لال مسجد کے مظلموں کے خون کا بدلہ کون لے گا؟

آپ مجھے رجعت پسند کہہ لیجئے ‘قدامت پسند ‘انتہاپسند یا کچھ اور مگر میری بات پوری سن لیجئے پھر فیصلہ کیجئے گا۔

سورہ بقرہ کی آیت نمبر 178کے شروع میں اللہ تعالٰی فرماتے ہیں”اے ایمان والو:مقتول کے خون کا بدلہ لینا تم پر فرض ہے“۔

اللہ تعالٰی فرماتے ہیں””اے عقلمندو !تمہارے لیئے قصاص میں زندگی ہے شاید کے تم پرہیز گار بن جاﺅ“سورة بقرہ آیت 179پارہ نمبر2۔

یہ تو قرآن کا فیصلہ ہے۔

اب اگر آپ شیعہ ہیں ‘شافعی ‘حنبلی‘حنفی ‘عیسائی یا ہندو یا جو کوئی بھی مذہبی عقیدہ رکھتے ہیں ۔اپنا دل تھام کر اور جس ہستی کو آپ کائنات کا خالق سمجھتے ہیں اسے حاضر ناظر جان کر یہ بتائیں کہ اگر آپ کے بھائی ‘بہن ‘بیٹا یا بیٹی کو کوئی قتل کردے توآپ کا دل اس قاتل کے واسطے کتناسخت ہوجائے گا؟ اس پر مستزاد یہ کہ مقتول بے قصور ہو چاہے وہ اپنے کسی ظالم دوست کے ساتھ اس کے مکان پر موجود ہواور حملہ آور نے اس بھی موت کے گھاٹ ایسے اتارا ہو جیسے نسلوں کی دشمنی ہو اور لاش کے ساتھ وحشیوں جیسا سلوک کیا ہوتو آپ کے جذبات کیا ہوں گے؟مجھے بتائیے کہ جب آپ اپنے کسی پیارے کی لاش کو قبر میں اُتارتے وقت منہ پر رومال رکھے ہوئے ہوں گے ‘ کیونکہ میت سے برآمد ہونے والی بدبو آپ کیلئے ناقابل برداشت ہوگی تو ایسی صورت میں دفن کے بعد کیا جذبات عود کر آئیں گے؟

اگر آپ کو معلوم ہو کہ فلاں قبر میں آپ کے کسی عزیز کی لاش اس طرح دفن ہے کہ اُس کے جسم کے تمام اعضاءدفناتے وقت موجود نہ تھے تو آپ کی کیا کیفیت ہوگی؟آپ ذرا سوچیئے کہ وہ عفت ماب بچیاں جو کشمیر کے 2005کہ زلزلے کے بعد لال مسجد کی گود میں محفوظ تھیں ‘آپریشن کے بعد لاپتہ ہوگئیں تو اب سینہ پر ہاتھ رکھیئے اور بتائیے کہ اگر آپ کی یا میری بہن ‘ماں ‘بیٹی اس طرح گم شدہ ہوتیں تو ہم پر کیا گزرتی ؟ کیا ہم انہیں نہ تلاش کرتے تو پھر کیا ہم نے اُن بچیوں کے بارے میں کچھ عملی اقدام نہ کرکے اپنا منہ کالا نہیں کرلیا؟

