جشن میلادِ مصطفےٰ ﷺ

قرآن مجید کے پڑھنے سے جو ایمان افروز موضوعات ایک قاری کے قلب و جان کو جگمگاتے ہیں ان میں سے ایک موضوع میلاد مصطفےٰ ﷺ ہے ۔جب حضور نبی اکرم افتخار آدم وبنی آدم حضرت محمد مصطفےٰﷺ کی ولادت مقدسہ کا ذکر چھڑ تا ہے تو ہر صاحب ایمان کا سر اللہ کے حضور فرط تشکر سے خم ہو جاتا ہے اور جبین ہستی سجدہ ہائے شکر ادا کرتے نہیں تھکتی کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺکو کائنات میں مبعوث فرما کر دکھی انسانیت کے غم و آلام کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے مداوا کر دیا ۔آپﷺ کی ولادت ِ با سعادت کی صبح سعادت آفریں پر ابد تک کی صبحیں نثار کہ اسی صبح سعادت نے بے کسوں ،مجبوروں اور بے بسوں کی پریشان حالی کو دور کرنے کی خاطر اپنے دامن سے امید ورجا کا وہ مہرِ جہاں افروز طلوع کیا جس نے خاک نشینوں کو آداب شہنشاہی کا سلیقہ عطا کر دیا۔حضور ﷺ کا میلاد مقدس قرآن کے دلآویزمتن کی زینت بنا ہوا ہے ۔قرآن مجید میں شانِ میلاد مصطفےٰ ﷺ کا اولین اظہار یوں ہوتا ہے ۔”اور جب اللہ نے نبیوں سے عہد و میثاق لیا کہ جب میں تمہیں کتاب و حکمت سے سرفراز فرماﺅں اور پھر تمہارے پاس میرے محبوب رسولﷺ تمہاری تصدیق فرماتے تشریف لائیں تو تم ضرور ان پر ایمان لاﺅ گے اور اُن کی مدد کرو گے ۔فرمایا کیا تم نے اقرار کر لیا اور اس پر پکے ہو گئے ۔سب نبیوں نے کہا ہم نے اقرارکیا تو فرمایاگواہ ہو جاﺅ ایک دوسرے کے اور میں بھی تمہارے ساتھ گواہوں میں سے ہوں جو کوئی اس کے بعد اپنے عہد سے پھریں گے تو وہ فاسقوں میں سے ہوں گے۔“(پارہ 3آیت82-81)

ازل کی حسین اور لازوال ساعتوں میں یہ وہ عہد تھا جس سے رب کریم نے باری باری کائنات میں تشریف لانے والے انبیاءو رُسُل کو اس حقیقت کا پابند کر دیا تھا کہ اگر اُن کی زندگیوں میں مطلوب دو عالم حضرت محمد مصطفےٰﷺ تشریف لائیں تو پھر انہیں اپنی نبوت و رسالت سے دستبردار ہو کر نبوت محمدی ﷺ کو اپنا نا ہو گا اور انہی کی شریعت کی پیروی کرنا ہوگی ۔ میثاق انبیاءکی یہ محفل اس قدر پاکیزہ دلآویز اور ایمان آفریں تھی کہ امیر خسرو بے اختیار پکاراُٹھے۔
نمی دانم چہ منزل بود شب جائیکہ من بودم
بہرسو رقص بسمل بود شب جائیکہ من بودم
خدا خود میر مجلس بود اندر لامکاں خسرو
محمد(ﷺ) شمع محفل بود شب جائیکہ من بودم

