صف بندی

پاکستانی سیاست پچھلے کئی عشروں سے دو دھڑوں میں بٹی ہو ئی ہے ۔ ایک طرف ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان پیپلز پارٹی ہے اور دوسری طرف ملک میں دائیں بازو کی ساری قابلِ ذکر سیاسی جماعتیں ہیں ۔ان ساری جماعتوں کے اتحاد کو اینٹی بھٹو ووٹ سے بھی تشبیہ دی جاتی ہے۔اس فکر کے امام جماعت اسلامی کے وہ دانشور ہیں جنھیں پی پی پی کی فکری سوچ سے خود ساختہ اسلام کو خطرہ لاحق رہتا ہے۔ اس مذہبی خطرے سے نمٹنے کےلئے انھوں نے ملک کی دوسری سیاسی جماعتوں کو اپنا ہمنو ا بنا نا شروع کیا اور 1977 کے انتخابات میں پاکستان قومی اتحاد(پی این اے) کے نام سے پاکستان پیپلز پارٹی کا مقا بلہ کرنے کی ٹھانی۔ جماعت اسلامی کی بنیادی سوچ یہ تھی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سارے مخالفین کو ایک چھتری کے نیچے جمع کر کے ان کے ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچا یا جائے اور یوں ذوالفقار علی بھٹو کی مقبولِ عام جما عت پاکستان پیپلز پارٹی کو شکست سے دوچار کیا جائے۔ جماعت اسلامی کو ایسا سوچنے اور اس پر عمل کرنے کا پورا حق حاصل ہے کیونکہ الیکشن کی منصوبہ بندی کرنا اوراپنی فتح کے خواب دیکھنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے اورا س پیما نے کے مطابق اپوزیشن کو بھی یہ حق حاصل تھا کہ وہ انتخابات کو جیتنے کےلئے اپنا لائحہ عمل بنائے ۔ا سی مقصد کے حصول کے پیشِ نظر اس نے پاکستان قومی اتحاد کے قیام کا ڈول ڈالا اور انتخابات میں اپنی فتح کا خواب سجا یا۔ پاکستان قومی اتحاد کی تشکیل نے 1977 کے انتخابات کو انتہائی مشکل اور دلچسپ بنا دیا او نظریاتی صف بندی نے ان انتخابات کی اہمیت کو دو چند کر دیا اور لوگ ان انتخابات کی گہما گہمی سے بہت محظوظ ہوئے۔بحث و مباحثہ کا ایک میدان تھا جو اصولی سیاست کی رعنائیوں سے سجا ہوا تھا اور ہر کوئی اس میں اپنی رائے کا اظہار بھی کر رہا تھا۔ اپنی توانا ئیاں بھی صرف کر رہا تھا اور اپنی جماعت کی جیت کےلئے محنت بھی کر رہا تھا۔

