ایڈوانس پرامپٹ تکنیکیں (4) تحریر:ڈاکٹرظہوراحمددانش (دوٹھلہ نکیال آزادکشمیر) ہم جدید دور میں جی رہے ہیں ۔ایسے میں ہمیں چاہیے کہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ خود کو تیارکریں ۔اے آئی نے تو گویا زندگی بدل کررکھ دی ہے ۔گھنٹوں کا کام سیکنڈوں میں ۔مشکل ترین کام آسان ذارئع سے ہونے لگ گے ہیں ۔اب ایسے میں اگر ہم نے خود کو اپ ڈیٹ نہ کیاتو پھر پیچھے رہ جانے کا شکوہ نہ کیجئے گا۔ قارئین:پرامٹنگ ایک ہنر ہے جسے آپ نے سیکھناہے ۔آئیے ہم آگے کے موضوع پر بات کرتے ہیں ۔سوچیں آپ کے پاس ایک ایسا مددگار ہے جو نہ صرف ایک حکم پر کام کرتا ہے بلکہ آپ کے ساتھ قدم بہ قدم چل کر پیچیدہ کام بھی مکمل کرتا ہے، غلطی ہو تو خود درست کرتا ہے، اور صرف الفاظ ہی نہیں بلکہ تصاویر، آواز اور ڈیٹا فائلز بھی سمجھتا ہے۔یہی مہارت ہے ایڈوانس پرامپٹ انجینئرنگ کی، جو آپ کو عام صارف سے ماہر صارف کے درجے پر لے جاتی ہے۔ Multi-step Prompts پرامٹ لکھتے وقت نوعیت اور ریسرچ اور عنوان کے مطابق پرامٹنگ کی جاتی ہے ۔اب آپ اس بات کو سمجھ لیجئے کہ بعض مرتبہ آپکو ملٹی پل پرامٹ لکھنے پڑتے ہیں ۔یہ تکنیک اس وقت استعمال ہوتی ہے جب آپ کا کام ایک ہی پرامپٹ میں مکمل نہ ہو بلکہ مراحل میں آگے بڑھنا ہو۔ مثال: مرحلہ 1: "پاکستان کی معیشت کے موجودہ چیلنجز کی فہرست بناؤ" مرحلہ 2: "اب ان چیلنجز کے ممکنہ حل بتاؤ، ہر حل کے ساتھ مختصر وضاحت دو" مرحلہ 3: "ان حلوں کو ترجیحی ترتیب میں لکھو" قارئین :یہ AI کو ایک بار میں سب کچھ کرنے کے بجائے، مرحلہ وار بہتر اور منظم آؤٹ پٹ دینے پر مجبور کرتا ہے۔اور یوں آپکی مطلوبہ معلومات آپ تک پہنچ جاتی ہے ۔ ________________________________________ Zero-shot vs Few-shot Prompting قارئین :پرامٹنگ بھی ایک زبان ہے اس کی باریکیوں کو سمجھ ہی کر آپ اس سے بھرپور فائدہ اُٹھاسکتے ہیں ۔ہم آپکو زیروشوٹ اور فیو شوٹ پرامٹنگ کا فرق بتاتے ہیں۔جس کا جاننا آپ کے لیے بہت ضروری ہے ۔ • Zero-shot • میں آپ AI کو کوئی مثال نہیں دیتے، بس سیدھا حکم یا سوال لکھتے ہیں۔ • Few-shot • میں آپ AI کو چند مثالیں دیتے ہیں تاکہ وہ اسی طرز پر جواب تیار کرے۔ Zero-shot مثال: "ایک مذاق سناؤ" Few-shot مثال: "مثال: 'استاد: یہ کتاب کس نے لکھی؟ شاگرد: جناب، کتاب تو پہلے سے لکھی ہوئی تھی' اسی طرز کا ایک نیا مذاق سناؤ" قارئین:: Few-shot میں AI کو معیار اور انداز کا بہتر اندازہ ہوتا ہے، اس لیے نتیجہ زیادہ قریب ہوتا ہے۔جبکہ زیروشوٹ میں جواب بھی آپکو نامکمل اور ادھوراملے گا۔ ________________________________________ Self-Refining Prompts قارئین:یہ تکنیک AI کو پہلے جواب دینے اور پھر خود اس جواب کا تجزیہ کر کے اسے بہتر بنانے کا کہتی ہے۔ آئیے اب ہم اپنی بات کو مثال سے بھی سمجھتے ہیں مثال:"پانی کے فضائل پر ایک پیرا لکھو، پھر اسے پڑھ کر الفاظ مزید خوبصورت اور جاذبِ نظر بنا دو" پہلی کوشش کے بعد آؤٹ پٹ مزید نکھر جاتا ہے، بالکل ایسے جیسے ایک رائٹر اپنی تحریر کا دوسرا ڈرافٹ تیار کرتا ہے۔