چین کے بڑے ترقیاتی مقاصد
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
چین کے بڑے ترقیاتی مقاصد تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین کی پالیسی سازی میں تسلسل اور دوراندیشی اس کی ترقی کا ایک اہم ستون ہے۔ پانچ سالہ منصوبوں کا تسلسل اس حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے جس میں قومی ترجیحات کو جامع طریقے سے مربوط کیا جاتا ہے۔ پندرہویں پنج سالہ منصوبہ (2026-2030) اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جو 2035 تک بنیادی طور پر سوشلسٹ جدید کاری حاصل کرنے کے ہدف کے حصول کی راہ ہموار کرے گا۔
چین کی پالیسی سازی کا یہ ماڈل نہ صرف موجودہ ضروریات کو پورا کرتا ہے بلکہ طویل المدتی اہداف کو بھی پیش نظر رکھتا ہے۔ اس میں لچک بھی موجود ہے جو عالمی صورتحال میں تبدیلیوں کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔ اس طرح چین اپنے عوام کی بہتری کے ساتھ ساتھ عالمی برادری میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل ہو پاتا ہے۔
بلاشبہ کہا جا سکتا ہے کہ پانچ سالہ منصوبوں کی تیاری اور نفاذ چین میں طرز حکمرانی کی ایک نمایاں خصوصیت رہی ہے، جس نے ملک کو درمیانی اور طویل المدتی دورانیے میں معاشی و سماجی ترقی میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے قابل بنایا ہے۔
اس ضمن میں ، پندرہویں پنج سالہ منصوبہ (2026-2030) غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ 2035 تک صرف 10 سال باقی ہیں، جو کہ ایک اہم سنگ میل کا سال ہے جب چین کا ہدف "بنیادی طور پر سوشلسٹ جدید کاری حاصل کرنا" ہے۔
اکتوبر کے آخر میں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت نے پندرہویں پنج سالہ منصوبہ کی تیاری کے لیے اپنی سفارشات منظور کیں، جو 2030 تک ملک کی ترقی کو رہنمائی فراہم کرنے کے لیے سات محرک اہداف کا خاکہ پیش کرتی ہیں۔یہ اہداف ، معیاری ترقی، سائنسی اور تکنیکی جدت، اصلاحات، ثقافتی اور اخلاقی ترقی، عوام کی بہبود، ماحولیاتی تحفظ، اور قومی سلامتی ، ہمہ گیر ترقی کے ایک مربوط اور جامع وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ اہداف ایک مضبوط اسٹریٹجک رجحان کو واضح کرتے ہیں، کیونکہ یہ 2035 تک بنیادی طور پر سوشلسٹ جدید کاری حاصل کرنے اور صدی کے وسط تک ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک تعمیر کرنے کے چین کے طویل المدتی وژن کے ساتھ گہرا تعلق رکھتے ہیں۔
سفارشات میں بیان کردہ اہداف کا مقصد اندرونی معاشی بہاؤ میں رکاوٹوں کو دور کرنا، عوام کے فوری مسائل کو حل کرنا، اور چین کو عالمی مقابلے میں نئی کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔
مثال کے طور پر، سفارشات جدید کاری کے کمزور حصوں کو دور کرنے پر مرکوز ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ 2035 تک چین اپنی فی کس جی ڈی پی کو ایک متوسط درجے کی ترقی یافتہ ملک کے برابر لے آئے گا، جدت پر مبنی ممالک کی اعلیٰ صف میں شامل ہو جائے گا، اور بنیادی طور پر نئی صنعتی کاری، انفارمیشنائزیشن، شہری کاری، اور زرعی جدید کاری حاصل کر لے گا۔
اس مقصد کے لیے، سفارشات میں واضح کیا گیا ہے کہ پندرہویں پنج سالہ منصوبے کے دوران، چین معاشی نمو کو "ایک مناسب حد" کے اندر رکھے گا اور "صلاحیتوں کو مکمل طور پر متحرک کرے گا"، "اہم شعبوں میں بنیادی ٹیکنالوجیز میں تیز ترین پیشرفت" کے لیے کوشش کرے گا، "بنیادی عوامی خدمات تک زیادہ مساوی رسائی" کو یقینی بنائے گا، اور دیگر اہداف پر عمل پیرا ہوگا۔
یہ اہداف چین کے موجودہ ترقیاتی مرحلے کے لیے مخصوص ضروریات کی عکاسی بھی کرتے ہیں، جو پہلے سے طے شدہ کاموں کو نئی ترجیحات کے ساتھ جوڑتے ہیں۔
پہلے سے طے شدہ کاموں میں "سوشلسٹ مارکیٹ اکانومی کو بہتر بنانا"، "اعلیٰ معیار کی کھلی پالیسی کے نظام اور میکانزم کو مضبوط بنانا"، "2030 سے پہلے کاربن اخراج میں تخفیف کے ہدف کو بروقت حاصل کرنا"، اور "2027 میں پیپلز لبریشن آرمی کے صد سالہ جشن کے اہداف کو بروقت پورا کرنا" شامل ہیں۔
نئے کاموں میں "جی ڈی پی میں گھریلو کھپت کے حصے میں قابل ذکر اضافہ"، "نئے معیار کی پیداواری قوتوں کو فروغ دینے میں پیشرفت"، اور "تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، اور انسانی وسائل کے مربوط ترقی کے بنیادی ڈھانچے کا قیام" شامل ہیں۔
مجموعی طور پر، یہ اہداف مرحلہ وار ترجیحات کو ظاہر کرتے ہیں جو اگلے پانچ سالوں میں چین کی معاشی و سماجی ترقی کی وضاحت کریں گے، اور 2035 کے وژن کی جانب ملک کی اگلی پیش رفت کی بنیاد رکھیں گے۔ |
|