چین اور جدید زراعت کے لیے سمت کا تعین

چین اور جدید زراعت کے لیے سمت کا تعین
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین میں زرعی ترقی کا تصور وقت کے ساتھ مسلسل ارتقا پذیر رہا ہے، جہاں روایتی پیداوار سے آگے بڑھ کر معیار، تنوع اور صنعتی ہم آہنگی کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔ ہر سال جاری ہونے والی ’’نمبر ایک مرکزی دستاویز‘‘ اسی ارتقائی عمل میں پالیسی سمت کا واضح اظہار ہوتا ہے۔ 2026 کے لیے جاری کردہ مرکزی دستاویز نہ صرف زرعی و دیہی جدیدکاری کے اہداف کی توثیق کرتی ہے بلکہ مستقبل کی جدید زراعت کے خدوخال بھی متعین کرتی ہے، جس میں صنعتی تکمیل، قدر میں اضافہ اور ہمہ جہت ترقی کو نمایاں مقام حاصل ہے۔

وسیع تناظر میں 2026 کی نمبر ایک مرکزی دستاویز مستقبل کی جدید زرعی ترقی کے لیے واضح سمت فراہم کرتی ہے۔ چینی حکام کے مطابق اس دستاویز میں جدید زراعت کے تصور کو زیادہ بھرپور معنوں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جس میں زیادہ مکمل صنعتی نظام اور بلند قدر کی حامل زرعی مصنوعات پر زور دیا گیا ہے۔مرکزی دستاویز میں زرعی و دیہی جدیدکاری کو آگے بڑھانے اور ہمہ جہت دیہی احیاء کو فروغ دینے کے منصوبوں کی وضاحت کی گئی۔ چونکہ یہ دستاویز ہر سال مرکزی حکام کی جانب سے جاری ہونے والا پہلا پالیسی بیان ہوتا ہے، اس لیے اسے آئندہ سال کی پالیسی ترجیحات کا اہم اشاریہ سمجھا جاتا ہے۔

چینی حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ زراعت کا مفہوم وقت کے ساتھ بدل چکا ہے، اور اب اس کی متعدد جہتیں زیادہ نمایاں ہو رہی ہیں، جبکہ صنعتی سرحدیں بھی مسلسل وسیع ہو رہی ہیں۔ سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر استوار، ماحول دوست، معیار پر مرکوز اور برانڈ پر مبنی زراعت ایک نئے رجحان کے طور پر ابھر رہی ہے۔ اسی کے ساتھ دیہی علاقوں میں ابتدائی، ثانوی اور ثالثی صنعتوں کے باہمی انضمام سے نئی صنعتیں اور نئے کاروباری ماڈلز جنم لے رہے ہیں۔

اس تناظر میں جدید زراعت کو ایک بڑے پیمانے کی صنعت میں تبدیل کرنے کا مطلب محض پیداوار یا کاروبار کے حجم میں اضافہ نہیں، بلکہ اس کا اصل مقصد زراعت کے مفہوم کو وسعت دینا، ایک زیادہ مکمل صنعتی نظام قائم کرنا اور زیادہ قدر رکھنے والی مصنوعات تیار کرنا ہے۔

جدید زرعی وژن کے عملی نفاذ کے لیے تین بنیادی پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پہلا پہلو زراعت، جنگلات، لائیوسٹاک اور ماہی پروری کی ہمہ وقت ترقی سے متعلق ہے، تاکہ محض اناج کی پیداوار کے بجائے متنوع غذائی سپلائی کا نظام قائم کیا جا سکے۔ دوسرا پہلو پیداوار اور فروخت کے انضمام پر مرکوز ہے، جس میں توجہ صرف کاشت تک محدود نہ رہے بلکہ پیداوار کے بعد کے مراحل کو بھی ترقی دی جائے، تاکہ زرعی معیار اور کارکردگی میں اضافہ ہو۔
تیسرا اہم پہلو زراعت کو ثقافت اور سیاحت کے ساتھ جوڑنے سے متعلق ہے۔ شہری اور دیہی صارفین کی بدلتی ہوئی کھپت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیہی سیاحت کو اپ گریڈ کرنے اور ’’چھوٹے مگر خوبصورت‘‘ ثقافتی و سیاحتی ماڈلز کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، تاکہ دیہی معیشت میں نئی جان ڈالی جا سکے۔

حقائق کے تناظر میں2026 کی نمبر ایک مرکزی دستاویز اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ چین جدید زراعت کو محض پیداوار کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک جامع، ہمہ جہت اور بلند قدر کی صنعت کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ صنعتی انضمام، تکنیکی جدت، ماحولیاتی ہم آہنگی اور ثقافتی و سیاحتی روابط کے ذریعے زراعت کو نئی وسعت دی جا رہی ہے۔ یہ پالیسی سمت نہ صرف دیہی احیاء کے عمل کو مضبوط بنائے گی بلکہ زرعی ترقی کو قومی جدیدکاری کے عمل کا ایک مؤثر اور پائیدار ستون بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1094410 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More