یہ ہستی جس کی نبوت کو عالمگیر اور جس کے پیغام کو ہمہ گیر بنانے کے لئے میثاق انبیاءکا اہتمام کیا گیا تھا وہی ذات والا صفات ہے کہ جس کے نور کے ظہور کی خاطر بزم دو عالم سجائی گئی ۔اگر نور مصطفوٰی کا ظہور نہ ہونا ہوتا تو نہ زمین کا فرش بچھایا جاتا اور نہ آسمانوں کا سائبان لگایا جاتا ۔یہ شرق و غرب ،شمال و جنوب،چاند ستاروں کی ضوباری ،گُل و گلزار کی مہکباری ،آبشاروں کا ترنم ،پہاڑوں کی سربلندیاں ،دشت وجبل کی ہیبت ،سمندروں کی وسعت ،سبزہ وگُل کی لہلاہٹ ،غرضیکہ پوری کائنات کا وجود ذات مصطفےٰﷺ کا مرہون منت ہے کہ اگر میلاد مصطفےٰﷺ کا اہتمام نہ ہوتا تو عالم انسانیت کے جد اعلیٰ سیدنا آدم علیہ السلام کو بھی وجود عطا نہ ہوتا حتیٰ کہ خدا بھی اپنا خدا ہو نا ظاہر نہ کرتا۔”انوارالمحمدیہ“میں امام یوسف نبہانی حدیث قدسی نقل کرتے ہیں۔ لولاہ وما خلقتک ولا خلقت سماءولا ارضا۔(مدارج النبوت ،زرقانی از محمد بن عبد اللہ ،جواہر االبحار ، مواہب الدنیہ وغیرہ) ترجمہ”اے آدم علیہ السلام وہ (محمد ﷺ)اگر نہ ہوتا تو میں تجھ کو پیدا نہ کرتا اور نہ ہی آسمانوں اور زمینوں کو پیدا کرتا۔“

اسی طرح میلادِ مصطفےٰ ﷺ کے حوالے سے حضور نبی کریم ﷺکی حدیث بھی اسرارِ فطرت کو بے نقاب کر دیتی ہے ۔اول ما خلق اللّٰہ نوری۔”سب سے پہلے اللہ نے جو چیز پیدا فرمائی وہ میرا نور تھا۔“(خصائص کبریٰ ،کتاب الوفا، مستدرک ،زرقانی شریف)

حضور نبی کریم ﷺ کی ذات گرامی ہی نجات دہندہ عالم تھی۔ یہی ہستی وحشت و بربریت کی آگ بھڑ کانے والی طاغوتی طاقتوں کے غرور کو خاک میں ملا کر امن و سکون کے گلاب اُگانے والی تھی ۔یہی ہستی مقصود عالم تھی اور یہی وہ ذات والا صفات تھی جس کا انتظار کرتے کرتے بزم عالم کی آنکھیں پتھرا چلی تھیں ۔اسی ذات قدسی کی نوید جملہ انبیاءو رسل ایک دوسرے کو دیتے آرہے تھے اور ہر پیغمبرتمام عمر آپ کا انتظار کرتا اور جب اس کائنات خاکی سے رخصت ہونے کا وقت آتا تو اپنے جانشینوں کو محبوب خدا حضور خاتم النبیینﷺ کے بارے میں بشارات اور نشانیوں سے آگاہ کرتے ہوئے وصیت کرتا کہ اگر وہ پیغمبر آخر الزمان ﷺکہ جن سے بڑھ کر اللہ کو اور کوئی ہستی محبوب نہیں ہے تمہاری زندگی میں آجائیں تو بلا تاخیر اُن کے دست حق پرست پر بیعت کر کے اپنی نجات اور سرخروئی کا سامان مہیا کر لینا ۔ تمام زندگی اس رسول موعود کے پابہ رکاب اور باطل قوتوں کے مقابلہ میں اُس کا پورا پورا ساتھ دینا یہی وہ عہد تھا جو اللہ نے پیغمبروں سے لیا تھا اور جملہ رُسل نے اس عہد کی کس طرح پاس داری کی اس کا اندازہ حضرت آدم علیہ السلام کی اس وصیت سے ہوتا ہے ۔

