پاک امریکہ تعلقات۔۔۔۔پاک فوج کو سلام

نیٹو حملے کے بعد پاکستان نے بہت زبردست قسم کا سٹینڈ لیا ہے اور پرزور مذمت کی گئی ہے جس کی وجہ سے پاک امریکہ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور پاک امریکہ تعلقات نازک ترین مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اس طرح پہلے بھی نیٹو افواج کی طرف سے حملے ہوتے رہے ہیں لیکن معافی تلافی کی وجہ سے حالات معمول پہ آجاتے تھے اور تعلقات بحال ہوجاتے تھے لیکن اس بار حکومتی اور فوجی احتجاج کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے لیکن اب فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے یہ مذمت کا وقت نہیں ،مزاحمت کا وقت ہے ویسے بھی فرمان باری تعالیٰ کے مفہوم کے مطابق یہود ونصاریٰ کی دوستی سے ہمیں منع کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ انہیں دوست نہ بناﺅ،کچھ حلقے یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ امریکہ کی طرف سے اگر قرض واپسی کی ڈیمانڈ کر دی گئی تو کیا ہوگا؟پاک امریکہ تعلقات خراب ہوگئے تو پاکستان کی معیشت کمزور ہوجائے گی ؟پہلی بات تو یہ ہے کہ بحثیت مسلمان ہمیں اپنے رب پر بھروسہ کرنا چاہئے کہ وہ ہمیں تنہا نہیں چھوڑے گا اور رہی بات اسباب کی ،تو ہمیشہ کی طرح چین ہمیں مکمل سپورٹ کرے گا جس کی وجہ سے پاکستان میں معیشت بھی بہتر ہوگی اور ہمیں امریکیوں سے آزادی بھی حاصل ہوجائے گی لیکن بات وہیں پہ آ کر رک جاتی ہے کہ پاکستان سے امریکہ کے مفاد وابستہ ہیں اور پاکستان ایک ایسے خطے پر واقع ہے جو نہایت اہمیت کا حامل ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے امریکہ ،افغان جنگ پاکستان کے تعاون کے بغیر جیتنا تو درکنار جاری بھی نہیں رکھ سکتا ،اور بھاگنا بھی چاہے تو وہ بھی اب اس کے لئے آسان نہیں رہا ۔

دوسری طرف دیکھا جائے کہ پاکستان کو امریکہ سے کیا مفادات وابستہ ہیں تو ہمیں نظر آئے گا کہ امریکا دنیا میں ایک سپر پاور کی حیثیت رکھتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو یورپین منڈی میں تجارت آسان رہتی ہے ،اور امریکہ وقتاََ فوقتاََ پاکستان کو امداد بھی مہیا کرتا رہتا ہے لیکن امداد کے مقابلے میںاخراجات زیادہ ہیں امریکہ سے دوستی کی وجہ سے ہم دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں دھکیلے جا چکے ہیں ،دہشت گردی کی اس جنگ میں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے حالات انتہائی مخدوش رخ اختیار چکے ہیں اگر پاکستان امریکہ سے اونچی آواز میں بات بھی کرتا ہے تو امداد روک لینے کی دھمکی دی جاتی ہے۔
اے طائر لا ہوتی ،اس رزق سے موت اچھی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی

پاکستان سے امریکہ کو ایک اور مفاد بھی وابستہ ہے لیکن اسے مفاد نہیں امریکہ کی خدمت کہیں تو بہتر ہوگا کہ نیٹو کو لاجسٹک سپلائی مہیا کرنا بھی پاکستان کی ذمہ داری ہے اور اس میں یہ بات توجہ طلب ہے کہ نیٹو کنٹینرز پر پاکستان میں ڈیوٹی کی مد میں صرف چند سو روپے لئے جا رہے ہیں اور نیٹو کنٹینرز کی وجہ سے پاکستان کی ہائی وے کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے لیکن امریکہ کی خوشنودی کے لئے وہ یہ سب کام خوشی سے کر رہا ہے لیکن نیٹو حملے کے بعد پاکستان نے یہ جرات مندانہ اقدام کیا ہے کہ نیٹو کے کنٹینرز کو روک دیا ہے اور ان کی لاجسٹک سپورٹ کرنا بند کردی ہے اس فیصلے کو عوامی حلقوں میں کافی سراہا گیا ہے ۔

پاک امریکا تعلقات انتہائی نازک مراحل میں داخل ہوچکے ہیں لیکن امریکہ پھر بھی پاکستان کی جان نہیں چھوڑے گا لیکن حکومت کو اور افواج پاکستان کو چاہئے کہ اب وقت آگیا ہے کہ دوٹوک موقف اختیار کیا جائے اور امریکا سے برابری کی سطح پر بات کی جائے ۔ہوسکے تو اس عالمی دہشت گرد سے جان چھڑائی جائے کیونکہ پاکستانی قوم ایسا چاہتی ہے ،آخر میں پاک فوج کے ان بہادر نوجوانوں کو سلام ،جنہوں نے قوم کی اور اپنے وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور اللہ کے ہاں سرخرو ہوگئے۔
اے راہ حق کے شہیدو،وفا کی تصویرو
تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں
AbdulMajid Malik
About the Author: AbdulMajid Malik Read More Articles by AbdulMajid Malik: 171 Articles with 188037 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.