سکینڈلز کا سونامی

اولیائے کرام کے واقعات میں تحریر ہے کہ حضرت عبد العزیز دباغ اپنے وقت کے بڑے مشہور صاحبِ کرامت گزرے ہیں۔ایک مرتبہ آپ ایک شخص سے باتیں کر رہے تھے اُس آدمی نے ایک شخص کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یا حضرت فلاں شخص آپ سے بڑی عقیدت رکھتا ہے۔ حضرت عبد العزیز ؒ نے فرمایا نہیں اُسے مجھ سے محبت اور عقیدت نہیں ہے۔اگر تو اُسے آزمانا چاہتا ہے تو اُس کے سامنے خود کو میرا مخالف ظاہر کر پھر دیکھنا کہ اُس کی حقیقت تجھ پر کیسے ظاہر ہوتی ہے۔اُس شخص نے ایسا ہی کیا اور اُس آدمی کے پاس گیا اور اُس سے حضرت عبد العزیز ؒ کے خلاف باتیں شروع کر دیں۔وہ شخص کہنے لگا کہ تم بالکل ٹھیک کہتے ہو میراتو پہلے ہی یہی خیال تھا کہ یہ صاحب کچھ بھی نہیں ہیں۔ اس کے بعد اُس نے حضرت عبد العزیز ؒ کے متعلق اور بھی بہت سی اُلٹی سیدھی باتیں کی۔ کافی دیر کی بکواس کے بعد اُس کے پاس آنے والے شخص نے کہا بس کرو میں تو تمہیں آزما رہا تھا۔ اس پر وہ شرمندہ ہو کر وہا ں سے چلا گیا۔وہ آدمی دوبارہ حضرت عبد العزیز ؒ کے پاس گیا تو آپ نے فرمایا میں نے تمہیں پہلے ہی اس کی حقیقت سے آگاہ کر دیا تھا۔

قارئین! تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خا ن نے راقم کو چند روز قبل FM93ریڈیو میرپورآزاد کشمیر پر ایک تاریخی انٹرویو دیا۔اس انٹر ویو میں دیگر مہمانوں ڈاکٹر شیریں مزاری، روﺅف حسن، راجہ مصدق ، وزیرِ آزاد حکومت چوہدری پرویز اشرف، ایم ایل اے رہنما مسلم لیگ (ن) چوہدری طارق فاروق، راجہ اعجاز دلاور مسلم لیگ (ن) نے بھی شرکت کی۔ ایکسپرٹ کے فرائض راجہ حبیب اللہ خان اور محمد رفیق مغل نے انجام دیئے۔”لائیو ٹاک وِد جنید انصاری“میں دیئے گئے اس انٹرویو میں عمران خان نے انتہائی اعتماد کے ساتھ ٹھوس لہجے میں کہا کہ اُن کی جماعت آنے والے انتخابات میں سونامی کی طرح آئے گی اور سب کو اُڑا کر لے جائے گی۔اُن کایہ کہنا تھا کہ اس وقت نوجوان ووٹرز 90فیصد سے زائد اُن کی سپورٹ کر رہا ہے اور یہ نوجوان طبقہ 18 سال سے لے کر 25سال تک کی عمر کے وہ نوجوان طلبہ و طالبات ہیں جو کالجوں، یونیورسٹیوں میں پڑھتے ہیں اور پاکستان میں ایک دیانتدار اور شفاف حکومت چاہتے ہیں۔عمران خان نے کشمیر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سب سے پہلی کوشش یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریکِ آزادی کی جدوجہد کو عسکریت پسندی سے پاک کیا جائے۔ کیونکہ بھارت پوری دنیا کے سامنے پاکستان کے متعلق یہ پراپیگنڈا کرتا ہے کہ پاکستان میں مجاہدین اور دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس ہیں جہاں سے تربیت یافتہ بنیاد پرستوں کو بھارت میں لڑائی کے لیے بھیجا جاتا ہے۔عمران خان نے آزادکشمیر کے متعلق کہا کہ میں نے کشمیر کے وہ وہ علاقے دیکھ رکھے ہیں جو شائد یہاں کے رہنے والے لوگوں نے بھی نہ دیکھے ہوں۔کشمیر میں سیاحت کو سنجیدہ طریقے سے فروغ دیا جائے تو ہم اربو ں روپے کما سکتے ہیں۔عمران خان کو جب راقم نے شرارتاً چھیڑا کہ عمران خان صاحب آپ کی جماعت کے متعلق سب سے بڑا اعتراض یہ اُٹھایا جاتا ہے کہ ایک عمرا ن خان کو مائنس کر دیں تو باقی کچھ نہیں بچتا۔آپ نے 1992ءکا ورلڈ کپ ایک ٹیم کے ساتھ مل کر جیتا تھا۔آنے والے انتخابات کا کپ جیتنے کے لیے آپ کو ایک ٹیم کی ضرورت ہے اور آپ سے اچھے تو جنرل پرویز مشرف ہیں کہ اُن کی نوزائیدہ جماعت مسلم لیگ میں ”عتیقہ اوڈھو“ جیسی گلیمرس شخصیت موجود ہیں جنہیں پورا پاکستان جانتا ہے۔اس پر عمران خان نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ جناب ”کریکٹر“ بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔ہمارے پاس صاف ستھرے اور دیانتدار لوگ ہیں۔یہ علیحدہ بات ہے کہ آنے والے دنوں میں عمران خان کی پارٹی میں شاہ محمود قریشی، مخدوم جاوید ہاشمی سے لے کر مسلم لیگ ق کی بے پیندے کی وہ پوری ٹیم شامل ہو گئی جو کسی دور میں جنرل مشرف کے ہم نوالہ و ہم پیالہ تھی اور اُن پیالوں میں کیا کیا ہوتا تھا یہ سب جانتے ہیں ۔ بقول شاعر
کہتے ہیں عمرِ رفتہ کبھی لوٹتی نہیں
جا میکدے سے میری جوانی اُٹھا کے لا