امید ہے بات سمجھ گئے ہوں گے ۔اب مشق کیجئے گا۔ ________________________________________ Multimodal Prompting قارئین:ملٹی پل پرومٹنگ یہ تکنیک تب استعمال ہوتی ہے جب آپ کے پرامپٹ میں صرف الفاظ نہیں بلکہ کوئی تصویر، آڈیو یا ویڈیو بھی شامل ہو۔آئیے مثال سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ مثال (تصویر کے ساتھ):"اس تصویر کو دیکھ کر ایک کہانی لکھو، جس میں بچے کا نام احمد ہو، اور وہ بارش میں کھیل رہا ہو" اب آپ اپنے مطلوبہ نتائج بہترین انداز میں حاصل کرسکیں گے ۔ ________________________________________ Structured Data Prompts ( قارئین:یہ تکنیک تب ضروری ہے جب آپ چاہتے ہیں کہ AI کا آؤٹ پٹ مشین ریڈ ایبل (Machine-readable) فارمیٹ میں ہو۔آئیے اب ہم مثال سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ مثال : "پاکستان کے تین بڑے شہروں کا نام، آبادی، اور صوبہ لکھو" متوقع آؤٹ پٹ: "شہر": "کراچی", "آبادی": "16 ملین", "صوبہ": "سندھ", "شہر": "لاہور", "آبادی": "11 ملین", "صوبہ": "پنجاب", "شہر": "فیصل آباد", "آبادی": "4 ملین", "صوبہ": "پنجاب" قارئین:یہ پرامٹنگ کا انداز سافٹ ویئر، ڈیٹا سائنس اور انٹیگریشن میں انتہائی کارآمدہے ۔آپ جو سیکھیں اُسے اپلائے بھی کرتے چلے جائیں ۔تاکہ آپ کو اچھی طرح بات سمجھ آسکے ۔ ________________________________________ کیس اسٹڈی کالج و یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات جو ریسرچ بیس کام کررہے ہوتے ہیں ۔باالخصوص ایم فل اور پی ایچ ڈی کے اسکالر کو توکیس اسٹڈی کو بہت ضرورت پیش آتی ہے ۔فرض کریں آپ ایک ریسرچ اسکالر ہیں اور آپ کو "پاکستان میں پچھلے 10 سالوں کے تعلیمی بجٹ" کا خلاصہ چاہیے۔ 1. مرحلہ 1: "پاکستان کے 2013 سے 2023 تک کے تعلیمی بجٹ کے اعداد و شمار نکالو، سال وار فہرست دو" 2. مرحلہ 2: "اب ان اعداد و شمار کا تجزیہ کرو اور اہم رجحانات (Trends) لکھو" 3. مرحلہ 3: "یہ رجحانات ایک ٹیبل اور ایک مختصر پیراگراف میں پیش کرو" قارئین:آپ کو صرف معلومات ہی نہیں بلکہ اس کا تجزیہ اور پریزنٹیشن کے قابل ڈیٹا بھی مل جائے گا۔یوں آپ ایک آسان اور بہتر طریقے سے اپنے کیس اسٹڈی کو مکمل کرسکتے ہیں ۔لیکن ایک بات ذہن نشین کرلیجئے گاکہ جب بھی اے آئی سے مستفید ہوں ریسرچ کررہے ہوں تو اپنی اسٹڈی کو مضبوط کرلیجئے آپ کے پاس نالج ہونا ضروری ہے۔کہیں ایسا نہ ہو کے اے آئی اپنے ڈیٹابیس سے آپ کو غیر مصدقہ معلومات پیش کردے ایسے میں آپ کی تحقیقی چیلنج ہوجائے گی ۔صرف ٹولز پر انحصارنہ کریں بلکہ اپنا مطالعہ جاری رکھیں ۔یہ معاون و مددگار ٹولز ضرور ہیں لیکن درست و غلط کا فرق رکھنے کے لیے آپکا ذاتی فہم ہونا بہت ضروری ہے ۔ امید ہے کہ ہماری کوشش آپ کے لیے آسانیاں پیداکرنے کا ذریعے ضرور بنے گی ایسے میں آپ ہماری مغفرت کی دعاکردیجئے گا۔۔
|