میں نے اپنی ساری سیاسی زندگی میں ان انتخابات سے زیادہ جذباتی اور ہنگامہ خیز الیکشن کبھی نہیں دیکھے۔ میری ذاتی رائے میںیہ پاکستانی سیاست کے آخری ا نتخابات تھے جو نظریاتی بنیادوں پر لڑے گئے۔ اس میں دائیں اور بائیں بازو کی سیاست اپنی ساری رعنائیوں کے ساتھ دیکھی اور محسوس کی جا سکتی تھی لیکن بد قسمتی سے ان انتخابات کو متنا زع بنا دیا گیا اورانہی انتخابات کے نتیجے میں 5 جو لائی 1977کہ جنرل ضیا الحق نے ملک پر مارشل لا نافذ کر کے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔سچ تو یہ ہے کہ اپوزیشن اپنی الیکشن مہم کے دوران عوام کی جذباتی محبت اور حمائت کے پیشِ نظر ذہنی طور پر ان انتخابات میں اپنی شکست کو تسلیم کرنے کےلئے تیار نہیں تھی وہ بزعمِ خویش یہ سمجھ بیٹھی تھی کہ اس نے میدان مار لیا ہے اور انتخابات میں اسکی جیت یقینی ہے لیکن وہ یہ بھول بیٹھی تھی کہ انکے مدِ مقابل ذوالفقار علی بھٹو جیسا ذہین و فطین اور سحر انگیز قائد ہے اورجسے پسماندہ اور کمزور طبقات کی مکمل حمائت حاصل ہے۔شہروں کی حد تک پاکستان قومی اتحادکے جلسوں جلوسوں کی ایک شان تھی ایک رنگ تھا لیکن پاکستان کی آبادی کا بیشتر حصہ دیہات پر مشتمل ہے اور پی پی پی کی اصل قوت و ہی پر ہے کیونکہ ذوالفقار علی بھٹو نے انہی لوگوں کو ہی تو جاگیر داروں اور زمینداروں کے ظلم و ستم سے نجات دلائی تھی اور انھیں برابری اور تکریمِ انسانیت کے اعلٰی اصولوں سے ثمر بار کیا تھا۔ آج بھی اگر ہم سیاسی منظر نامے کو غیر جانبداری سے دیکھنے کی کوشش کریں تو پی پی پی اب بھی شہروں کی نسبت دیہات میں زیادہ مقبول ہے اور ان کے ووٹ بینک کا زیادہ حصہ دیہاتی عوام کی محبت کے مر ہونِ منت ہے۔ دیہاتی زندگی میں خلوص اور وفا ایسے جو ہر ہیں جن پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے اور دیہاتی لوگ ایک دفعہ جس سے پیمانِ وفا باندھ لیں اس کا ساتھ پھر کبھی نہیں چھوڑتے۔ ذولفقار علی بھٹو سے ان کی محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی لہذا وقت آنے پر انھوں نے اپنی محبت ذوالفقار علی بھٹو کے پلڑے میں ڈال کر ساری انتخابی مہم کو الٹ کر رکھ دیا تھا جسے پاکستان قومی اتحاد ماننے کو ذہنی طور پر تیار نہیں تھا۔پاکستان قومی اتحاد کے مدِ مقابل ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت تھی جو اتنی قد آور تھی کہ اپوزیشن اس کی قوت سے خو فزدہ تھی لہذا اس کو راستے سے ہٹانا ضروری تھا اورا س کا ایک طریقہ انتخابت تھے جن میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کا دوسرا طریقہ یہ تھا کہ اس کے خلاف ایک سازش تیار کی جاتی اور اس کا خاتمہ کیا جاتا۔ پاکستان قومی اتحاد نے اس دوسری راہ کا انتخاب کیا اور ایک سازش تیار ہوئی جس میں امریکہ اور فوج کا باہمی گٹھ جوڑ تھا اور جس پر پاکستانی عدلیہ نے اپنی مہرِِ تصدیق ثبت کی اور یوں وہ شخصیت جسے بیلٹ سے شکست د یناممکن نہیں تھا اسے بلٹ کے نشانے سے اپنی راہ سے ہٹا دیا گیا۔یہی وہ لمحہ تھا جس میں سیاست نے ایک نیا موڑ لیا اور پھر سیاست دائیں اور بائیں کے دائروں سے نکل کر بھٹو کے قاتلوں اور اسکے محبان کے درمیان ایک جنگ کا روپ اختیار کر گئی۔ جسے بھٹو اور اینٹی بھٹو کے فلسفے کے نام سے موسوم کیا جاتاہے۔

بھٹو ازم کے مضبوط اور توانا نظریے کے مقابل 1988 کے انتخابات میں پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے اسلامی جمہوری اتحاد تشکیل دیا گیا جسکا واحد مقصد پاکستان پیپلز پارٹی کی فتح کا راستہ روکنا اور اینٹی بھٹو ووٹ کو تقسیم ہونے سے بچا کر اپنی ساکھ کو بچا نا تھا۔انکی کوششیں رنگ لائیں اور یوں یہ انتخابات اس حد تک کنٹرولڈ دیما کریسی کی علامت بنے کہ اسمیں پاکستان پیپلز پارٹی کو دو تہائی اکثریت سے محروم بھی کیا گیا اور اپنے من پسند گھوڑے میاں محمد نواز شریف کو پنجاب کی وزارتِ اعلی سے بھی نوازا گیا۔ صدر غلام اسحاق خان اور اسٹیبلشمنٹ کے مہروں نے اس زور سے میاں محمد نواز شریف کی پیٹھ تھپتھپائی کہ میاں صاحب خم ٹھونک کر پاکستان پیپلز پارٹی کے سامنے ڈٹ گئے۔ہر چندکے یہ سب کو علم ہے کہ وہ خود نہیں ڈٹے تھے کیونکہ ان میں تو ڈٹ جانے کی ہمت ہی نہیں تھی اگر ڈٹ جانے کی ہمت ہو تی تو وہ جنرل پرویز مشرف سے دس سالہ معاہدہ کر کے جدہ کے ایک پر تعیش محل میں روپوش نہ ہو جاتے۔ انھیں تو اسٹیبلشمنٹ نے کھڑا کیا تھا اور پھر اسٹیبلشمنٹ کے سہارے انھوں نے جسطرح وفاق کو ناکوں چنے چبوائے اسے وفاق کے خلاف پنجاب کی بغا وت کا نام ہی دیا جا سکتاہے۔مر کز اور صوبوں کے اندر پہلی دفعہ محاذ آرائی دیکھنے کو ملی اور وفاقی سیکرٹریوں کی جو مٹی اس دور میں پلید ہوئی دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔فوج کا ہاتھ پشت پر ہو تو پھر تو مٹی کا بت بھی شیر کا روپ دھار لیا کرتاہے اور یہاں پر تو پنجاب کا وزیرِ اعلی تھا جسکی پشت پر فوج اور ساری اسٹیبلشمنٹ کھڑی تھی لہذا اسکا بھڑکیں مارنا بنتا تھا اور اس نے دل کھول کر بھڑکیں ماریں اور ایک شیر کا تاثر قائم کرنے کی کوشش کی یہ الگ بات کہ وہ نہ شیر تھا اور نہ شیر ہے البتہ شیر بننے کا سوانگ اس نے انتہائی خوبصورتی سے رچا یا۔۔