”جب سیدنا آدم علیہ السلام کو اپنے آخری وقت یعنی انتقال کا یقین ہو گیا تو انہوں نے اپنے بیٹے حضرت شیث علیہ السلام کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا کہ اے بیٹے مجھے اللہ تعالیٰ نے حکم فرمایا کہ میں تم سے نور محمد ﷺ کے بارے میں عہدلوں جو تمہاری پیشانی میں جلوہ گر ہے کہ تم اس کو پاکیزہ ترین عورت کی طرف منتقل کرنا ۔“(کتاب الانوار و مصباح السرورصفحہ 716)

سیدنا آدم علیہ السلام سے لے کر سیدنا عیسٰی علیہ السلام تک پوری تاریخ انسانیت میلادِ مصطفےٰ ﷺکے تذکار میں مصروف تھی ہر صاحب ایمان کی یہی آرزو تھی کہ وہ اس نبیﷺ موعود کے استقبال میں بازی لے جائے جو وجہ تخلیق کائنات ہے ۔بشارت (حضرت عیسیٰ علیہ السلام)یوحنّا کی انجیل باب 16میں ہے ”لیکن میں تم سے سچ کہتا ہوں کہ میرا جانا تمہارے لئے فائدہ مند ہے کیونکہ اگر میں نہ جاﺅں تو وہ مددگار تمہارے پاس نہ آئے گا لیکن اگر جاﺅں گا تو اُسے تمہارے پاس بھیج دوں گا اور وہ آکر دنیا کو گناہ اور راست بازی اور عدالت کے بارہ میں قصور وار ٹھہرائے گا۔“(16:8,7)قرآن مجید نے انجیل کی اس بشارت کی گواہی ان الفاظ میں دی:”(اور یاد کرو کہ )جب عیسیٰ بن مریم نے فرمایا اے بنی اسرائیل میں اللہ تعالیٰ کا رسول ہوں تمہاری طرف (میں ) تصدیق کرتا ہوں جو مجھ سے پہلے تھی تو رات (میں)خوشخبری سناتا ہوں ایک ایسے رسول کی جو میرے بعد تشریف لائیں گے اور اُن کا اسم گرامی احمد ہو گا۔“(الصف آیت 6)

جبکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے بہت پہلے سیدنا ابراہیم علیہ السلام بھی مولود مصطفےٰ ﷺ کے لئے اللہ کریم ﷺ سے دعا فرماچکے تھے کہ الہٰی اس رسول عظیم کو مبعوث فرما دے جو گمراہوں کو پاک کرے اور تیری آیات اور نشانیاں بتا کر انہیں تیری طرف راغب کر ے ۔سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے دعا مانگی تھی ۔ربنا وابعث فیھم رسول منھم یتلوا علیھم اٰیٰتک ویعلمھم الکتٰب والحکمة ویزکیھم ط انک انت العزیز الحکیمo”اے ہمارے رب اسی جماعت کے اندر ان ہی میں سے ایک ایسا پیغمبر بھی مقرر کر دیجئے جو ان لوگوں کو آپ کی آیتیں پڑھ پڑھ کر سنایا کرے اور ان کو کتاب و حکمت کی تعلیم دیا کرے ،بے شک تو ہی غالب حکمت والا ہے ۔“(البقرہ 129)

حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے اقوال اور مناجاتوں کی روشنی میں یہ کہنا بے جانہ ہو گا کہ :
ہوئی پہلوئے آمنہ سے ہویدا
دعائے خلیلؑ اور نوید مسیحاؑ

ایک مرتبہ صحابہ کرام علیہم الرضوان نے نبی پاک صاحب لولاک ﷺ کی بارگاہ میں عرض کیا ۔اخبر ماعن نفسک۔ہمیں اپنی ذات والا صفات کے متعلق فرمائےے تو حضور پرنور ﷺ نے ارشاد فرمایا:”میں اپنے باپ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کا نتیجہ ہوں اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بشارت ہوں اور جب میری والدہ ماجدہ مجھ سے حاملہ ہوئیں تو انہوں نے دیکھا کہ ایک نور کا ان سے ظہور ہوا جس سے شام کے محلات روشن ہو گئے اور وہ نور میں ہوں۔“(دلائل النبوة بیہقی ص11،دارمی شریف 17،خصائص الکبریٰ 114،تفسیر ابن کثیر360،البدایہ والنہایہ 275،مشکوٰة شریف 513وغیرہ وغیرہ)

