باوجود محنتی اور پرعزم رہنے کی طاقت دیتی ہے، جس سے ملک مستحکم راستے پر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہتا ہے۔حقائق کے تناظر میں سخت محنت کے بعد، پارٹی نے عروج و زوال کے تاریخی چکر سے نکلنے کے سوال کا ایک دوسرا جواب دریافت کیا ہے۔ یہ جواب ہے خوداصلاحی۔اس سے قبل چالیس کی دہائی میں، پارٹی نے پہلا جواب دیا تھا "عوام حکومت کے نگران ہیں"۔

عوام کی بھرپور خدمت سی پی سی کے قیام کا بنیادی مقصد رہا ہے اور آج بھی یہ جماعت اسی نظریے سے جڑتے رہتے ہوئے ایسی عوام دوست قیادت کا انتخاب کرتی ہے جو نچلی سطح پر عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہوتی ہے اور ان مسائل کے حل کو عملاً یقینی بناتی ہے ،یہاں اعلیٰ قیادت محض کھوکھلے بیانات یا عوام کو صرف خواب نہیں دکھاتی ہےبلکہ اپنے قول و فعل سے عوام دوستی نبھاتی ہے اور عوامی خواہشات کی تکمیل کرتی ہے ، چاہے اس کے لیے جو مرضی قیمت ادا کرنا پڑے۔  
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1558 Articles with 836415 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More