دو تہذیبوں کے درمیان نئی نسل: آزادی، شناخت اور خاندانی اقدار تحریر: ڈاکٹر افضل رضوی ---آسٹریلیا

دو تہذیبوں کے درمیان نئی نسل: آزادی، شناخت اور خاندانی اقدار
تحریر: ڈاکٹر افضل رضوی ---آسٹریلیا
آسٹریلیا میں آباد پاکستانی خاندانوں کی زندگی کا ایک دلچسپ اور قابلِ غور پہلو یہ ہے کہ گھر کی چار دیواری کے اندر مشرقی روایات کی خوشبو بسی ہوتی ہے، جب کہ گھر سے باہر ایک ایسی مغربی دنیا آباد ہے جس کے طور طریقے، معاشرتی اقدار اور زندگی کے تقاضے خاصے مختلف ہیں۔ والدین نے پاکستان کی تہذیبی فضا میں آنکھ کھولی، وہاں کے خاندانی نظام میں پرورش پائی اور رشتوں کی گرم جوشی، بزرگوں کے احترام اور اجتماعی زندگی کی روایت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنایا، جب کہ ان کی اولاد نے آسٹریلیا کی آزاد، متنوع اور کثیرالثقافتی فضا میں شعور کی آنکھ کھولی۔ یوں ایک ہی گھر میں دو نسلیں ہی نہیں، دو معاشرتی تجربے، دو طرزِ فکر اور زندگی کو دیکھنے کے دو مختلف زاویے ساتھ ساتھ پرورش پا رہے ہیں۔ یہی صورتِ حال کبھی گھر کی رونق بنتی ہے اور کبھی والدین کے لیے ایک سنجیدہ سماجی اور نفسیاتی آزمائش۔
ذرا تصور کیجیے کہ والد صاحب اپنی مشرقی روایات کے مطابق کسی معاملے میں فیصلہ صادر فرماتے ہیں اور صاحبزادے یا صاحبزادی اپنی آسٹریلوی تربیت کے زیرِ اثر اپنی رائے پیش کر دیتے ہیں۔ بس پھر کیا ہے، گھر میں ایک مختصر سی فکری نشست شروع ہو جاتی ہے! والدین اسے تربیت، نظم و ضبط اور خاندانی اقدار کا معاملہ سمجھتے ہیں، جب کہ بچے اسے اپنی شخصی آزادی اور خودمختاری سے جوڑ کر دیکھتے ہیں۔ ایک طرف والدین کے نزدیک بزرگوں کا احترام، خاندان کی عزت، اجتماعی مشاورت اور والدین کی رہنمائی زندگی کے مسلمہ اصول ہیں، تو دوسری طرف بچوں کے لیے اپنی پسند کا اظہار، اپنی رائے قائم کرنا اور زندگی کے فیصلوں میں شریک ہونا ایک فطری حق ہے۔
سوال یہ ہے کہ اس صورتِ حال سے کیسے نمٹا جائے؟ کیا اسے مشرق و مغرب کی کشمکش سمجھ کر ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کر دیا جائے یا اسے دو مختلف تہذیبی تجربات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کا موقع بنایا جائے؟میرے نزدیک اسے تہذیبوں کی جنگ بنانے کے بجائے نسلوں کے درمیان مکالمے کا ذریعہ بنانا چاہیے۔ زمانہ بدلتا ہے، معاشرے بدلتے ہیں اور ان کے ساتھ سوچنے کے انداز بھی تبدیل ہوتے ہیں۔ والدین کا کام یہ نہیں کہ وہ اپنی اولاد کو ہر حال میں اپنے زمانے کے سانچے میں ڈھالنے پر اصرار کریں، بلکہ انہیں اپنی روایات کی معنویت، اخلاقی اقدار کی اہمیت اور خاندانی نظام کی افادیت سے روشناس کرائیں۔ دوسری طرف بچوں کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ والدین کی نصیحت محض پابندی یا مداخلت نہیں ہوتی؛ اس کے پیچھے عمر بھر کے تجربات، محبت، فکرمندی اور بے شمار قربانیوں کی ایک طویل داستان پوشیدہ ہوتی ہے۔ اصل کامیابی اسی میں ہے کہ بچوں کو آزادی بھی ملے اور ذمہ داری کا احساس بھی پیدا ہو؛ وہ جدید دنیا میں آگے بھی بڑھیں اور اپنی تہذیبی شناخت سے رشتہ بھی برقرار رکھیں۔
