قائد ثانی‘ عمران خان

مسلمانان بر صغیر پاک و ہند کی بے پناہ لازوال قربانیوں اور نامور لیڈران کی بے مثال جہد مسلسل کے بعد قائد اعظم کی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں خالق کائنات نے دنیا کے نقشے پر عظیم پاکستان کو ماہ رمضان کے مقدس ایام میں نمودار کرکے قوم کو عظیم تحفہ عطا فرمایامگر حرص و طمع کے متوالوں نے ہوس اقتدار کے لالچ میں نوزائیدہ پاکستان کو سنبھلنے سے قبل ہی دنیا جہان میں ایک تماشہ بنا کر رکھ دیا‘ کندھے سے کندھا ملا کر وطن عزیز کو پروان چڑھانے کی بجائے اپنے ہی قائد‘ معمار پاکستان کو راستے سے ہٹا دیا‘ ہوس اقتدار کے پجاریوں نے اگر قائد اعظم کیساتھ بے وفائی نہ کی ہوتی تو آج دنیا میں پاکستان کسی اور ہی ڈھب پر ہوتا‘ جعلی جمہوریت کا ڈھونگ الاپ کر روٹی کپڑا اور مکان کے کھوکھلے نعرے لگا کر معصوم پاکستانی قوم کے جذبات سے کھیلنے والے اور ہر دور میں جھوٹ کی سیاست اور مکارانہ حربوں سے ملک کی بوٹیاں نوچنے والے بے حس اور بے ضمیر سیاستدانوں نے قوم کو اس قدر بے بس اور لاچار کر دیا ہے کہ الامان الحفیظ۔

بے تحاشہ مہنگائی‘ لوڈ شیڈنگ‘ روز مرہ کے خون خرابے‘ لا قانونیت اور عدم تحفظ نے عوام الناس کو اذیت ناک ڈپریشن میں مبتلا کر دیا ہے‘ مسلسل خوف اور مایوسیوں کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں جب قوم ہر طرف سے نا امیدی میں مبتلا کسی نجات دہندہ کی متلاشی تھی تو ایسے میں قدرت نے بے نوا ملک و قوم کی ڈوبتی ناﺅ کو سہارا دینے کا فریضہ پاکستان تحریک انصاف کو سونپ دیا‘ جو قوم کو مایوسیوں سے نکال کر روشنی کی طرف گامزن کرنے کے جذبے سے سرشار ہے‘ جس کا بانی عمران خان نہ صرف دلیر ہے بلکہ ملک و قوم کیساتھ مخلص بھی ہے‘ دنیائے کرکٹ میں بے پناہ شہرت کیساتھ حکمرانی کرنے والے اس عظیم کھلاڑی نے ملک میں کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی جیسے ادارے بنا کر قوم پر ایک احسان عظیم کیا ہے‘ منافقت کی سیاست سے نا آشنا ملک وقوم کے درد میں مبتلا عمران خان نے 1996 ءمیں جداگانہ نظریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی سیاسی پارٹی ”پاکستان تحریک انصاف“ کی بنیاد رکھی جو کہ آہستہ آہستہ پروان چڑھتے ہوئے آج ملکی سیاست کے میدان میں ایک بھرپور فعال تحریک بن چکی ہے جس نے نوجوان طبقہ کی سوچ کو بدل ڈالا ہے‘ جس نے روایتی سیاست سے ہٹ کر ملک و قوم کی کایا پلٹنے کا عزم کر رکھا ہے‘ جس کی مقبولیت سے آج دشمنان پاکستان کے پیروکار خوفزدہ ہیں اور ہر روز اس کی ہرزہ سرائی کیلئے ایک نیا شوشہ چھوڑ دیتے ہیں‘ عمران خان کے ویژن ”کرپشن سے پاک پاکستان“ نے ان کی نیندیں حرام کر دی ہیں اور اقتدار کے موج میلے کو بچانے کیلئے نت نئے حربے آزما کر قوم کو سنہرے جال میں جکڑنے کی بے سدھ کوششوں میں مبتلا ہیں‘ لیکن برسہا برس کی مصائب میں ڈوبی قوم اب کافی سمجھدار اور با شعور ہو چکی ہے اور اب قوم تندوری روٹیوں‘ لیپ ٹاپ اور روپے پیسوں کے لالچ میں اندھے ہو کر آئندہ کبھی ناسوروں کو دوبارہ منتخب کرنے کی غلطی نہ کرے گی‘ بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال قوم پاکستان صرف لیڈر شپ نہ ہونے کی وجہ سے منتشر تھی لیکن اب قدرت نے لیڈر شپ کا سہرا عمران خان کے سر پر سجا دیا ہے جس میں اچھے لیڈر‘ منتظم اور نظریاتی ایڈونچر ازم کے اوصاف کوٹ کوٹ کر بھرے ہوئے ہیں آج کے پر آشوب دور میں جبکہ پورا ملک خون میں نہایا ہوا ہے‘ دہشتگردی کی آڑ میں دشمنان پاکستان ملک و قوم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے در پے ہیں اور پورا عالم اسلام اس وقت شدید خطرات سے دو چار ہے تو ایسے میں تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی بلکہ بد ترین حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کو جذبہ ایمانی کیساتھ رضا کارانہ طور پر PTI کے ساتھ شانہ بشانہ چلنا پڑے گا اور اگر ایسا ہو جائے تو میرا ایمان ہے کہ ملک کی تقدیر بدل جائیگی‘ قانون قدرت ہے کہ ہر اندھیرے کے بعد اجالا ضرور ہوتا ہے اور انشاءاللہ ملک و قوم کا دامن خوشیوں سے بھر جائے گا‘ وزیرستان کی طرف PTI کے حالیہ پر امن لانگ مارچ نے ملکی سیاست کا رخ آئین و قانون کی پاسبانی کے حامل محب وطن لیڈر اور سچے کھرے پاکستانی عمران خان کی جانب موڑ دیا ہے‘ جس نے اپنی ثابت قدمی سے یہ ثبوت دے دیا ہے کہ وہ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا جو کہ کامیاب لیڈرشپ کا وصف بھی ہے کہ وہ مثبت نتائج کیساتھ فتح کامرانی کے جھنڈے گاڑتا چلا جائے گا۔

