موسمیاتی تبدیلی کے دور میں ثقافتی ورثے کا تحفظ

موسمیاتی تبدیلی کے دور میں ثقافتی ورثے کا تحفظ
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

صدیوں پرانی تہذیبوں کے آثار صرف پتھروں، دیواروں اور مجسموں کا مجموعہ نہیں ہوتے بلکہ وہ انسانیت کی مشترکہ تاریخ، فن اور ثقافت کی زندہ یادگار ہوتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان تاریخی ورثوں کو قدرتی عوامل، موسمیاتی تبدیلی، آلودگی اور بڑھتی ہوئی انسانی سرگرمیوں جیسے نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے میں ان کی حفاظت صرف ایک ملک نہیں بلکہ پوری دنیا کی مشترکہ ذمہ داری بن چکی ہے۔ چین نے اپنے ایک تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو جس انداز میں استعمال کیا ہے، وہ اب عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

چین کے صحرائی علاقے میں واقع دنیا کے معروف موگاؤ غاروں میں آنے والے سیاح عموماً قدیم دیواروں پر بنی دلکش تصویروں، نفیس مجسموں اور بدھ مت کے تاریخی فن پاروں میں کھو جاتے ہیں، لیکن شاید ہی کسی کی نظر ان سادہ دھاتی دروازوں پر جاتی ہو جو ان غاروں کے داخلی راستوں پر نصب ہیں۔ بظاہر عام دکھائی دینے والے یہ دروازے دراصل ایک جدید ذہین نظام کا حصہ ہیں، جو غاروں کے اندر کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار بڑھنے پر خودکار طور پر کھل جاتے ہیں تاکہ تازہ ہوا اندر داخل ہو سکے اور قدیم نقاشیوں اور رنگوں کو نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ جدید نظام اس بات کی ایک مثال ہے کہ چین اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو موسمیاتی تبدیلی کے نئے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جدید سائنس اور مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔تقریباً سولہ سو سال قبل تعمیر کیے گئے یہ غار دنیا میں بدھ مت کے فن اور ثقافت کے سب سے بڑے اور محفوظ ترین ذخائر میں شمار ہوتے ہیں۔ سینکڑوں غاروں میں دیواروں پر بنائی گئی تصاویر اور رنگین مجسمے آج بھی قدیم تہذیب کی شاندار داستان سناتے ہیں، جنہیں یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ دے رکھا ہے۔

اس تاریخی مقام کی طویل عرصے تک حفاظت میں وہاں کی خشک آب و ہوا نے اہم کردار ادا کیا، لیکن حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث صورتحال تبدیل ہو رہی ہے۔ شمال مغربی چین میں بارشوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور خطہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ گرم اور مرطوب ہوتا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب غاروں کے اندر نمی ایک مخصوص حد سے تجاوز کر جاتی ہے تو دیواروں میں موجود نمکیات تحلیل ہونا شروع ہو جاتے ہیں، جس سے قدیم رنگ، پلستر اور نقاشیاں اندر ہی اندر متاثر ہونے لگتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب صرف مرمت کافی نہیں بلکہ مسلسل نگرانی اور پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

اس مقصد کے لیے غاروں میں نصب اسمارٹ دروازے موسم کے مطابق خودکار انداز میں کام کرتے ہیں۔ بارش کے دوران یہ دروازے نمی کو اندر آنے سے روکتے ہیں، گرد آلود طوفانوں میں مکمل بند رہتے ہیں، جبکہ صاف موسم میں مناسب وقت پر کھل کر اندرونی ماحول کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

ان دروازوں کے ساتھ ایک جدید نگرانی کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے، جس کے تحت غاروں اور ان کے اطراف میں 600 سے زائد سینسرز مسلسل درجہ حرارت، نمی، کاربن ڈائی آکسائیڈ، سیاحوں کی تعداد، بارش اور گرد آلود موسم سمیت مختلف عوامل کی نگرانی کرتے ہیں۔ یہ تمام معلومات حقیقی وقت میں کنٹرول سینٹر تک پہنچتی ہیں، جہاں خطرات کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔


اگر شدید موسمی صورتحال پیدا ہو جائے تو سیاحوں کی آمد عارضی طور پر روک دی جاتی ہے اور غاروں کو بند کر دیا جاتا ہے تاکہ نمی اور دیگر نقصان دہ عوامل کو اندر داخل ہونے سے روکا جا سکے۔ یوں ، ہر بروقت حفاظتی اقدام ان تاریخی فن پاروں کی عمر میں مزید اضافہ کرتا ہے۔

تحفظ کے کام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید تحقیقی تجربہ گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں، جہاں مختلف موسمی حالات کو مصنوعی طور پر پیدا کیا جاتا ہے۔ انتہائی سردی، شدید گرمی، بارش، برف باری، تیز ہواؤں اور دھوپ جیسے حالات میں قدیم مواد کے ردعمل کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ مستقبل میں ممکنہ نقصانات کا پہلے سے اندازہ لگا کر مناسب حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

اس جدید نظام کے ذریعے ایک سال کے موسمی اثرات کو چند ہفتوں میں جانچا جا سکتا ہے، جس سے تاریخی آثار کی طویل مدتی حفاظت کے لیے مؤثر منصوبہ بندی ممکن ہوتی ہے۔ان مسلسل کوششوں کے نتیجے میں چین نے تاریخی غاروں کے تحفظ کے لیے ایک جامع طریقۂ کار تشکیل دیا ہے، جسے اب "دون ہوانگ ماڈل" کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس ماڈل کے تحت موسمیاتی تبدیلی، گرد آلود طوفانوں، بڑھتی ہوئی نمی اور دیگر قدرتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مسلسل نگرانی اور سائنسی تحقیق کو یکجا کیا گیا ہے۔

اس کامیاب تجربے کی بنیاد پر چین اب اپنے دیگر تاریخی غاروں اور ثقافتی مقامات کو بھی اسی نگرانی کے نظام سے جوڑنے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاکہ ہر مقام کی جغرافیائی اور موسمی صورتحال کے مطابق الگ حفاظتی حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

دوسری جانب شاہراہِ ریشم سے وابستہ مختلف ممالک کے ماہرین بھی اس تجربے سے استفادہ کر رہے ہیں۔ چین نے حال ہی میں ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق ایک تربیتی پروگرام کا آغاز کیا، جس میں مختلف ممالک کے ماہرین جدید سائنسی طریقوں، تحفظ، مرمت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے عملی تجربات سے آگاہ ہو رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ثقافتی ورثے کو پہنچنے والا نقصان ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، اس لیے صرف مرمت کافی نہیں بلکہ بروقت نگرانی، پیشگی منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مستقبل میں ان تاریخی اثاثوں کو محفوظ رکھنے کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔

چین کا یہ تجربہ اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیات کا مسئلہ نہیں بلکہ تہذیبوں، تاریخ اور عالمی ثقافتی ورثے کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ایسے میں جدید سائنس، مصنوعی ذہانت اور بین الاقوامی تعاون کو بروئے کار لا کر نہ صرف اپنی قومی یادگاروں بلکہ پوری انسانیت کے مشترکہ ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، اور یہی "دون ہوانگ ماڈل" کا سب سے اہم پیغام بھی ہے۔ 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1965 Articles with 1147845 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More