قارئین عمران خان کے اس انٹرویو کے دوران انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان ہر گز ایک غریب ملک نہیں ہے بلکہ دنیا کا امیر ترین ملک ہے۔اُن کا یہ کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل،گیس، سونا، چاندی، تانبا، جپسم سے لے کر قدرتی وسائل اللہ تعالیٰ نے اس حد تک عنائت کئے ہیں کہ پوری دنیا میں دس کنویں کھودے جاتے ہیں تو ایک میںتیل نکلتا ہے۔ جبکہ پاکستان میں تین کنویں کھودےں تو ایک میں سے تیل نکل آتا ہے۔عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بدمعاشوں اور لٹیروں کا ایک گروہ چونسٹھ سال سے ہمارے اوپر حکمرانی کر رہا ہے۔ کراچی کے متعلق عمران خان کا یہ کہنا تھا کہ کراچی پولیس سیاستدانوں کی ذاتی غلام ہے جب تک پولیس کے محکمے سے سیاسی دخل اندازی ختم نہیں کی جائے گی تب تک وہا ں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی۔عمران خان نے ٹیکس کے متعلق بڑی زبردست بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں صرف 2فیصد ٹیکس دیا جاتا ہے۔ یہی شرح صرف 18فیصد تک بڑھا دی جائے تو ملک ترقی کی موٹروے پر چڑھ جائے گا۔

قارئین! عمران خان کی یہ ساری گفتگو اُمید کا پیغام لیے ہوئے تھی اور اُن کی باتوں میں پاکستان کے لیے محبت اور تڑپ تھی اور شائد یہی وجہ ہے کہ لاہور کے بعد کراچی میں عمران خا ن کے جلسو ں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) دونوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور وہ متفکر ہیں کہ شاہ محمود قریشی اور جاوید ہاشمی بارش کے پہلے قطرے ہیں۔ ابھی نہ جانے کتنے لوگ ان پارٹیو ں کو چھوڑکر عمران خان کی تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے ہیں۔بقول غالب
صد جلوہ رُو بہ رُو ہے جو مژگاں اُٹھائےے
طاقت کہاں کہ دید کا احساں اُٹھائیے
ہے سنگ پر براتِ معاشِ جنونِ عشق
یعنی ہنوز منتِ طفلاں اُٹھائیے
دیوار، بارِ منتِ مزدور سے ہے خم
اے خانماں خراب نہ احساں اُٹھایئے
یا میرے زخمِ رشک کو رسوا نہ کیجئے
یا پردہ تبسم پنہاں اُٹھایئے

قارئین تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس انٹرویو میں انتہائی مضبوط انداز میں ایک کڑے احتساب کی بات بھی کی۔اُن کا کہنا تھا کہ وہ حکومت میں آکر تمام لوگوںکا احتساب کریں گے۔ سوچا جائے تو تازہ ترین میمو سکینڈل سے لے کر ماضی کے ریلوے سکینڈل، پی آئی اے سکینڈل، بینکنگ سکینڈل،سٹاک ایکسچینج سکینڈل سے لے کر درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں بد عنوانی کی داستانیں سکینڈلز کا وہ سونامی ہیں کہ جن سے ہمیں یہ خطرہ ہے کہ سکینڈلز کا یہ سونامی کہیں عمران خان کے سونامی کو نہ اُڑا کر لے جائے۔عمران خان کی نیت اور ارادے درست لگتے ہیں اور ظاہری طور پر وہ اس قوم کی آخری دستیاب اُمید دکھائی دیتے ہیں۔قوم کو چاہےے کہ تبدیلی کے لیے کنگ خان کا ساتھ دے۔

آخر میں حسبِ روایت لطیفہ پیشِ خدمت ہے۔
ایک لیڈر جلسے میں تقریر کر رہا تھا۔ انسانی ترقی پر گفتگو کرتے کرتے کسی نے سوال کیا کہ آپ کیسے کہتے ہیں کہ انسان نے ترقی کر لی ہے۔
اس پر لیڈر صاحب جوش سے بولے۔انسانی سوچ نے جتنی ترقی آج کی ہے پہلے کسی اور نے نہیں کی۔ مثلاً گدھے کو ہی لے لیجئے وہ جیسا پچاس سال پہلے تھا ویسا ہی آج بھی آپ کے سامنے کھڑا ہے....!

قارئین سوچا جائے تو تمام بدعنوان قیادت واقعی انسانیت کے مقام سے گرے ہوئے جانوروں سے بھی بدتر وہ لوگ جو ہموطنوں کا خون پیتے ہیں اور اُن کی ہڈیوں میں سے اپنی عیاشیاں کشید کرتے ہیں۔
Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 384333 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More