خط بنام عزت مآب محمد بن سلمان

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
عزت مآب شہزادۂ معظم،جناب محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود،ولیِ عہد و وزیرِ اعظم مملکتِ سعودی عرب
بعد از ادب و تعظیم،عالی جناب!السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
اِس خطِ سرِ گراں مایہ کا مقصد نہ صرف آپ کی قیادت پر ہدیۂ تبریک پیش کرنا ہے بلکہ آپ کی خدمتِ حرمین شریفین میں کی جانے والی عظیم حکمتِ عملی اور روشن فکر وژن کو خراجِ تحسین پیش کرنا بھی ہے۔
۔عالمِ اسلام و عالَمِ انسانی بخوبی واقف ہیں کہ آپ کی قائدانہ صلاحتیں، فہمِ عالی اور دور اندیشی، عصرِ حاضر میں کم ہی نصیب ہوتی ہیں۔ آپ کے فیصلوں میں عدل، حکمت، اور خدمتِ حرمین کا جذبہ متجلّی ہے۔ یہ محض حکومت نہیں بلکہ ایک مقدس رسالتِ خدمت ہے جو آپ نے احسن طریقے سے سنبھالی ہوئی ہے۔
عزت مآب!ویژن 2030 کے تحت حج و عمرہ کے نظام میں جو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، وہ تاریخ ساز ہیں۔ زائرین کے لیے آسان رجسٹریشن، مؤثر رہنمائی، جدید ٹرانسپورٹ,محمد بن سلطان گیٹ ,جدید انتظامات اور نُسک ایپلیکیشن، یہ سب آپ کے اخلاص و تدبر کا مظہر ہیں، اور خدمتِ مہمانِ حرمین میں آپ کی گہری دلچسپی کی دلیل ہیں۔حرم شریف میں زائرین کی آمد و رفت کو منظم رکھنے کے لیے جو انتظامی نظام رائج کیا گیا ہے، وہ واقعی قابلِ تقلید ہے۔ یہ نظام رفتار، راستوں کی ترتیب، ہجوم کی تقسیم، اور امن عامہ کی حفاظت سب کچھ باہم مربوط انداز میں انجام دیتا ہے۔
عالی جناب!اس مبارک وقت میں خانۂ کعبہ کی توسیع اور تزئین و آرائش کے کام کی تعریف کرنا از حد ضروری ہے۔ یہ کام نہ صرف زائرین کے لیے سہولت اور آرام کا سبب ہے بلکہ روحانی عظمت و تقدس میں بھی بے پناہ اضافہ کرتا ہے۔تزئین و تعمیرات کا اعلیٰ معیار اور جدید فنون کے امتزاج سے خانۂ کعبہ کی شان میں نکھار آیا ہے۔یہ اقدامات یقینی طور پر مستقبل کی آنے والی نسلوں کے لیے خدمتِ حرمین کا روشن نمونہ ہوں گے۔
عزت مآب! اِس خط کے توسط سے ایک اہم گزارش بھی پیش کرنا مقصود ہے:حرم شریف کی حدود میں بعض علیحدہ جوتوں کا انتظام کرتے ہیں جبکہ بعض زائرین اپنے سفر کے جوتوں سمیت طواف و سعی کر رہے ہیں۔ کیا یہ صورت حال حرم کی پاکیزگی و تقدس کے منافی نہیں؟کیا ایسا ممکن ہو سکتا ہے کہ حرم شریف میں داخلے کے لیے مخصوص جوتیاں یا ڈسپوزیبل کورز لازمی قرار دیے جائیں،جنہیں رنگ یا شکل سے پہچانا جا سکے۔یا پھر ڈسپوزیبل کورز سرجیکل کیپس کی طرز پر، ہر جوتے پر لازمی استعمال ہوں ,جو شخص ان اصولوں کی خلاف ورزی کرے، داخلہ ممنوع قرار دیا جائے۔یہ ہدایات حرم میں داخل ہونے سے قبل ہر زائر تک پہنچائی جائیں، مثلاً گیٹس، ہوٹلز، ٹرانسپورٹ پوائنٹس اور نُسک ایپ کے ذریعے۔یہ اقدام حرم کی تقدیس اور طہارت کو یقینی بنانے میں نہایت مؤثر ہوگا۔
عزت مآب شہزادۂ محترم!اگر یہ اقدامات نافذ ہو جائیں اور ان کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے تو یقیناً:اللہ رب العزت کے نزدیک آپ کی شان و درجات بلند ہوں گے،امتِ مسلمہ آپ کے لیے دل سے دعاگو ہوگی،اور آپ کی حکومت کو دوام و استحکام حاصل ہوگا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے،اور خدمتِ حرمین شریفین میں آپ کو مزید برکت عطا فرمائے۔والسلام
دعاگو(حسیب اعجاز عاشر)
Haseeb Ejaz Aashir | 0334076757
Haseeb Ejaz Aashir
About the Author: Haseeb Ejaz Aashir Read More Articles by Haseeb Ejaz Aashir: 146 Articles with 160042 views https://www.linkedin.com/in/haseebejazaashir.. View More