”جنت کا راستہ“ ایک جامع دینی و اصلاحی کتاب
(HASEEB EJAZ AASHIR, Lahore)
حسیب اعجاز عاشرؔ زندگی ایّام و ساعات کے گزر جانے، ضروریاتِ معاش کی تکمیل، خواہشاتِ نفس کی تسکین اور دنیوی آسائشوں کے حصول سمجھ لینا دین سے دوری کے سوا کچھ نہیں کیونکہ یہ تو ایک عظیم امانت، ایک بامقصد سفر اور ایک ایسی آزمائش ہے جس کی کامیابی کا حقیقی ظہور دارِ آخرت میں ہوکر رہے گا۔ انسان کی سعادتِ ابدی کا مدار اس امر پر ہے کہ وہ اپنے خالق و مالک کی معرفت حاصل کرے، اس کے احکام کے سامنے سرِ تسلیم خم کرے، رسولِ اکرم ﷺ کی سنتِ مطہرہ کو اپنے لیے مشعلِ راہ بنائے اور اپنی زندگی کے شب و روز کو رضائے الٰہی کے حصول میں صرف کرے۔ جب زندگی کا مقصد بندگیِ ربّ العالمین اور انجامِ کار کی کامیابی رضائے الٰہی کا حصول ہو، تو لامحالہ اس راستے کی معرفت، اس کے آداب کی رعایت اور اس پر استقامت کی ضرورت بھی مسلّم ہے۔ ”ابو محمد حذیفہ ارشاد و حفصہ ارشاد“ کی مرتب کردہ زیرِ نظر کتاب ”جنت کا راستہ“ اسی بنیادی دینی شعور کو بیدار کرنے اور مسلمان کو اس کے حقیقی نصب العین کی جانب متوجہ کرنے والی ایک قابلِ توجہ دینی و اصلاحی کاوش ہے۔ کتاب کا عنوان اپنے اندر ایک وسیع معنوی جہان سموئے ہوئے ہے،یہ ایک دعوت، ایک پیغام اور ایک یاد دہانی ہے کہ جنت کی آرزو رکھنے والے کو اپنی زندگی کے اعمال، اخلاق، عبادات اور معاملات کو شریعتِ مطہرہ کے سانچے میں ڈھالنے کی سعی کرنی چاہیے۔کتاب میں مرتبین نے مختلف دینی و اصلاحی موضوعات کو یکجا کرنے کی کوشش کی ہے۔ مرتبین کی یہ سعی اپنی نوعیت کے اعتبار سے قابلِ قدر ہے، کیوں کہ دینی تعلیمات کو قابلِ استفادہ ترتیب میں پیش کرنا، بکھرے ہوئے مسائل کو یک جا کرنا اور عام مسلمان کے لیے دینی معلومات تک رسائی کو سہل بنانا ایک مفید علمی خدمت ہے۔ ہر وہ کوشش جو انسان کو دین کی بنیادی تعلیمات سے قریب کرے، عبادات کے صحیح فہم کی طرف راغب کرے اور سنتِ نبوی ﷺ سے وابستگی پیدا کرنے میں معاون ہو، اپنی افادیت رکھتی ہے۔ تاہم کسی مجموعہ مضامین کی حقیقی قدر و قیمت صرف اس کی ضخامت یا موضوعات کی کثرت سے متعین نہیں ہوتی؛ بلکہ صحتِ مواد، حسنِ ترتیب، حوالہ جات کی درستی، عبارت کی وضاحت اور عملی افادیت اس کے امتیازات کو متعین کرتے ہیں۔ اس زاویہ نظر سے ”جنت کا راستہ“ کا موضوعاتی تنوع قابلِ توجہ ہے اور اس کی افادیت کا حقیقی اندازہ اس کے مضامین کے مطالعے، ان کے علمی استناد اور عملی تطبیق سے ہوجاتا ہے۔ سرفہرست کتاب میں قرآنِ کریم کی تلاوت، اس کے آداب، فضائل، ختمِ قرآن، تلاوت کی ترغیب اور قرآنی تعلیمات سے استفادے جیسے موضوعات کو جگہ دی گئی ہے۔ یہ ایک نہایت اہم پہلو ہے، کیوں کہ قرآنِ مجید مسلمان کی انفرادی و اجتماعی زندگی کے لیے سرچشمہ ہدایت اور معیارِ حق ہے۔