اب اس نور اولین کے ظہور کا وقت قریب آچلا تھا جس سے صبحِ ازل ضوفگن ہوئی تھی چنانچہ ارشاد خداوندی ہوا۔قد جاءکم من اللّٰہ نور وکتاب مبین ۔”بےشک تمہارے پاس اللہ کی طرف سے ایک نور آیا اور روشن کتاب“(پارہ 6)

مذکورہ بالا آیت کریمہ کی تشریح کرتے ہوئے امام فخر الدین رازی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں :”بے شک نور سے مراد محمدمصطفےٰ ﷺ ہیں۔(تفسیر کبیر365مطبوعہ مصر)

سید المفسرین سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :”بے شک آیا تمہارے پاس اللہ تعالیٰ کی طرف سے نور یعنی رسول کریم ﷺ“(تفسیر ابن عباس 72مطبوعہ مصر)

امام جلال الدین سیوطی تفسیر جلالین میں ،امام ابو البرکت عبد اللہ بن احمد نے ”تفسیر مدارک“ میں ،امام ابو جعفر محمد بن جریر الطبری نے تفسیر ابن جریر میں ،امام محمود آلوسی نے تفسیر روح المعانی میں ،علامہ اسمٰعیل حقی نے تفسیر رو ح البیان میں ،قاضی ثناءاللہ پانی پتی نے تفسیر مظہری میں ،علامہ معید الدین واعظ کا شفی نے تفسیر حسینی میں ، حضرت قاضی عیاض نے شفا شریف میں ،ملا علی قاری نے موضوعات کبیر میں اوردیگر بے شمار محدثین اور مفسرین نے اس آیت مبارکہ میں نور سے مراد ،ذات محمدی ﷺ لی ہے ۔

اب میلاد مصطفویٰ ﷺ کی ساعتیں قریب آرہی تھیں ،ستم رسیدگانِ ہستی کی مظلومیت کی زنجیریں کاٹنے والے نبی الآخر الزماںﷺ کی ولادت قدسی کا وقت آپہنچا تھا ۔ ان مقدس ساعتوں کا ماجرہ محدث ابن جوزی علیہ الرحمة سے سنئے۔ آپ تذکارِ مقدسہ کی روشنی میں لکھتے ہیں :”سیدہ طیبہ طاہرہ سرکار مائی آمنہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میرے پیارے فرزند حضرت محمد مصطفےٰ ﷺنے ابھی اپنے قد ومِ میمنت لزوم سے کائنات کو مشرف نہیں فرمایا تھا کہ جبریل امین میرے پاس آئے ۔اُن کے ہاتھ میں دودھ سے زیادہ سفید ،شہد سے شیریں اور مشک سے زیادہ خوشبودار شربت کا پیالہ بھرا ہوا تھا ۔مجھے دیا کہ اسے پی لیں ۔میں نے اس کو پی لیا پھر جبریل علیہ السلام نے مجھے کہا کہ سیر ہو کر پیو تو میں نے خوب سیر ہو کر پیا ۔پھر اُس نے کہا اور پیو میں نے اور پیا ۔پھر اس نے ہاتھ نکال کر ،میرے شکم پر پھیر کر کہا:اظہر یا سید المرسلین، اظہر یا خاتم النبیین ، اظہر یا رحمة اللعالمین ،اظہر یا نبی اللّٰہ ،اظہر یا رسول اللّٰہ ،اظہر یا محمد بن عبد اللّٰہ ،فظہر ﷺ کا البدر المنیر الصلوٰة والسلام علیک یا رسول اللّٰہ ۔(بیان المیلا 45)”اے رسولوں کے سردار ظہور فرمائے ،اے خاتم النبیین جلوہ افروز ہو جائیے ۔اے رحمة اللعالمین قدم رنجہ فرمائیے ۔اے نبی اللہ رونق افروز ہو جائیے ۔اے رسول اللہ تشریف لائیے ۔اے خیر الخلق جہاں جلوہ افروز ہو جائیے ۔اے نور من نو ر اللہ جلوہ افروز ہو جائیے ۔اے محمد بن عبد اللہ تشریف لائیے ۔پھر حضور پر نور ﷺ چودہویں رات کے چاند کی مانند چمکتے ہوئے جہاں میں رونق افروز ہوئے ۔الصلوٰة والسلام علیک یا رسول اللّٰہ ۔