اس سلسلے میں ایک اور اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آسٹریلیا میں پروان چڑھنے والے بچے جب پاکستان جاتے ہیں تو کیا وہاں کے خاندانی نظام، رشتوں اور روایات کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کر پاتے ہیں؟اس سوال کا جواب بڑی حد تک والدین کے طرزِ تربیت اور بچوں کے پاکستان سے مسلسل رابطے میں پوشیدہ ہے۔ اگر والدین سال دو سال بعد بچوں کو پاکستان لے جائیں، عزیز و اقارب سے ملاقاتیں کروائیں اور انہیں خاندانی تقریبات میں شریک کریں تو ان کے دل میں اپنے خاندان اور آبائی وطن کے لیے ایک فطری تعلق پیدا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس اگر پاکستان سے رابطہ محض کبھی کبھار کی گفتگو یا رسمی یاد دہانی تک محدود رہے تو وقت گزرنے کے ساتھ یہ رشتہ کمزور پڑ جاتا ہے۔
پاکستان کا سفر ان بچوں کے لیے محض ہوائی جہاز میں بیٹھ کر ایک ملک سے دوسرے ملک پہنچنے کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسی دنیا میں قدم رکھنے کا تجربہ ہے جہاں رشتوں کی گرم جوشی، خاندانی میل جول اور معاشرتی روایات زندگی کا نمایاں حصہ ہیں۔ وہاں کہیں دادا دادی کی شفقت ہے، کہیں نانا نانی کی محبت، کہیں چچا، ماموں، پھوپھی اور خالہ کے رشتوں کی مٹھاس، تو کہیں عزیزوں کی محفلیں، شادی بیاہ کی تقریبات اور خاندانی دسترخوان کی رونقیں۔ پاکستان میں کوئی رشتہ دار دوسرے کے گھر بے تکلف چلا جاتا ہے، حال احوال پوچھتا ہے اور کبھی کبھی تو کھانے کے وقت پہنچ کر دسترخوان کا حصہ بھی بن جاتا ہے۔ یہ بے تکلفی اور اپنائیت ہماری معاشرت کا ایک خوب صورت وصف ہے۔اس کے برعکس آسٹریلیا میں ذاتی مصروفیات، نجی زندگی، وقت کی پابندی اور انفرادی ترجیحات کو زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ چنانچہ یہاں پروان چڑھنے والے بچوں کے لیے پاکستان کا خاندانی ماحول ابتدا میں قدرے مختلف اور بعض اوقات اجنبی محسوس ہو تا ہے۔ انہیں رشتوں کے القاب، بزرگوں سے میل جول کے آداب اور خاندانی توقعات سمجھنے میں کچھ وقت لگ جاتاہے۔تاہم محبت اور اپنائیت کی زبان کسی ایک ملک یا معاشرے کی محتاج نہیں۔ اگر بچوں کو بچپن ہی سے اردو یا اپنی مادری زبان، خاندانی رشتوں، تہذیب اور روایات سے متعارف کرایا جائے تو وہ رفتہ رفتہ اس ماحول سے مانوس ہو جاتے ہیں۔کیونکہ زبان ثقافت کو اور ثقافت زبان کو زندہ رکھتی ہے گویا دونوں ایک دوسرے کے لیے جزو لا ینیفک ہیں۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کے دورے محض سیروتفریح تک محدود نہ رہیں بلکہ انہیں اپنی خاندانی تاریخ، بزرگوں کی زندگی، آبائی علاقوں اور ثقافتی ورثے سے واقفیت کا ذریعہ بھی بنایا جائے۔ آخر انسان کی شناخت صرف اس سرزمین سے نہیں بنتی جہاں وہ پیدا ہوتا ہے، بلکہ ان رشتوں، یادوں، زبان اور تہذیبی اقدار سے بھی تشکیل پاتی ہے جو اس کے باطن میں گھر کر لیتی ہیں۔
