چینی ریاضی دانوں کا تاریخی کارنامہ

چینی ریاضی دانوں کا تاریخی کارنامہ
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

علم و تحقیق کی دنیا میں بعض کامیابیاں صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ پورے ملک کے تعلیمی نظام، تحقیقی ماحول اور مسلسل محنت کی علامت بن جاتی ہیں۔ ریاضی جیسے پیچیدہ اور تجریدی علم میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنا ہمیشہ سے غیر معمولی اعزاز سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ شعبہ نئی سائنسی دریافتوں، جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کی اختراعات کی بنیاد تصور کیا جاتا ہے۔ اسی میدان میں چین نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ دنیا کے سب سے بڑے ریاضیاتی اعزاز پر اپنا نام ثبت کر دیا ہے۔

2026 کی بین الاقوامی کانگریس برائے ریاضی کے دوران دو چینی ریاضی دانوں دنگ یو اور وانگ ہونگ کو فیلڈز میڈل سے نوازا گیا، جو ریاضی کے شعبے کا سب سے باوقار عالمی اعزاز سمجھا جاتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چین سے تعلق رکھنے والے ریاضی دانوں کو یہ اعزاز ملا ہے، جبکہ یہ بھی پہلی مرتبہ ہے کہ چین میں ریاضی کی تعلیم حاصل کرنے والے دو محققین نے ایک ہی سال میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
اس اعزاز کی ایک اور نمایاں بات یہ رہی کہ ان میں شامل خاتون ریاضی دان وانگ ہونگ 1936 میں فیلڈز میڈل کے آغاز کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی صرف تیسری خاتون بن گئی ہیں، جو ریاضی کے شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی علمی کامیابیوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

دونوں محققین نے مختلف شعبوں میں ریاضی کی انتہائی پیچیدہ مسائل پر تحقیق کر کے عالمی علمی برادری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی تحقیق تجزیاتی ریاضی، جیومیٹری، جزوی تفاضلی مساوات، سیالات کی حرکیات، شماریاتی طبیعیات اور دیگر جدید ریاضیاتی علوم پر مرکوز رہی، جن کے نتائج مستقبل میں سائنس، انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

خاتون ریاضی دان وانگ ہونگ کا تعلیمی سفر اس بات کی مثال بھی ہے کہ عزم اور مستقل مزاجی کس طرح مشکلات کو کامیابی میں بدل سکتی ہے۔ ابتدا میں انہیں اپنی پسند کے مضمون میں داخلہ نہیں مل سکا، لیکن انہوں نے اضافی امتحان دے کر ریاضی کے شعبے میں منتقل ہونے کا موقع حاصل کیا۔ بچپن سے ریاضی سے وابستگی رکھنے والی اس محقق نے بعد میں اسی میدان کے نہایت پیچیدہ مسائل پر تحقیق کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔
ان کے مطابق جب تحقیق کسی مشکل مرحلے پر پہنچ جائے تو جسمانی ورزش ذہن کو تازگی فراہم کرتی ہے اور نئے انداز میں سوچنے میں مدد دیتی ہے۔ وہ اس بات پر بھی زور دیتی ہیں کہ ریاضی کی تحقیق سرحدوں کی پابند نہیں ہونی چاہیے بلکہ دنیا بھر کے محققین کو آزادانہ طور پر ایک دوسرے سے سیکھنے اور خیالات کے تبادلے کا موقع ملنا چاہیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ریاضی کے ساتھ ساتھ انہیں مصوری سے بھی گہرا شغف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی پیچیدہ مسئلے پر غور کرتے ہوئے خاکے بنانا اس کی ساخت کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دیتا ہے، اور ان کے نزدیک مصوری اور ریاضی کے درمیان ایک فطری تعلق موجود ہے۔

دوسرے ریاضی دان دنگ یو کی کامیابی بھی غیر معمولی لگن اور مسلسل محنت کی عکاس ہے۔ ان کی ریاضی سے دلچسپی ایک عام درسی کتاب کے سوال سے شروع ہوئی، جسے حل کرنے میں انہوں نے کئی گھنٹے صرف کیے۔ اسی مسئلے کا حل ان کے لیے ریاضی سے محبت کی بنیاد بن گیا اور بعد میں یہی شوق عالمی سطح کی کامیابی تک پہنچا۔

بچپن ہی سے وہ ریاضی کے ساتھ ساتھ روایتی بورڈ گیم گو میں بھی غیر معمولی مہارت رکھتے تھے۔ کم عمری میں وہ پیشہ ور کھلاڑی بننے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے، تاہم بعد میں انہوں نے ریاضی کو اپنا مستقل میدان بنایا، جبکہ آج بھی ذہنی دباؤ کم کرنے اور تحقیق کے دوران وقفہ لینے کے لیے اسی کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

طالب علمی کے زمانے میں انہوں نے مڈل اور ہائی اسکول کا مکمل ریاضی نصاب خود ہی پڑھ لیا تھا۔ کم عمری میں ہی اعلیٰ سطح کے ریاضیاتی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں بین الاقوامی ریاضی اولمپیاڈ میں طلائی تمغہ بھی اپنے نام کیا۔ بعد میں انہوں نے دنیا کے ممتاز تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور ریاضی کے مختلف جدید شعبوں میں تحقیق جاری رکھی۔

ریاضی کے علاوہ انہیں شاعری اور تخلیقی ادب میں بھی دلچسپی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ ریاضی دان نہ بنتے تو شاید سائنسی افسانے لکھتے، کیونکہ ان کے نزدیک ریاضی اور سائنس فکشن دونوں میں ایک مشترک عنصر موجود ہے، جہاں ایک تصور قائم کر کے اس کی بنیاد پر مضبوط منطقی استدلال کے ساتھ آگے بڑھا جاتا ہے۔


فیلڈز میڈل کا اعزاز ریاضی کی دنیا میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے بلکہ فیلڈز میڈل کو اکثر ریاضی کا "نوبل انعام" کہا جاتا ہے۔ یہ اعزاز ہر چار سال بعد 40 سال سے کم عمر کے نمایاں ریاضی دانوں کو دیا جاتا ہے۔ 1936 میں اس کے آغاز کے بعد اب تک صرف چند مواقع پر ایسا ہوا ہے کہ ایک ہی سال میں کسی ایک ملک کے دو ریاضی دان اس اعزاز کے حقدار قرار پائے ہوں۔ اس تاریخی کامیابی کے بعد چین ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے یہ منفرد اعزاز حاصل کیا ہے۔

یہ کامیابی اس حقیقت کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ مضبوط تعلیمی نظام، بنیادی تحقیق میں مسلسل سرمایہ کاری، نوجوان صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور عالمی علمی تعاون کسی بھی ملک کو اعلیٰ سائنسی میدانوں میں نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ریاضی اگرچہ عام زندگی میں ایک مشکل مضمون سمجھا جاتا ہے، لیکن یہی علم مصنوعی ذہانت، خلائی تحقیق، جدید مواصلات، انجینئرنگ، طبی سائنس اور ڈیجیٹل معیشت سمیت بے شمار شعبوں کی بنیادی زبان بھی ہے۔

چین کے دو ریاضی دانوں کی یہ تاریخی کامیابی صرف ایک عالمی اعزاز حاصل کرنے تک محدود نہیں بلکہ یہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ مسلسل محنت، تحقیق اور علم سے وابستگی نئی نسل کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایسے کارنامے نوجوانوں کے لیے یہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ علم کی دنیا میں کامیابی کا راستہ صلاحیت، استقامت اور مسلسل جستجو سے ہو کر گزرتا ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1913 Articles with 1128049 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More