ثقافت، ٹیکنالوجی اور عالمی ہم آہنگی کا حسین امتزاج

ثقافت، ٹیکنالوجی اور عالمی ہم آہنگی کا حسین امتزاج
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین کا اسپرنگ فیسٹیول صدیوں پر محیط تہذیبی روایت کا امین ہے، اور اس موقع پر پیش کیا جانے والا سالانہ چائنا میڈیا گروپ اسپرنگ فیسٹیول گالا چار دہائیوں سے زائد عرصے سے قومی ثقافتی روایت کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ 2026 میں منعقد ہونے والا سی ایم جی اسپرنگ فیسٹیول گالا ایک بار پھر نہ صرف ملکی ناظرین بلکہ دنیا بھر کے ناظرین کے لیے ثقافتی اور فنی اظہار کا ایک بھرپور منظرنامہ لے کر آیا۔ یہ تقریب اب محض ایک ٹیلی وژن پروگرام نہیں بلکہ خاندانی اتحاد، ثقافتی تسلسل اور عالمی رابطے کی علامت بن چکی ہے۔

سولہ فروری کی شب ، چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے پیش کیا گیا 2026 کا اسپرنگ فیسٹیول گالا ملک بھر اور دنیا کے مختلف حصوں میں نشر کیا گیا۔ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط اس روایت کو عام طور پر ’’چون وان‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جو چینی نئے سال کی آمد پر عوام کے لیے ایک روحانی اور ثقافتی اجتماع کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس سال سی جی ٹی این نے اپنی 85 زبانوں پر مشتمل ملٹی لینگول پلیٹ فارمز کے ذریعے 200 سے زائد ممالک اور خطوں میں تین ہزار پانچ سو سے زیادہ میڈیا اداروں کے ساتھ مل کر اس پروگرام کی براہِ راست نشریات اور کوریج کو ممکن بنایا۔

جیسے جیسے چینی نیا سال ایک مقامی تہوار سے عالمی جشن کی شکل اختیار کر رہا ہے، اسپرنگ فیسٹیول گالا کی اہمیت بھی وسعت اختیار کر چکی ہے۔ یہ تقریب دنیا کو چینی ثقافت کی رنگا رنگی، توانائی اور جمالیاتی تنوع سے روشناس کرانے کا ذریعہ بن گئی ہے۔ اسپرنگ فیسٹیول ازسرِ نو آغاز، خاندانی اتحاد اور بہتر مستقبل کی امید کی علامت ہے، جو عالمی سطح پر بھی مشترکہ انسانی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

2026 کے گالا نے ایک مرتبہ پھر موسیقی، مزاح، روایتی اوپیرا، مارشل آرٹس، جادو اور کرتب بازی سمیت مختلف فنون کو یکجا کر کے ایک شاندار سمعی و بصری منظر پیش کیا۔یہ اسٹیج ایک ایسی کھڑکی بن گیا جس کے ذریعے اندرون و بیرون ملک ناظرین نے چینی روایتی ثقافت کی دلکشی کا مشاہدہ کیا۔ ایک نمایاں مظاہرہ بین الثقافتی کرتب بازی پر مبنی تھا، جس میں چینی روایتی تکنیکوں کو عالمی طرزِ پیشکش کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا، جو تہذیبوں کے مابین مکالمے اور باہمی احترام کی علامت تھا۔

اسی طرح بیلے اور اسٹریٹ ڈانس کے امتزاج پر مبنی ایک پرفارمنس نے روایتی نزاکت اور شہری تال میل کو یکجا کر کے ثقافتی اعتماد کا اظہار کیا۔ مزاحیہ خاکوں میں روزمرہ زندگی کے موضوعات کو گرم جوشی اور لطافت کے ساتھ پیش کیا گیا، جس سے معاشرتی تبدیلیوں کی عکاسی بھی ہوئی اور عوامی وابستگی بھی مضبوط ہوئی۔ مجموعی طور پر یہ پروگرام اس معاشرے کی تصویر پیش کرتا ہے جو روایت کی قدر کرتا ہے اور جدید تخلیقی اظہار کو بھی قبول کرتا ہے۔

ثقافت کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی نے اس گالا کو نئی جہت عطا کی۔ مصنوعی ذہانت، اگمینٹڈ ریئلٹی اور ایکسٹینڈڈ ریئلٹی جیسی جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز نے اسٹیج کو ایک کثیر جہتی اور دلچسپ ماحول میں تبدیل کر دیا۔ ورچوئل ریئلٹی عینکیں، بیدو نیویگیشن نظام اور ڈرونز کے استعمال سے وسیع ڈیجیٹل مناظر تخلیق کیے گئے، جنہوں نے مختلف روایات کو متحرک اور باہمی تعامل پر مبنی انداز میں پیش کیا۔

خاص طور پر انسان نما روبوٹس کی جانب سے پیش کی گئی کنگ فو پرفارمنس نے ٹیکنالوجی اور فن کے امتزاج کو نئی بلندی تک پہنچا دیا۔ یہ مظاہرہ چین کی روبوٹکس صنعت کی پیش رفت کی جھلک بھی تھا، جو حالیہ برسوں میں تجرباتی مرحلے سے نکل کر وسیع سماجی استعمال کی سمت گامزن ہے۔ اندازوں کے مطابق 2030 تک چین میں انسان نما روبوٹس کی منڈی کا حجم 100 ارب یوان تک پہنچ سکتا ہے، جو اس شعبے کی تیز رفتار ترقی کی نشاندہی کرتا ہے۔

2026 کا یہ گالا، جو گھوڑے سے منسوب سال کی مناسبت سے پیش کیا گیا، اپنی تکنیکی جدت کے لحاظ سے 43 سالہ تاریخ کے نمایاں ترین ایڈیشنز میں شمار کیا جا رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کا استعمال محض نمائشی نہیں تھا بلکہ اسے کہانی اور فنکارانہ اظہار کا حصہ بنایا گیا۔

چار دہائیوں سے زائد عرصے میں اسپرنگ فیسٹیول گالا نے چین کی سماجی اور تکنیکی تبدیلیوں کا عکس پیش کیا ہے۔محدود وسائل کے دور سے ڈیجیٹل ہم آہنگی اور عالمی رابطے کے عہد تک، یہ پروگرام قومی سفر کا عینی شاہد بن چکا ہے۔ جب چینی خاندان اسکرینوں کے سامنے جمع ہوتے ہیں اور عالمی ناظرین دور دراز خطوں سے اس میں شریک ہوتے ہیں تو یہ تقریب محض تفریح نہیں رہتی بلکہ ایک ایسی زندہ داستان بن جاتی ہے جو روایت کو سنبھالتی، جدت کو اپناتی اور تہوار کی خوشی کو دنیا کے ساتھ بانٹتی ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1094246 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More