1996 میں محترمہ بے نظیر بھٹو پر اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے انتہائی سخت دباﺅ تھا کہ وہ اسمبلی کو تحلیل کر کے نئے انتخابات کا راستہ ہموار کریں لیکن بی بی نے ایسا کرنے سے معذرت کرلی اس نے کہا کہ میں اسمبلی کے فلور پر جان دے سکتی ہوں لیکن اسمبلی کو برخاست نہیں کرسکتی لہذا اسٹیبلشمنٹ کی اشیرواد سے صدرِ پاکستان فاروق احمد خان لغاری نے پی پی پی سے بے وفائی کر کے یہ کارنامہ سر انجام دیا ۔ 1998 کے انتخابات کا ا نعقاد کیا گیا جسمیں میاں محمد نواز شریف دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو ئے اور ایک ایسے سول آمرکے روپ میں ابھرے جنکے سامنے کسی کو بھی دم مارنے کی مجال نہیں تھی۔ اپوزیشن اور عدلیہ پر ہاتھ صاف کرنے کے بعد جب انھوں نے فوج پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی اور جنرل جہانگیر کرامت کو بڑے ہی بھونڈے اور توہین آمیز انداز سے معزول کیا تو فوج کے اندر ایک بے چینی نے جنم لیااور یہی بے چینی 12اکتوبر 1999 میں اقتدار سے انکی علیحدگی کا جواز بنی۔ کہتے ہیں جب گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے اور جب سیاست دان کی شامت آنی ہوتی ہے تو وہ فوج سے پنگا کرنے کی حماقت کرتا ہے۔ فوج پر میاں نواز شریف کی یلغار کے ردِ عمل میںا سٹیبلشمنٹ نے اپنے ہی تیار کردہ بت ِکافری کو گرانے کا فیصلہ کر لیا اور ایک شب خون کے ذریعے اقتدار ان سے چھین کر انکے ساتھ وہ سلوک روا رکھا جسکی انھیں ہر گز توقع نہیں تھی۔ جب توقع ہی اٹھ گئی غالب۔ کیوں کسی کا گلہ کرے کوئی والی کیفیت میں میاں برادران ایک معافی نامے کے ذریعے دس سال کےلئے جلاوطن کر دئے گئے۔ جنرل پرویز مشرف ملک کے نئے حکمران ٹھہرے اور ساری اسٹیبلشمنٹ انکی مٹھی میں بند ہو گئی۔ مسلم لیگ (ق) انکی داشتہ بن کر انکے ساتھ شریکِ اقتدار ہو گئی اور یہ انتظام نو سال تک بغیر کسی رکاوٹ اور حیل و حجت کے چلتا رہا۔ کچھ سیاسی جماعتیں چمچے کڑچھے بن کر جنرل پرویز مشرف کا ساتھ دیتی رہیں اور یوں اسٹیبلشمنٹ کی سب سے چہیتی جماعت مسلم لیگ (ن) اسٹیبلشمنٹ سے بہت دور چلی گئی لیکن قدرت کے کارخانے میں خلا ممکن نہیں ہے لہذا اس خلا کو پر کرنے کےلئے اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کا انتخاب کیا ور اسے تھپکی دی گئی کہ وہ خم ٹھونک کر میدان میں نکل آئے۔ 30 اکتوبر کو منٹو پارک لاہور میں تحریکِ انصاف کا جلسہ اسی تھپکی کا بہترین شاہکارہے ۔ اسٹیبلشمنٹ کی بہت سی پر وردہ قوتیں پسِ پردہ عمران خان کا بھر پور ساتھ دے رہی ہیں اور وقت آنے پر اس کی جیت میں بنیادی کردار ادا کریں گی۔ میاں برادران اس جلسے سے جسطرح سٹپٹائے ہیں وہ سمجھ سے باہر ہے ۔ ایسے محسوس ہو رہا ہے جیسے انکے پاﺅں تلے سے زمین چھین لی گئی ہو اور وہ ہوا میں معلق ہو کر رہ گئے ہوں۔میا ں برادران تو پورے ملک پر حکمرانی کا خواب دیکھ رہے تھے لیکن عمران خان کے ایک ہی باﺅ نسر نے انکے اوسان خطا کر دئے ہیں۔ انھیں تو اب یہ فکر دامن گیر ہو گئی ہے کہ تختِ لا ہور کا کیا بنے گا کیونکہ 30 اکتوبر کو عمران خان نے اپنی طاقت کا مظاہرہ پنجاب کے دل لاہور میں کیا ہے اور دل تو ہے دل۔ دل کا کیاکیجئے گا

(جاری ہے)
Tariq Hussain Butt
About the Author: Tariq Hussain Butt Read More Articles by Tariq Hussain Butt: 629 Articles with 515653 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.