ریاست کے نا م خط(پندرسوسالہ جشن ولات نبی ﷺ)
(Dr Zahoor Danish, karachi)
ریاست کے نا م خط(پندرسوسالہ جشن ولات نبی ﷺ) بسم اللہ الرحمن الرحیم بتاریخ: __14 / __7 / 2025 محترم صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان / وزیرِ اعظم پاکستان / وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی / وزارتِ اطلاعات و نشریات موضوع: ریاستی سطح پر "پندرہ سو سالہ جشنِ ولادتِ رسولِ اکرم ﷺ" منانے کی درخواست السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ بحیثیت ایک مخلص شہری اور عاشقِ رسول ﷺ، میری یہ تحریر محض ایک رسمی درخواست نہیں بلکہ ایک ایمانی، قومی اور تہذیبی آواز ہے، جو پکار رہی ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے ظہورِ مبارک کے پندرہ سو سال مکمل ہونے پر پوری دنیا کو یہ دکھائیں کہ ہم اپنے محسنِ اعظم ﷺ کو کیسے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ 1448 ہجری (مطابق 2026/2027) میں وہ لمحہ آ رہا ہے جب رسولِ ہاشمی ﷺ کی دنیا میں بعثت کو پندرہ صدیاں مکمل ہو جائیں گی۔ یہ موقع محض ایک عددی یادگار نہیں بلکہ تاریخِ انسانیت کے سب سے بابرکت لمحے کا روحانی سنگِ میل ہے۔ جیسے مغربی اقوام اپنے رہنماؤں کے دو صد سالہ جشن (Bicentennial Celebrations) پورے فکری، تعلیمی اور ریاستی جذبے سے مناتی ہیں، ویسے ہی ہمیں بطور اسلامی ریاست ایک عالمگیر، پرامن، فکری اور روحانی جشن کی بنیاد رکھنی چاہیے جو صرف جذبات نہیں بلکہ شعور پیدا کرے۔ محترم صاحبان اختیار! قوم میں سیرتِ نبوی ﷺ سے ربط و محبت پیدا ہوگی ۔نوجوانوں کو رول ماڈل اور کردار کی روشنی ملے گی۔بین الاقوامی دنیا میں امن، رحم اور محمدی ﷺ پیغام کو اجاگر کیا جا سکے گا۔سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کا مدلل اور سیرت پر مبنی جواب دیا جا سکے گا۔
قابل قدر صاحبان اقتدار!! ہم آپکو کچھ تجاویز پیش کرتے ہیں ۔سرکاری سطح پر "سالِ سیرتِ مصطفی ﷺ 1448ھ" کا اعلان،تمام تعلیمی اداروں میں "سیرت النبی ﷺ ہفتہ" منانا لازم قرار دینا،"قومی سیرت ایوارڈ" کا اجرا — مقالہ نویسی، تقریری مقابلے، انیمیشنز، ڈاکیومنٹریز پر،پاکستان ٹیلی وژن، ریڈیو پاکستان اور ڈیجیٹل میڈیا پر سال بھر سیرت مہم،یونیسکوا ور او آئی سی کے ذریعے اسے عالمی سال کے طور پر منوانے کی سفارت کاری،مدارس و جامعات کے لیے سیرت پر تحقیقاتی وظائف (Research Grants)،"رحمت للعالمین ﷺ نمائش" — پاکستان کے بڑے شہروں میں تصویری، ڈیجیٹل، سیرتی مواد کی نمائش کی جائے ۔ محترم صدر / وزیرِ اعظم صاحب/وزارت مذہبی امور! آپ ریاستِ مدینہ کے خواہش مند ہیں توپھر یہ پندرہ سو سالہ جشن آپ کے اس وژن کو ایک عظیم عملی تعبیر دے سکتا ہے۔یہ ایسا موقع ہے جہاں پورا پاکستان، تمام مسالک، تمام قومیتیں، تمام طبقات محبتِ رسول ﷺ کے ایک پرچم تلے متحد ہو سکتے ہیں۔ ہم گزارش کرتے ہیں کہ!! • حکومتِ پاکستان سرکاری سطح پر 2026–2027 کو "سالِ سیرتِ مصطفی ﷺ" قرار دے • بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی جائے • اس تحریک کو مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جائے یہ وقت ہے محبتِ رسول ﷺ کو جذبات سے نکال کر شعور کی شکل میں نسلِ نو کے سینے میں منتقل کیا جائے۔ اگر ہم نے یہ موقع گنوا دیا تو شاید اگلی صدی تک ایسا لمحہ پھر نہ آئے۔للہ تعالیٰ ہمیں اس سعادت سے بہرہ مند فرمائے۔ والسلام مع الاکرام ڈاکٹرظہوراحمددانش (دوٹھلہ نکیال آزادکشمیر) رابطہ نمبر:03462914283
|