اسی ضمن میں ایک اور اہم مرحلہ اس وقت سامنے آتا ہے جب تعلیم، دوستوں کے انتخاب، لباس اور طرزِ زندگی کے معاملات میں بچوں کے فیصلے والدین کی توقعات سے مختلف ہو جاتے ہیں۔ یہاں والدین کی دانائی، تحمل اور معاملہ فہمی کا حقیقی امتحان شروع ہوتا ہے۔بچے اپنی دلچسپی کے مطابق تعلیمی شعبہ منتخب کرنا چاہتے ہیں، اپنے دوستوں کا حلقہ خود بناتے ہیں اور لباس و رہن سہن میں اپنی پسند کو ترجیح دیتے ہیں، جب کہ والدین کے ذہن میں اپنی اولاد کے مستقبل کے لیے ایک مختلف نقشہ موجود ہوتا ہے۔ بعض والدین اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، ان کی تعلیمی، سماجی اور جذباتی ضروریات کو سمجھتے ہیں اور ان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھتے ہیں، اس لیے اختلافات کو خوش اسلوبی سے سنبھال لیتے ہیں۔ اس کے برعکس جو والدین روزمرہ کی مصروفیات اور دیگر ذمہ داریوں میں اس قدر الجھ جاتے ہیں کہ بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کا موقع ہی نہیں نکال پاتے، انہیں بعض اوقات اس صورتِ حال کا سامنا زیادہ شدت سے کرنا پڑتا ہے۔یہاں ایک بنیادی بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اولاد کوئی ایسی موم کی گڑیا نہیں جسے والدین اپنی مرضی کے مطابق ہر شکل دے دیں۔ ہر بچے کی اپنی شخصیت، اپنی صلاحیت، اپنا رجحان اور اپنا اندازِ فکر ہوتا ہے۔ تعلیم کے معاملے میں بچے کی دلچسپی اور استعداد کو اہمیت ملنی چاہیے، دوستوں کے انتخاب میں محض شک و شبہ کے بجائے اعتماد اور اچھے برے کی تمیز پیدا کرنی چاہیے، جب کہ لباس اور طرزِ زندگی کے حوالے سے اخلاقی و تہذیبی اقدار کو محبت، دلیل اور حکمت کے ساتھ سمجھانا چاہیے۔اگر ہر اختلاف کا جواب حکم، پابندی یا ناراضی سے دیا جائے تو والدین اور بچوں کے درمیان فاصلے بڑھنے لگتے ہیں۔ بہتر طرزِ عمل یہ ہے کہ والدین پہلے بچوں کی بات سنیں، ان کے خیالات کو سمجھیں اور پھر اپنے تجربات کی روشنی میں ان کی رہنمائی کریں۔ والدین کو محض نگران یا حکم دینے والا نہیں بلکہ دوست، مشیر اور قابلِ اعتماد رہنما بننا چاہیے، تاکہ بچے اپنی الجھنیں اور مسائل بلا جھجک ان کے سامنے رکھ سکیں۔
آسٹریلیا جیسے کثیرالثقافتی معاشرے میں بچوں کو اردگرد کے ماحول اور معاشرتی زندگی سے الگ تھلگ رکھنا نہ ممکن ہے اور نہ ہی مناسب۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ انہیں جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اپنی تہذیبی، اخلاقی اور خاندانی اقدار کا شعور بھی دیا جائے۔ انہیں یہ سمجھایا جائے کہ آزادی کا مطلب بے راہ روی نہیں، خودمختاری کا مطلب ذمہ داریوں سے فرار نہیں اور جدیدیت کا مطلب اپنی تہذیبی شناخت سے دست برداری بھی نہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ اس پورے معاملے کا حل نہ مشرق کو مغرب پر مسلط کرنے میں ہے اور نہ مغرب کی ہر روش کو آنکھیں بند کرکے قبول کرنے میں۔ زندگی کا حسن اعتدال، برداشت اور باہمی احترام میں ہے۔ والدین کو وقت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو سمجھنا ہوگا اور بچوں کو اپنی تہذیبی میراث کی قدر و قیمت پہچاننی ہوگی۔آسٹریلیا میں پروان چڑھنے والی نئی نسل دراصل دو معاشرتی تجربات کے سنگم پر کھڑی ہے۔ اس کے پاس مغربی معاشرے کی آزادی، خود اعتمادی، تخلیقی صلاحیت اور نئے امکانات ہیں، تو دوسری طرف مشرقی تہذیب کی خاندانی وابستگی، روایتی اقدار، بزرگوں کا احترام اور رشتوں کی مٹھاس بھی ہے۔ ان دونوں تجربات کو ایک دوسرے کا حریف بنانے کے بجائے ایک دوسرے کا معاون بنایا جا سکتا ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو نئی نسل کو ایک متوازن، باشعور اور بااعتماد شخصیت عطا کر سکتا ہے۔ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ تہذیب صرف لباس، زبان یا چند ظاہری رسوم کا نام نہیں؛ یہ انسان کے کردار، رویے، اخلاق، طرزِ گفتگو اور دوسروں کے ساتھ برتاؤ میں بھی جلوہ گر ہوتی ہے۔ اگر ہماری نئی نسل دنیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے باوجود اپنے والدین کا احترام کرتی ہے، اپنے بزرگوں سے محبت رکھتی ہے، اپنی زبان و ثقافت سے تعلق قائم رکھتی ہے اور معاشرے میں اخلاقی ذمہ داریوں کا احساس رکھتی ہے تو یہی ہماری تہذیبی تربیت کی کامیابی ہے۔
میرے نزدیک والدین کی سب سے بڑی کامیابی یہ نہیں کہ ان کی اولاد ہر معاملے میں ان کی ہاں میں ہاں ملائے، بلکہ یہ ہے کہ وہ اپنی اولاد کو اس قابل بنا دیں کہ وہ درست اور غلط میں امتیاز کر سکے، اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرے اور زندگی کے نشیب و فراز میں اخلاقی اصولوں سے وابستہ رہے۔پس بچوں کو اپنی تہذیب سے وابستہ رکھنے کے لیے ان کے پروں کو کاٹنے کی ضرورت نہیں؛ انہیں ایسی تربیت دیجیے کہ وہ زمانے کے ساتھ قدم ملا کر چلیں، آسمان کی وسعتوں میں پرواز کریں، مگر اپنی زمین، اپنی زبان، اپنے رشتوں اور اپنی تہذیبی جڑوں کو کبھی فراموش نہ کریں۔آخر انسان کی اصل پہچان یہی تو ہے کہ وہ دنیا کے کسی بھی گوشے میں آباد ہو، اس کے کردار میں اپنی تہذیب کی شائستگی، اس کے رویے میں رشتوں کی مٹھاس اور اس کے دل میں اپنی جڑوں کی محبت ہمیشہ زندہ رہے۔ یہی مشرقی ورثے اور مغربی معاشرت کے درمیان وہ خوب صورت توازن ہے جس کی آج ہماری نئی نسل کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
Comments
Dr Afzal Razvi
About the Author: Dr Afzal Razvi Read More Articles by Dr Afzal Razvi: 188 Articles with 273348 views Educationist-Works in the Department for Education South AUSTRALIA and lives in Adelaide.
Author of Dar Barg e Lala o Gul (a research work on Allamah
.. View More