اگرچہ دل نہیں مانتا مگر مان بھی لیجئے کوئی آٹھ دس یا کچھ زیادہ مجرم مسجد کے اندر موجود ہوں یا بھجوادیئے گئے ہوں تو اس کا کیا مقصد ہے کہ آپ پوری مسجد کو اڑا دیجئے ۔گولیوں سے چھلنی مسجدکی دیواریں ‘بوٹوں سمیت مسجد میں (کسی بھی عبادت گاہ میں )افراد کا داخلہ ‘کیا یہی روشن خیالی ہے؟فوج ایک ادارہ ہے ۔جسے حاکم وقت یا وقت کا آرمی چیف کنٹرول کرتاہے ۔فوج کو موردالزام ٹھہرانے کے بجائے ہمیں ایسانظام لاناہوگا جس سے فوج کا غلط استعمال نہ ہو۔کچھ ملک دشمن عناصر یہ راگ الاپتے ہیں کہ فوج کہ اختیارات محدود کیئے جائیں انہیں یہ سوچنا ہو گا کہ اتنے وسیع اختیارات اس ادارے کو کس نے دیئے ؟ اور کیوں دیئے ؟جب فوج استعمال ہوئی تو اس کا ناجائز استعمال کرنے والے کے نظریات کیا تھے؟اُسے کے ہم رکاب کون تھے ؟اُس پورے گروپ ہی کوسزا دینی چاہیئے ۔جہنوں نے لوگوں کے دلوں میں پاک فوج جیسے ادارے کی قدروقیمت گھٹا دی۔ہمارے لوگوں کو بھی سمجھناہوگا کہ فوج کا ادارہ ملک کے حاکموں کے کنٹرول میں ہوتاہے ‘وہی اس کا سربراہ مقرر کرتے یا معزول کرتے ہیں ‘وہی اسے آرڈر دیتے ہیں بذات خود فوج کتناایکشن لیتی ہے یا لے سکتی ہے ؟یہ عوام کو بھی سمجھنا چاہیئے اوریہ فوج کو بھی عوام پر واضح کرناچاہیئے تاکہ ملک کے جن حصوں میں شورش برپاہے وہ اس بات کی گہرائی کو سمجھیں کہ کیسے آمر افراد آرمی کے مورال کو گرا کر ملک دشمن قوتوں کو خوش کرتے آئے ہیں (چاہے وہ جمہوری لبادے میں ہوں یا وردی میں)۔

اب بات یہ ہے کہ ہم گیس ‘لوڈ شیڈنگ ‘بجلی کے نرخوں میں اضافے پر تو سڑکوں پر آجاتے ہیں؟جمہوریت کے لیئے بھی قربانیاں دیتے ہیں؟لیکن جمہوریت کے قاتلوں کو جب تک عوام سزا نہیں دلوائیں گے اسوقت تلک جمہوریت کے سر پر تلوار منڈلاتی رہے گی۔اکبر بگٹی کا قتل ‘لال مسجد کا سانحہ ‘ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے مظلوم افراد‘سلالہ چیک پوسٹ کے مجرم ‘اور بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں شورش پیداکرنے والے لوگ آخرکیوں بے نقاب نہیں کیئے جارہے؟بلوچستان کے مسائل پرزبانی جمع خرچ میں تو انڈیا کا نام دیاجارہاہے لیکن پھر پسندیدہ ترین بھی اسے قراد دیاجانا سمجھ سے باہرہے۔

لال مسجد کے بارے میں ایک اہل نظر کی بات آپ سے شیئر کرناچاہوں گا۔جب حکومت کا ان سے مسئلہ چل رہاتھاتو بہت سے آپشن موجودتھے۔بہت سے طریقوں سے نمٹاجاسکتاتھا۔لیکن افسوس کے جن کا مقصد ہی اُسے نیست ونابود کرکے اپنے اقتدار کو مضبوط کرناتھاوہ بندوق کے علاوہ کسی حل کی جانب کیسے آتے؟۔اب اہل نظر ہستی کی بات کرتے ہیں تومیں آپریشن کے دنوں میں محبتوں کے شہر میں پہنچا ۔محفل نعت بپا تھی۔ پھر تعلیم دیتے ہوئے بزرگ فرمانے لگے(مفہوم)”لال مسجد کے بچے اور بچیاں راتوں کو تہجد پڑتے ہیں اگر اُن میں سے ایک کی بھی بددعالگ گئی تو مشرف کے اقتدار کا سورج غروب ہوجائے گا“۔بس پھر اللہ کا کرنا ایسا ہوا کہ سانحہ لال مسجد کے بعد مکے دکھانے والے طاقتور جرنیل کا اقتدار لرزنے لگا اور بالاآخر سیدنا محمدﷺ کے خدا نے اُسے جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبورکردیا۔اب اُس سے لال مسجدکے مظلموں کے خون کابدلہ کون سانظام لے گا؟یہ سوال آج بھی شہید لال مسجد اور رات کی تاریکی میں دفن ہونے والے شہدا کی قبریں دہرا رہی ہیں۔
sami ullah khan
About the Author: sami ullah khan Read More Articles by sami ullah khan: 155 Articles with 191585 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.