جی میں مسلمان ہوں ،کیوں؟ میں
اللہ کو ایک جانتا ہوں ،اس پر ایمان بالغیب رکھتا ہوں ،قیامت کے آنے کا ،حساب
و کتاب کا،مرنے کے بعد دوبارہ جی اٹھنے کا یقین ہے مجھے۔ اللہ کے فرشتوں پر
ایمان لاتا ہوں ،تقدیر کا قائل ہوں یہ بھی میرا ماننا ہے کہ اچھا عمل فائدہ
دیتا ہے اور برائی گناہ ہے ،جنت اور جہنم پرقرآن کے کلام الہی ہونے میں
کوئی شک نہیں ہے مجھے ، شرک کے ناقابل معافی جرم ہونے پر بھی میرا اعتقاد
ہے ،الولا و البرا کو بھی ایمان کا حصہ جانتا ہوں، میں اس لیے مسلمان ہوں
مگر ٹھہریئے سب سے ضروری بات میں نے چھوڑ دی ہے میں ان سب باتوں پر ایمان
لایا ہوں کیونکہ میں "محمد عربیﷺ" پر ایمان لایا ہوں ، مجھے اللہ پر یقین
اس لیے نہیں کہ میں نے اسے خود دیکھا ہے ،قیامت کے آنے کی خبر مجھے کسی
فرشتے نے نہیں دی ،کراما کاتبین کو میں نے کبھی چھو کر نہیں دیکھا، جنت اور
جہنم کا کبھی مشاہدہ نہیں کیا ،یہ بات میں نے مشاہدے سے نہیں جانی کہ
اچھائی اور برائی کیا ہے ،شرک کیا ہے اس کے متعلق خود کوئی رائے نہیں
میری،قرآن کو میں نے اپنی آنکھوں سے آسمان سے نیچے اترتے نہیں دیکھا ،لیکن
میں ان پر ایمان رکھتا ہوں کیونکہ میں "محمد عربیﷺ" پر ایمان رکھتا ہوں
انہیں سچا جانتا ہوں،انہیں ہر طرح کے نقائص اور عیوب سے پاک مانتا ہوں ،یہ
یقین رکھتا ہوں کہ اللہ کا فرشتہ ان کی طرف وحی لے کر اترتا تھا،مجھے اللہ
کے ہونے کا یقین بھی اسی لیے ہے کہ یہ محمد عربی نے بتایا ہے اور میں انہیں
جھوٹا نہیں جانتا،میرا ہر بات پر میرا پورے اسلام پر میرا مکمل ایمان پر
ایمان اس لیے ہے کیوں کہ میں "محمد عربیﷺ" پر ایمان رکھتا ہوں اور اس ایمان
کی ایک وجہ ہے کہ میں نے ان سا دوسرا نہیں پایا، میں نے کبھی انہیں ظلم و
زیادتی کرنے والا،دھوکہ دینے والا،شرک کرنے والا ،ناانصافی کرنے والا نہیں
پایا۔وہ میری ہر سانس میری دل و جان میں بستے ہیں ۔حقیقت تو یہ ہے کہ میرے
ایمان کا ایمان وہی ہیں ۔
آج یہ سب انہیں ظالم و جابر،پیڈو فائل،دہشت گردی کا بانی ،تلوار کے ذریعے
پیغام پھیلانے والا کہہ کر مجھ سے میرا ایمان چھیں لینا چاہتے ہیں!! ہاں
میں جذباتی ہوں ان کے معاملے میں ،میں جذباتی ہوں کیونکہ میرا ان کا رشتہ
ہے ہی جذبات کا ،اور مجھے اس میں عار ہو بھی کیوں!! یہ محمد عربی ﷺ کو اسی
مقام پر لانا چاہتے ہیں جیسے کہ یہ دوسرے انبیا کے ساتھ کرچکے ہیں ،کسی کے
کارٹون بنادیتے ہیں ،کسی کو نعوذ باللہ ہم جنس پرست کہہ دیتے ہیں ،کسی کے
وجود کے متعلق ہی شکوک و شبہات کا شکار ہیں ،کسی پر ان کی کتابیں ولدالحرام
ہونے کا خبیث الزام عائد کرتی ہیں ،کسی کو یہ ہمسائے کی بیوی کے پیچھے
بھاگتا دیکھتے ہیں ،یہ چاہتے ہیں کہ محمد عربی ﷺ کو بھی اسی مقام تک گرا
دیں ،اور پھر ان پر تنقید کرسکیں ۔ذہنوں کو کم از کم اس نہیج پر لے آئیں کہ
چاہے کوئی ان کی غلطی ہو یا نہ ہو مگر وہ یہ ضرور مانیں کہ وہ بھی غلط
ہوسکتے ہیں !! یہ میرے ایمان کو ہی ختم کردینا چاہتے ہیں مگر ان کو معلوم
نہیں "ان کا ذکر بلند ہوچکا ہے " اور ان کا مخالف "ابتر" ہے۔ان کا "نور"
پورا ہوکر رہنا ہے جبکہ ان کے دشمنوں کی "پھونکیں" بیکار ہیں ان کی "رحمت"
دوجہانوں کے لیے ہے اور ان کے مخالفوں کی "ذلت" کا چرچا اسی دنیا میں ہونے
لگا ہے۔رب کعبہ کی قسم ! یہ میرے "ایمان" کو چھیڑ رہے ہیں اور میں ایمان پر
جان قربان کردینے کا قائل ہوں۔
بشکریہ عاطف بیگ |