چینی کولنگ ٹیکنالوجی کی زبردست عالمی مانگ

چینی کولنگ ٹیکنالوجی کی زبردست عالمی مانگ
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اب صرف سائنسی رپورٹس تک محدود نہیں رہے بلکہ روزمرہ زندگی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ کہیں شدید بارشیں معمولات زندگی متاثر کر رہی ہیں تو کہیں غیر معمولی گرمی لوگوں کو نئے حل تلاش کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ یورپ بھی حالیہ دنوں اسی صورتحال سے گزر رہا ہے، جہاں مسلسل اور شدید گرمی کی لہروں نے نہ صرف عوامی زندگی کو متاثر کیا ہے بلکہ کولنگ مصنوعات کی مانگ میں بھی غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔ اس بدلتی صورتحال نے چینی کمپنیوں کے لیے عالمی منڈی میں نئی تجارتی اور صنعتی مواقع پیدا کر دیے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں یورپ کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت نے کئی ریکارڈ توڑے، جس کے باعث ایئر کنڈیشنرز، پنکھوں اور دیگر کولنگ آلات کی طلب اچانک کئی گنا بڑھ گئی۔ متعدد الیکٹرانکس اسٹورز میں کولنگ مصنوعات چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئیں، جبکہ کئی آن لائن پلیٹ فارمز پر نئے اسٹاک کی آمد کے فوراً بعد تمام مصنوعات ختم ہونے لگیں۔ بعض مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کئی گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس بڑھتی ہوئی طلب کی ایک بڑی وجہ صرف شدید گرمی نہیں بلکہ یورپ میں رہائشی عمارتوں کی ساخت بھی ہے۔ کئی ممالک میں بیشتر عمارتیں کئی دہائیاں قبل تعمیر کی گئی تھیں، جہاں مستقل ایئر کنڈیشننگ نظام نصب کرنا آسان نہیں۔ بہت سے مکانات کرائے پر ہونے کی وجہ سے مستقل تنصیب کے لیے مالک کی اجازت درکار ہوتی ہے، جبکہ عمارتوں کے ڈیزائن، شور سے متعلق قواعد اور دیگر انتظامی پابندیاں بھی رکاوٹ بنتی ہیں۔

اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی کمپنیوں نے ایسے جدید اور پورٹیبل ایئر کنڈیشنرز تیار کیے ہیں جنہیں بغیر دیوار توڑے یا مستقل تبدیلی کے آسانی سے نصب کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے آلات یورپی صارفین میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں اور بعض مقامات پر ان کی قلت بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

صرف کولنگ آلات ہی نہیں بلکہ برقی پنکھے، آئس میکرز، اسمارٹ درجہ حرارت کنٹرول ڈیوائسز اور دیگر گرمی سے بچاؤ کی مصنوعات کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے یورپ میں گرمی کی شدت اور دورانیہ بڑھ رہا ہے، کولنگ مصنوعات اب عارضی یا موسمی ضرورت کے بجائے گھریلو ضروریات کا مستقل حصہ بنتی جا رہی ہیں۔

اس صورتحال نے چینی صنعت کے ایک اور اہم پہلو کو بھی نمایاں کیا ہے، اور وہ ہے مضبوط سپلائی چین۔ چین نے صرف مصنوعات تیار کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ یورپ میں مقامی گوداموں، جدید لاجسٹکس نیٹ ورک، تیز رفتار ترسیل اور بعد از فروخت خدمات کے نظام کو بھی وسعت دی ہے۔ اس کے نتیجے میں صارفین کو مختصر وقت میں مصنوعات کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی طلب کے باوجود سپلائی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ عالمی منڈی میں کامیابی اب صرف کم قیمت یا زیادہ پیداوار سے ممکن نہیں رہی بلکہ مقامی ضروریات کو سمجھنا، صارفین کی عادات کے مطابق مصنوعات تیار کرنا، تیز رفتار ترسیل اور مؤثر خدمات فراہم کرنا بھی اتنا ہی اہم ہو چکا ہے۔ چین کی کمپنیاں اسی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے مختلف ممالک کی ضروریات کے مطابق نئی مصنوعات متعارف کرا رہی ہیں۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث مستقبل میں دنیا کے کئی خطوں میں شدید گرمی کے واقعات مزید بڑھ سکتے ہیں، جس سے توانائی بچانے والی، ماحول دوست اور اسمارٹ کولنگ ٹیکنالوجی کی اہمیت بھی بڑھتی جائے گی۔ ایسے حالات میں تحقیق، جدت اور مقامی ضروریات کے مطابق مصنوعات کی تیاری عالمی صنعت کی نئی سمت متعین کرے گی۔

وسیع تناظر میں ، یورپ میں گرمی کی حالیہ لہر صرف ایک موسمی واقعہ نہیں بلکہ عالمی معیشت، صنعت اور صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ چین نے جدید ٹیکنالوجی، مضبوط مینوفیکچرنگ، مؤثر سپلائی چین اور صارفین کی ضروریات کے مطابق اختراعات کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ مستقبل کی عالمی مسابقت صرف پیداوار کی رفتار سے نہیں بلکہ جدت، معیار، مقامی مطابقت اور فوری خدمات کی صلاحیت سے طے ہوگی۔ 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1965 Articles with 1147840 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More