اسپرنگ فیسٹیول اور صارف منڈی کا نیا امتزاج

اسپرنگ فیسٹیول اور صارف منڈی کا نیا امتزاج
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین کا اسپرنگ فیسٹیول نہ صرف ایک عظیم روایتی تہوار ہے بلکہ صارف منڈی کے لیے سال کا سب سے اہم اور متحرک دور بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس موقع پر خریداری، تحائف اور خصوصی مصنوعات کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ حالیہ برسوں میں عالمی برانڈز نے چینی ثقافت، قمری سال سے منسوب علامات اور تہواری عناصر کو اپنی مصنوعات میں شامل کر کے مقامی صارفین سے مضبوط تعلق قائم کیا ہے۔ 17 فروری سے شروع ہونے والے گھوڑے سے منسوب سال کے تناظر میں یہ رجحان مزید واضح ہو کر سامنے آیا ہے۔

اسپرنگ فیسٹیول کی آمد کے ساتھ ہی عالمی برانڈز کی جانب سے محدود تعداد میں متعارف کرائی گئی خصوصی مصنوعات چینی صارف منڈی میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔ گھوڑے کے نقش سے مزین ریشمی اسکارف، نعل کی شکل کے نفیس لاکٹ، اور تہوار کے لیے تیار کیے گئے دیدہ زیب کاسمیٹکس گفٹ سیٹس اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ عالمی برانڈز مقامی ثقافتی علامات کو اپنی مارکیٹنگ حکمتِ عملی کا اہم حصہ بنا رہے ہیں۔
چینی ثقافت میں گھوڑا توانائی، آزادی اور جستجو کی علامت سمجھا جاتا ہے، جبکہ اسے ’’فوری کامیابی‘‘ جیسے خوش بخت مفہوم سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ گھوڑے سے منسوب سال کی یہی علامتی اہمیت عالمی برانڈز اور چینی صارفین کے درمیان ایک ثقافتی پل کا کردار ادا کر رہی ہے، جس کے ذریعے مصنوعات کو تہذیبی وابستگی کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔

اسپرنگ فیسٹیول کو چین میں سب سے اہم روایتی تہوار کا درجہ حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے صارف منڈی کا سنہری دور کہا جاتا ہے۔ حالیہ برسوں میں بین الاقوامی برانڈز کے لیے یہ ایک معمول بن چکا ہے کہ وہ اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر چینی ثقافت سے ہم آہنگ محدود ایڈیشن مصنوعات متعارف کرائیں۔ اس حکمتِ عملی سے نہ صرف فروخت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ برانڈز کی مقامی شناخت بھی مضبوط ہوتی ہے۔

چین بھر میں اسپرنگ فیسٹیول کا ماحول پہلے ہی نمایاں ہو چکا ہے۔ سرخ رنگ کی روایتی سجاوٹ، گھوڑے کی اشکال اور تہواری آرائش اس بات کی علامت ہیں کہ گھوڑے سے منسوب سال اس وقت صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ مختلف عالمی برانڈز کے اسٹورز میں ملبوسات، زیورات، کاسمیٹکس، مشروبات اور کھلونوں سمیت متعدد زمروں کی مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں۔
کاسمیٹکس بدستور اسپرنگ فیسٹیول کے دوران کھپت کا ایک بڑا محرک ہیں۔ گھوڑے سے منسوب سال کے لیے کئی عالمی کاسمیٹکس برانڈز نے خصوصی گفٹ سیٹس متعارف کرائے ہیں، جن میں گھوڑے کے ڈیزائن، تہواری سرخ رنگ اور غیر مادی ثقافتی ورثے کے عناصر شامل کیے گئے ہیں۔ ایسی پیکجنگ کو تحائف کے لیے خاص طور پر موزوں سمجھا جا رہا ہے، جو فیسٹیول خریداری کے رجحان کو مزید تقویت دیتی ہے۔

حالیہ برسوں میں اسپرنگ فیسٹیول سے منسلک مصنوعات کے اجرا نے عالمی برانڈز کے لیے چین کی صارف منڈی کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔ دنیا کی دوسری سب سے بڑی صارف منڈی کے طور پر چین نہ صرف موجودہ فروخت کے لیے اہم ہے بلکہ مستقبل کے حوالے سے بھی عالمی برانڈز کے اعتماد کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اس تناظر میں ڈیوٹی فری منڈی عالمی لگژری کھپت کا ایک اہم ذریعہ بنتی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں چین کے ہائنان کو ڈیوٹی فری خریداری کی پالیسیوں کے ذریعے عالمی برانڈز کے لیے ایک کلیدی مرکز کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ دسمبر 2025 میں فری ٹریڈ پورٹ کے خصوصی کسٹمز آپریشنز کے آغاز کے بعد ڈیوٹی فری فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے اسپرنگ فیسٹیول کے دوران کھپت کو مزید تقویت ملی۔

ہائنان اپنی ساحلی خوبصورتی اور خریداری کے مواقع کے باعث سردیوں کے موسم میں ایک مقبول سیاحتی مقام بن چکا ہے۔ چین کا ہدف ہے کہ 2035 تک ہائنان کو عالمی سطح پر اثر رکھنے والا سیاحتی اور کھپت کا مرکز بنایا جائے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق سیاحوں کی آمد اور سیاحتی اخراجات دونوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو اسپرنگ فیسٹیول کے دوران مزید نمایاں ہو جاتا ہے۔

اسپرنگ فیسٹیول اور گھوڑے سے منسوب سال کے موقع پر عالمی برانڈز کی جانب سے چینی ثقافت سے ہم آہنگ مصنوعات کا اجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ ثقافت اور کھپت کا رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ روایتی علامات،پرجوش تہوار کا ماحول اور جدید تجارتی حکمتِ عملی کے امتزاج نے چین کی صارف منڈی کو نئی توانائی دی ہے۔ ڈیوٹی فری پالیسیوں، سیاحتی فروغ اور بڑھتی ہوئی قوت خرید کے ساتھ چین نہ صرف عالمی برانڈز کے لیے ایک مرکزی منڈی ہے بلکہ مستقبل کی عالمی کھپت کے رجحانات کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا دکھائی دیتا ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1094011 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More