سبحان اللہ !وہ کیا سماں ہو گا ۔کیامنظر ہو گا۔مجبوروں کے آنسو کس طرح خود بخود خشک ہو رہے ہوں گے ۔ویرانی کو بہاروں کا حسن عطا ہو رہا ہوگا ۔مایوس دل اُمید و رجا سے آباد ہو رہے ہو ں گے ۔ ہر طرف نور و نگہت کی فضا ہو گی ۔اس حسن فطرت پر فطرت خود تصدق ہو رہی ہو گی ۔ولادت مصطفوی ﷺنے انتظار کی گھڑیاں ختم کر دی تھیں اور وہ وجودِ مسعود کائنات میں جلوہ افروز ہو چکا تھا جو رحمة للعالمین کے لقب سے پکارا جانا تھا ۔حق تو یہ ہے ۔
تبسم ہی تبسم تھے نظارے لالہ زاروں کے
ترنم ہی ترنم تھے کنارے جو ئباروں کے
بصد اندازِ یکتائی بغائت شانِ زیبائی
امیں بن کر امانت آمنہ کی گود میں آئی
جہاں میں آج جشن عید کا سامان ہو تا ہے!
اِدھر ابلیس تنہا اپنی ناکامی پہ روتا ہے

میلاد مصطفےٰ ﷺ کا مفہوم فقط یہی نہیں ہے کہ آپ کی ولادت با سعادت کے حالات پر اکتفا کیا جائے ،بلکہ میلاد مصطفوی کا حقیقی مفہوم یہ ہے کہ آپ ﷺکی ولادت باسعادت کا تذکرہ کرتے ہوئے آپ ﷺ کے خصائص ،کمالات ،انعامات اور اعزازات کا تذکرہ کیا جائے تاکہ عالم انسانیت کو احساس ہو سکے کہ جو شخصیت کائنات میں جلوہ گر ہو رہی ہے اس کا مقام و مرتبہ کیا ہے ۔حکم ربانی ہے ۔واما بنعمة ربک فحدث۔”اور میری نعمتوں کا خوب چرچا کرو۔“

اب دیکھنا یہ ہے کہ اللہ کی وہ کون سی نعمتیں اور انعامات ہیں جن کا چرچا رب کریم کو مقصود ہے ۔رب کریم سورہ آلِ عمران میں اپنے حبیب ﷺ کے وجود کو احسان اور انعام عظیم سے تعبیر کر رہے ہیں ۔”حقیقت میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر احسان کیا جبکہ ان میں انہی کی جنس سے ایک ایسے پیغمبر کو بھیجا(آل عمران164)

گویا آیت مذکورہ کی رو سے حضور ﷺ کا وجود اقدس اہل ایمان کے لئے اللہ کا احسان عظیم اور نعمت کبیر ہے۔تو پھر بندوں کو چاہئے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا چرچا کرنے اور ذکر کو عام کرنے کےلئے میلاد کی پاکیزہ محافل اور مجالس سجائیں۔

