معرکہ حق
(Dr-Muhammad Saleem Afaqi, Peshawar)
تحریر: ڈاکٹر محمد سلیم آفاقی معرکہ حق تاریخ عالم گواہ ہے کہ جب بھی سرزمینِ پاکستان پر بیرونی جارحیت کی گئی، ہماری بہادر افواج نے غیر متزلزل ایمان اور بے مثال جرات سے دشمن کے ہر وار کو ناکام بنایا۔ سچ تو یہ ہے کہ افواجِ پاکستان ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد رہی اور وطن عزیز کی سالمیت کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کیا۔ 1948 کی جنگ ہو یا 1965 کی یا کارگل کا محاز ہو اپنے سے سات گنا بڑی عسکری قوت بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔
رواں برس، بھارتی جارحیت کے جواب میں 10 مئی 2025 کو "آپریشن بنیان مرصوص" کا آغاز کیا گیا۔ اس آپریشن کو معرکہ حق کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جہاں پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہماری سالمیت اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
"بنیان مرصوص" کا تصور قرآنِ حکیم کی ایک آیت سے لیا گیا ہے، جس میں صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین کی تعریف کی گئی ہے جو اللہ کے دین کی سربلندی کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہے اور باطل کو صفحہ ہستی سے مٹا یا۔
۔ پاک فوج نے اسی جذبہ کی پیروی کی اور دشمن کے مختلف ایئربیس، اور کئی میزائل ڈپوز کو نشانہ بنا کر جواںمردی کا مظاہرہ کیا۔رافیل سمیت کئی جنگی طیارے مار گرائے۔
یہ معرکہ صرف ہتھیاروں یا ٹیکنالوجی کی جنگ نہیں تھا، بلکہ یہاں قوم کی یکجہتی، پاکستانی فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، قربانی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثالیں قائم ہوئیں۔ اس عظیم کامیابی پر پوری پاکستانی قوم نے "یوم تشکر" منایا اور شہداء و غازیوں کو دل سے سلام پیش کیا۔
آخر میں، اس معرکہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ایمان اتحاد اور قربانی کامیابی کی اصل بنیاد ہیں۔ پوری قوم اپنی افواج اور قیادت پر فخر کرتی ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ وطن عزیز ہمیشہ سربلند اور محفوظ رہے۔
پاکستانی عوام نے یکجہتی اور قربانی کا ایسا جذبہ دکھایا جس کی مثال دور جدید میں کم ہی ملتی ہے۔ ہر شہر اور گاؤں میں شہریوں نے اپنے غازیوں اور شہداء کے لیے دعائیہ تقریبات منعقد کیں، اور قومی پرچموں سے گلیاں اور عمارتیں سجا دیں۔ اس قومی اتحاد نے دشمن پر واضح کر دیا کہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اس آپریشن کے دوران خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ وطن کے دفاع کے لیے معاشرتی سطح پر فنڈز جمع کیے گئے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع ہوئیں، اور میڈیا نے بھی بھرپور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔ قومی یکجہتی اور اعتماد نے اس تاریخی لمحے کو مزید یادگار بنا دیا۔
بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے عزم و جذبے کو سراہا گیا۔ مختلف ممالک اور عالمی تنظیموں نے خطے میں قیامِ امن کی پاکستانی کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ مسائل کا حل مذاکرات اور انصاف پسندی میں ہے۔ اس سارے منظرنامے نے پاکستان کے مؤقف اور وقار کو عالمی سطح پر مضبوط کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ اس معرک حق کے بعد پاکستان دنیا کے منظر نامے پر ایک باوقار قوت کے طور پر ابھرا۔ اسی لئے سب مل کر بولو پاکستان زندہ باد |
|