عمران خان کی قیادت میں اب وہ دن دور نہیں جب وطن عزیزسے مشکلات اور مصیبتوں کے گھمبیر سائے دور ہو جائیں گے اور حالات کی ستائی‘ تھکی ماندی قوم سکھ کا سانس لے گی اور ملک ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہوگا‘ وقتی طور پر سیاسی شعبدہ بازیوں کے ماہر مداری PTI کے مشن کو نشانہ بنا کر اپنی بھڑاس نکالنے میں مگن ہیں لیکن وہ اس بات کو بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ عمران خان جھوٹ اور منافقت کی سیاست نہیں کرتا اور انجام و خطرات سے بلا خوف اپنی دھن میں غیر معمولی کارہائے نمایاں سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جس قدر تیزی سے لوگوں کے ذہن PTI کی طرف مائل ہو رہے ہیں اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ بات یقین کیساتھ کہی جا سکتی ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں آنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی کیونکہ قدرت نے عمران کو ملک و قوم کو سنوارنے کا مشن سونپ دیا ہے اور دکھیاری قوم نے بارہا کے آزمائے ہوئے کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کر دیا ہے‘ دین کے جعلی ٹھیکیداروں‘ امریکہ کے پیروکاروں کی اب کوئی سازش قوم کو گمراہ نہیں کر سکتی‘ ان کی کوئی تنظیم نو اور وقتی سیاسی اتحاد PTI کا راستہ نہیں روک سکتا‘ قوم کو فریب میں مبتلا رکھنے والے 65 سالوں میں ملک کیلئے کچھ نہ کر سکے تو آئندہ بھی کبھی نہ کر سکیں گے کیونکہ ان کی سیاست ملک قوم کی بجائے صرف ان کے اپنے گرد گھومتی ہے‘ ان کا مقصد صرف ملک و قوم کو لوٹنا اور مال کمانا ہے‘ خواہ وہ اپنے ہی معصوم عوام کو ڈرون حملوں کی نذر کر دینے کے عوض ہی کیوں نہ ہوں۔

گلگت‘ بلتستان سے لیکر کراچی تک مختلف طبقات میں بانٹ کر اپنوں کو اپنوں کے ہاتھوں مروانے والے کیوں بھول گئے کہ ناحق خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا ایک دن اپنا رنگ ضرور دکھائے گا‘ لہو و لعب کے اس گھناﺅنے کھیل میں خدائی فوجدار ملکی ایجنسیوں اور پاک فوج کو قدرت نے ملکی سلامتی کیلئے ڈھال بنائے رکھا ورنہ اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کیساتھ باہم سازش ہو کر سازشی پٹھو اس ملک کو کب نیست و نابود کر چکے ہوتے لیکن قدرت نے شاید اس جہان فانی میں وطن عزیز پاکستان سے کئی اہم کام لینے ہیں اور قائد اعظم ؒ کے ادھورے مشن کی تکمیل عمران خان کے ہاتھوں کروانا ہے اور انشاءاللہ قائد اعظم ؒ کے اصولوں پر عمل پیرا دھن کے پکے اور لگن کے سچے عمران خان ملک کو سنوار کر عظیم پاکستان بنا کر خود کو قائد ثانی ثابت کر دے گا‘ اللہ تعالیٰ پاکستان اور عمران خان کا حامی و ناصر ہو۔
Ghazi Shahid Raza Alvi
About the Author: Ghazi Shahid Raza Alvi Read More Articles by Ghazi Shahid Raza Alvi: 7 Articles with 5907 views Chief Executive: Ghazi Group of Newspapers.
Chief Editor: Mubaligh Islamabad.
Writer of Well known Article "Black Out"
Chairman Action Committee: A
.. View More