پاکستان کا مقصداسلامی ریاست کا قیام

پاکستان کا مقصداسلامی ریاست کا قیام
ازقلم: صبا شوکت رانا
14 اگست 1947ء وہ عظیم دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزاد وطن پاکستان کی نعمت عطا فرمائی۔ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور ہر نعمت کا شکر ادا کرنا ضروری ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
لَىٕنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّكُمْ
"اگر تم شکر ادا کرو گے تو میں تمہیں اور زیادہ نعمتیں عطا کروں گا۔ "( سورہ ابراھیم :آیت 7)
"پاکستان ایک اسلامی نظریے کی بنیاد پر قائم ہونے والی ریاست ہے، جس کے قیام کا مقصد ایک ایسی مملکت کا حصول تھا جہاں مسلمان اپنے دین اور اسلامی تعلیمات کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔"
لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہم نے آزادی کے حقیقی مقصد کو بڑی حد تک بھلا دیا ہے۔ اورخاص طور پر آج کے نوجوانوں نے یومِ آزادی کو صرف گانے باجے، بم پٹاخے، آتش بازی اور خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹس تک محدود کر دیا ہے ، ایسے کام نہ صرف دوسروں کے لیے تکلیف کا باعث بنتے ہیں بلکہ بعض اوقات جان و مال کے نقصان کا سبب بھی بن جاتے ہیں۔ کیا یومِ آزادی کا جشن کسی دوسرے شہری کے لیے اذیت، خوف یا پریشانی کا باعث بننا چاہیے؟ یقیناً نہیں
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔"
یومِ آزادی کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا، اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنا اور یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔
اس لیے ہمیں ہر ایسے کام سے بچنا چاہیے جس سے دوسروں کو تکلیف پہنچے۔ اگر ہم واقعی پاکستان سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگی میں اسلام کو نافذ کریں اور پھر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ بنانے میں اپنا کردار اداکریں، اپنے شہداء کے لیے دعا کریں، قومی پرچم کا احترام کریں، صفائی کا خیال رکھیں، قانون کی پابندی کریں اور اپنے اخلاق و کردار سے اسلام اور پاکستان کا نام روشن کریں۔
حرف آخر: یومِ آزادی پر جشن منانے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنا احتساب بھی کرنا چاہیے۔ کیا ہم پاکستان کو ایک پُرامن، ترقی یافتہ، خوشحال اور اسلامی اصولوں کے مطابق چلنے والی ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں؟ اگر نہیں، تو ہمیں آج یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم یومِ آزادی کو شور و ہنگامے کے بجائے شکر، دعا، نیک اعمال، اتحاد، محبت اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ منائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن پاکستان کو ہمیشہ امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، اور ہمیں اس کی سچی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
پاکستان زندہ باد!
 
Saba Shoukat Rana
About the Author: Saba Shoukat Rana Read More Articles by Saba Shoukat Rana: 27 Articles with 55309 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.