ماہِ رمضان میں مرنے کی فضیلت(فضائل رمضان)

جو خوش نصیب مُسلمان ماہِ رَمَضان میں اِنْتِقال کرتا ہے اُس کو سُوالاتِ قَبْر سے اَمان مِل جاتی ، عذابِ قَبرسے بچ جاتااور جنّت کا حَقدار قرار پاتا ہے۔چُنانچِہ حضراتِ مُحَدِّثےن کِرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ المبین کاقَول ہے، ''جو مؤمِن اِس مہینے میں مرتا ہے وہ سیدھا جَنّت میں جاتا ہے،گویا اُس کے لئے دوزخ کا دروازہ بند ہے۔ '' (ا نیسُ الواعِظِین ،ص٢٥)

تین افراد کے لئے جنت کی بشارت
حضرتِ سَیِّدُنا عبد اللہ ابنِ مسعودرضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے ، نبیوں کے سردار،دو عالَم کے مالِک ومختار،بِاِذنِ پروَردگار ہم بے کسوں کے مدد گار صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ جنَّت نشان ہے: ''جسکو رَمَضان کے اختِتام کے وَقت موت آئی وہ جنّت میں داخِل ہوگا اور جسکی موت عَرَفہ کے دن (یعنی ٩ ذُوالحجّۃُ الحرام ) کے خَتْم ہوتے وَقت آئی وہ بھی جنّت میں داخِل ہوگااور جسکی موت صَدَقہ دینے کی حالت میں آئی وہ بھی داخِلِ جنّت ہوگا۔ '' (حِلْیۃُ ا لْاولیَاء ،ج٥،ص٢٦،حدیث٦١٨٧)

قیامت تک کے روزوں کا ثواب
اُمُّ الْمُؤ منین سَیِّدَتُنا عائِشہ صِدِّیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے روایت ہے، میرے سرتاج، صاحبِ معراج صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ارشادِ بِشارت بنیاد ہے: ''جس کا روزہ کی حالت میں اِنْتِقال ہوا، اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اُسکو قِیامت تک کے روزوں کا ثواب عطا فرماتا ہے۔'' (الفردوس بماثورالخطاب ،ج٣،ص٥٠٤،حدیث٥٥٥٧)
سبحٰنَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ! روزہ دار کس قَدَر نصیب دار ہے کہ اگر روزے کی حالت میں موت سے ہَمکنارہواتو قِیامت تک کے روزوں کے ثواب کاحقدار قرار پائے گا۔

حضرت ِ سیِّدُنااَنس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسولِ اکرم، رحمتِ عالَم ، نُورِ مُجَسَّم ، شاہِ بنی آدم ، رسولِ مُحتَشَم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوئے سنا ،''یہ رمضا ن تمہارے پاس آگیا ہے ،اس میں جنّت کے دروازے کھول دیئے جا تے ہیں اور جہنَّم کے دروازے بندکردیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو قید کر دیا جاتا ہے ،محروم ہے وہ شخص جس نے رَمضا ن کو پایا اور اس کی مغفِرت نہ ہوئی کہ جب اس کی رَمضا ن میں مغفِرت نہ ہوئی تو پھر کب ہوگی ؟ ''(مجمع الزوائد ،ج ٣ ،ص ٣٤٥،حدیث ٤٧٨٨ )

فیضان سنت کا فیضان ۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔

یا اللہ برما کے تمام مسلمانوں کی جان ومال،
عزت و آبرو کی حفاظت فرما آمین۔
وہ آج تک نوازتا ہی چلا جارہا ہے اپنے لطف وکرم سے مجھے
بس ایک بار کہا تھا میں نے یا اللہ مجھ پر رحم کر مصطفی کے واسطے
Abu Hanzalah M.Arshad Madani
About the Author: Abu Hanzalah M.Arshad Madani Read More Articles by Abu Hanzalah M.Arshad Madani: 178 Articles with 374451 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.