کتاب میں نماز کے اوقات، شرائط، ارکان، واجبات، سنن، جماعت، اذان و اقامت، نماز کے بعد کے اذکار اور دیگر متعلقہ مسائل کا ذکر نمایاں ہے۔ وضو، غسل، تیمم، مسواک، جسمانی صفائی اور طہارت سے متعلق متعدد عنوانات بھی موجود ہیں،علاوہ ازیں روزمرّہ زندگی کے لیے مسنون دعاؤں اور اذکار کو یک جا دیکھنے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ قاری انہیں اپنے معمولات میں شامل کر سکتا ہے۔ روزے کے مسائل کا مطالعہ خصوصاً عام مسلمانوں، نوجوانوں اور نوآموز طلب علم کے لیے مفید ہو سکتا ہے، بشرطیکہ فقہی احکام کی تفصیلات مستند حوالوں اور معتبر علمی رہنمائی کے ساتھ سمجھی جائیں۔کتاب میں روزمرّہ زندگی کے آداب، مختلف مواقع کی دعائیں، باہمی معاملات اور متعدد اصلاحی موضوعات کا تنوع اس بات کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ دینی رہنمائی کا دائرہ مسجد اور محراب تک محدود نہیں، بلکہ گھر، بازار، سفر، نشست و برخاست اور معاشرتی تعلقات تک پھیلا ہوا ہے۔ اسلامی اخلاق کی بنیاد صدق، امانت، عدل، عفو، احسان، تواضع، حسنِ معاشرت اور حقوق العباد کی رعایت پر قائم ہے۔ اگر انسان عبادات کا اہتمام کرے، مگر اس کی زبان دوسروں کو اذیت پہنچائے، اس کے معاملات میں خیانت ہو اور اس کے رویّے میں تکبّر پایا جائے، تو اسے اپنی اصلاح کے اس پہلو پر بھی سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔”جنت کا راستہ“ اس حوالے سے بہت اہم ہے کہ وہ کردار میں بھی مثبت تبدیلی پیدا کرنے کی دعوت بھی دی رہی ہے اور دعوت دینے کا جذبہ پر پیدا کر رہے ہیں۔دینی موضوعات کو یک جا کرنے، ان کی ترتیب و تدوین اور قارئین کے لیے ایک قابلِ رجوع مجموعہ تیار کرنے میں محنت، وقت اور توجہ صرف ہوتی ہے۔ اس تناظر میں کتاب کے مرتبین ”ابو محمد حذیفہ ارشاد و حفصہ ارشاد“ کی کوشش قابلِ تحسین ہے۔ 490 صفحات پر مشتمل اِس کتاب میں واضح طباعت، مناسب حروف، مضبوط جلد بندی اور آسان فہرست بھی اہم ہے کیوں کہ اس سے قاری بار بار رجوع کر سکتا ہے۔ مرتبین اپنی محنت اور خدمت کا اپنا حق ادا کر دیا اب قاری اپنا حق ایسے ادا کرسکتا ہے کہ مطالعہ مقصدیت، اخلاص اور عملی عزم کے ساتھ کرے۔ صرف صفحہ پر صفحہ پلٹ لینا، عبارت پڑھ لینا یا معلومات یاد کر لینا مطلوبِ اصلی نہیں، اصل مقصود تویہ ہے کہ علم انسان کے عقیدے کو درست کرے، عبادت کو سنوارے، اخلاق کو نکھارے اور عمل کو صالح بنائے۔اس کتاب کو اپنی ذاتی اصلاح تک محدود رکھنے کے بجائے اہلِ خانہ، نوجوانوں اور دینی مطالعے سے شغف رکھنے والے احباب تک بھی پہنچائیے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس کتاب کے مرتبین ”ابو محمد حذیفہ ارشاد و حفصہ ارشاد“کی محنت کو قبول فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو نفعِ عام کا ذریعہ بنائے۔آمین یا رب العالمین۔
|