محفل میلاد :مسلمانوں کا ایک جگہ جمع ہونا اور حضور ﷺ کی ولادت باسعادت ۔معجزات و کمالات اورصورت و سیرت کا بیان کرنا خوشی و مسرت کا اظہار کرنے کا نام میلاد ہے۔ یہ سنت خدا ،سنت انبیائ، سنت صحابہ اور طریقہ بزرگان دین بھی ہے ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے :قل بفضل اللّٰہ وبرحمة فبذالک فلیفرحوا ط ھو خیر مما یجمعون۔”اے محبوب لوگوں سے فرمادیجئے اللہ کے فضل اور رحمت کے ملنے پر چاہئے کہ وہ خوشی کریں وہ بہتر ہے اس سے جو وہ جمع کرتے ہیں ۔(پارہ11رکوع11)اس آیت میں فضل و رحمت کے حصول پر خوشی منانے اور مال خرچ کرنے کا حکم دیا ہے اور یہ بات مسلم ہے کہ حضور ﷺکی ذات گرامی اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا فضل اور اللہ کی رحمت ہے جیسا کہ قرآن کریم میں حضور کو رحمت فرمایا گیا ہے ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے : وما ارسلنٰک الا رحمة اللعالمین۔”اور نہیں بھیجا ہم نے آپ کو مگر تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر۔“اس آیت مقدسہ سے معلوم ہوا کہ حضورﷺ اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی رحمت ہیں ۔ حضور ﷺ اللہ تعالیٰ کا فضل اور رحمت ہیں اس لئے آپ کی ولادت با سعادت پر خوشی منانا یہ قرآن کریم کی تعلیمات کے عین مطابق ہے ۔

حضور ﷺ نے اپنا میلاد منایا:نبی کریم ﷺ سے پیر شریف کے دن روزے کے متعلق پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:”اس دن میں پیدا ہوا اور اسی دن مجھ پر وحی کی ابتدا ہوئی ۔“ (مشکوٰة شریف)اس سے معلوم ہوا حضور ﷺ نے پیر شریف کے روزے کا اہتمام فرماکر خود اپنی ولادت کی یاد منائی ۔میلاد النبی ﷺ کے متعلق خلفائے راشدین کا بیان بھی ملاحظہ فرمائیں ۔

خلیفہ اوّل سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ :نے فرمایا جس شخص نے حضور نبی کریم ﷺ کا میلاد شریف پڑھنے پر ایک درہم بھی خرچ کیا وہ جنت میں میرے ساتھ ہو گا۔(النعمة الکبریٰ)

خلیفہ دوئم سید نا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ:نے فرمایا جس نے حضور ﷺ کے میلاد پر ایک درہم بھی خرچ کیا اس نے گویا اسلام زندہ کیا (النعمة الکبریٰ)

خلیفہ سوئم سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ:نے فرمایا کہ جس نے حضور نورِ مجسم ﷺ کے میلاد پر ایک درہم بھی خرچ کیا گویا وہ غزوہ ¿ بدر و حنین میں حاضر ہوا۔(النعمة الکبریٰ)

خلیفہ چہارم سیدنا علی شیر خدا رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جس نے نبی رحمت ﷺ کے میلاد کی تعظیم کی اور میلاد خوانی کا سبب بناوہ دنیا سے ایمان کے ساتھ جائے گا اور جنت میں بغیر حساب کے داخل ہو گا۔محفل میلاد مصطفےٰﷺ میں شرکت باعثِ برکت اور نجات دارین ہے یہ شکرانہ کا حسین موقعہ اور رضائے الہٰی کا پاکیزہ ذریعہ ہے ۔ جشن میلاد مصطفےٰ ﷺ منانے سے شرک کا قلع قمع ہوتا ہے اور توحید کا پر چار۔ماہ ربیع الاول میں ہر مسجد ،ہر مدرسہ اور ہر گھر محفلِ میلاد رسولﷺ سے سجانا چاہئے تاکہ رب کائنات کی خوشی و رضا حاصل ہو۔
جشن میلاد گھر گھر مناﺅ سبھی
آگیا ہے ہمارا تمہارا نبی ﷺ
Pir Muhammad Tabassum Bashir Owaisi
About the Author: Pir Muhammad Tabassum Bashir Owaisi Read More Articles by Pir Muhammad Tabassum Bashir Owaisi: 198 Articles with 658798 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.