اداکارشکیل صدیقی پر تشدد

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اداکار شکیل صدیقی عرف تیلی پر بھارت میں دورانِ شوٹنگ تشدد کیا گیا اور ان کے ساتھ نازیبا سلوک کیا گیا۔انتہا پسندوں نے شوٹنگ کے دوران ان پر تشدد کیا،اور کہا کہ ممبئی حملوں میں پاکستان ملوث ہے اور شکیل صدیقی کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔اس خبر کے ساتھ ساتھ اس واقعے کی وڈیو بھی دکھائی گئی جس میں شکیل صدیقی کو سہمے ہوئے انداز میں گاڑی کی طرف جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور پس منظر میں نازیبا کلمات کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔

اگر عام حالات میں دیکھا جائے تو یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے کہ ہمارے ملک کے ایک فنکار کی توہین کی گئی ہے۔اور مہمان کے ساتھ بد سلوکی کرکے بھارت نے انتہائی بد تہذیبی کا ثبوت دیا ہے اور اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔،لیکن------ذرا ایک لمحے کو رکیے،ذرا غور کیجیے،اور کچھ دیر کے لیے یہ بات اپنے ذہن سے نکال دیں کہ یہ ایک پاکستانی بانشندے کی توہین کی گئی ہے اور بالخصوص پیارے کراچی کے بھائی کچھ دیر کے لیے یہ بھول جائیں کہ اس فنکار کا تعلق کراچی سے ہے

ذرا ٹھنڈے دل سے غور کیجیے کہ بھارت کے پاکستان کے بارے میں توہین آمیز لہجے اختیار کرنے کے بعد، پاکستان کو جنگ کی دھمکی دینے کے بعد، پاکستان کے خلاف خود کسی بھی کاروائی کرنے کے اعلان کے بعد اور پاکستان کو دہشت گردی کو مرکز قرار دینے کے بعد،پاکستان کو دہشت گردوں کا سرپرست قرار دینے کے بعد کیا کسی خوددار انسان کی غیرت یہ گوارہ کرتی ہے کہ وہ اس جگہ جائے جہاں اسکے وطن کی توہین کی گئی ہو،اسکے بھائیوں کو دہشت گرد کہا گیا ہو

یہ تمام فنکار لوگ بھارت کی تمام تر پاکستان دشمنی کے باوجود صرف اسکی انڈسٹری،اور پیسہ کمانے کی خاطر میڈیا پر آکر بھارت کے راگ گاتے تھے،ان کو بھارت اور انڈین عوام بہت محبت کرنے والے نظر آتے تھے اور ان کے خیال میں پاک بھارت دشمنی کا سبب بھارت نہیں بلکہ پاکستان کی پالیسیاں ہیں اور بھارت تو بہت اچھا ملک ہے، بلکہ بعٍض فنکاروں کو بھارت اور پاکستان میں کوئی فرق ہی نظر نہیں آتا تھا اور یہ لوگ کھلم کھلا نظریہ پاکستان کی دھجیاں اڑاتے رہے ہیں۔ لیکن اب ایک حد تک ان کے دماغ سے بھارت کے سیکولر ازم ،اور خبط کافی حد تک کم ہوجائے گا۔

میری اپنے تمام قارئین سے یہ گزارش ہے کہ اس واقعے کو عام حالات میں محسوس نہ کریں بلکہ اس فنکار نے بھارت جا کر دراصل تمام پاکستانیوں کی توہین کی تھی،اور اپنے عمل سے بھارت کو یہ پیغام دیا تھا کہ ہم تو اتنے بےغیرت ہیں کہ تم ہمیں جوتے بھی مارو گے تو ہم کھائیں،ان کے اس حرکت سے بھارت نے بھی یہی سوچا ہوگا کہ میں چاہے پاکستان کو کچھ بھی کہوں گا مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا،ہم نے اپنے آرٹیکل (کیا بھارت کو پاکستان سے جنگ کی ضرورت ہے؟) میں اسی بات کی طرف نشاندہی کی تھی

مندرجہ بالا حقائق کے بعد یہ فنکار اسی بات کا مستحق تھا کہ اس کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی۔کیوں کہ جو لوگ اپنے ملک و قوم کے حوالے سے غیرتِ ملی کا مظاہرہ نہیں کرتے ان کی کہیں بھی عزت نہیں ہوتی ہے
Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 535 Articles with 1520476 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More