اصغر خان کیس کا فیصلہ----- گلاس توڑے بارہ آنے

آج چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس جواد ایس خواجہ اور عارف حسین خلجی پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رُکنی بینچ نے 1990ءکے انتخابات میں آئی جےآئی بنانے سےمتعلق سولہ سال پُرانے اصغر خان کے مقدمےکا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ نوے کے انتخابات میں اِسٹیبلشمنٹ کے بنائے گئےسیاسی سیل کے ذریعے دھاندلی ہوئی۔ سپریم کورٹ نے اُس وقت کے آرمی چیف جنرل(ر) مرزا اسلم بیگ اور آئی ایس آئی چیف جنرل(ر) اسد درانی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے اور عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ جو سیاستدان اس سے مُستفید ہوئے ان کی تحقیقات کی جائیں۔ اس کے علاوہ فیصلے میں سب سے اہم حکم کہ اگر ایوان صدر میں سیاسی سیل موجود ہے تو ختم کیا جائے، صدر حلف وفا نہ کرے تو آئین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوتاہے۔

گزشتہ صدارتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے صدارتی اُمیدوار اور سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ سعیدالزمان صدیقی کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں کہ انھوں نے 11 اکتوبر 1999ء کو اصغر خان کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ مگر ایک دن بعد نواز شریف کی حکومت ٹوٹنے کے بعد وہ فیصلہ سُنایا نہ جا سکا۔ مشرف کے دور میں اصغر خان نے سپریم کورٹ کو بارہا عرضیاں لکھیں کہ اُن کے کیس کا فیصلہ سنایا جائے مگر آزاد عدلیہ کے قدیم اور لاڈلے رجسٹرار نے اِن عرضیوں کو اصغر خان کے سامنے اُچھالنے کا شُغل جاری رکھا۔ مگر جب لعلوں کی جوڑی یعنی چیف ورجسٹرار کا یہ کھیل زبان زدِ خاص و عام ہوا تو آزاد عدلیہ نے مجبورا ً اپنا پسندیدہ اور آپس میں کمال محبت رکھنے والاتین رُکنی معروف "سَنجَوگ بینچ" بنا کرسپریم کورٹ کےمحفوظ فیصلے کوسنانے کی بجائے کیس کی سماعت نئے سِرے سے شروع کر دی۔

نوے کی دھائی میں کیس کی سماعت کے دوران اصغر خان، جنرل بیگ، جنرل درانی، جنرل بابر مرحوم کے آٹھ کے قریب بیاناتِ حلفی عدالت میں جمع کرائے گئے ۔ جن میں جنرل بیگ اور جنرل درانی کی عدلیہ کی شان میں دھمکی آمیز باتیں بھی شامل تھیں۔ قانونی ماہرین کہتے ہیں کہ جنرل بابرمرحوم کے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے دو حلفی بیانات جنرل اسلم بیگ، جنرل اسد درانی اور دوسرے ملوث لوگوں کے لیے انتہائی خطرناک ٹھوس گواہی کی حیثیت رکھتےتھے اور ملزموں کے لیےکسی طور پر بھی ممکن نہیں تھا کہ وہ جنرل بابر کے ان بیانات کو جُھٹلا کر عدالت سے کوئی ریلیف مانگ سکیں اور اِسی طرح آزادعدلیہ کے لیے بھی آسان نہ تھا کہ وہ اپنے پیاروں کو بچا سکے۔ شائد اِنھی ٹھوس ثبوتوں کو دیکھ کر سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افضل ظُلہ نے بھری عدالت میں جنرل اسلم بیگ کو کہا تھا کہ "اب مجھے خُدا بھی کہے تو میں تجھے نہیں چھوڑوں گا"۔۔۔۔۔۔۔۔

مگر اصغر خان کیس کی دوبارہ سماعت کے دوران بتایا گیا کہ دوسرے اہم کاغذات کے ساتھ جنرل بابر کے حلفی بیانات سپریم کورٹ کے ریکارڈ سے غائب ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حق شناس اور غیر جانبدار حلقے اُسی وقت کیس کی دوبارہ نئے سِرے سے حیرت آفرین سماعت کی حقیقت ٹھیک طرح سےسمجھ گئے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اِس "اِنصاف" پر مبنی مَعرِکَتُہ الآرا فیصلے نے آزاد عدلیہ کا جُھرلو پھیرنے والے شریفین و صالحین سیاستدانوں اور مولویّوں کے ساتھ لو افئیر کو ایک بار پھر بُری طرح آشکارہ کیا ہے۔ اِ س فیصلے کو سُننے کے بعد چند سوالات ذہن میں اُبھرتے ہیں، کچھ باتیں خُوب واضح ہوتی ہیں۔ جو کہ مندرجہ ذیل ہیں۔

1۔ یہ فیصلہ آزاد عدلیہ کا ایک طرح سے ایک بارپھر کُھلا اعتراف ہے کہ وہ حکومتیں توڑنے اور بنانے والے جرنیلوں کے سامنے بالکل بے بس ہے۔

2۔ عدالت میں بنک ٹرانزَیکشَنز کے ریکارڈز، حلفیہ بیانات کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرک میڈیا میں اِسی مَد میں پیسے لینے والے چند سیاستدانوں کےاپنے اقراری بیانات کے بعد واضح سزائیں دینے کے بعد آخر کون سے ثبوتوں کی ضرورت تھی؟

3۔ آئی جے آئی کی باقی اتحادی پارٹیوں کے سیاست دانوں کا ذکر نہ بھی کریں تو یہ بات بالکل ہضم ہونے والی نہیں ہے کہ 1990ء کے الیکشن میں سیاستدانوں میں پیسے تقسیم ہونے، دھاند لی کا فائدہ اُٹھانے اور وزیرِاعظم بننے والے شخص یعنی نواز شریف کا فیصلے میں ذکر تک نہیں۔ اُنھیں عدالت میں بُلانے کا تکلف تک نہیں کیا گیا۔ حالانکہ ایف آئی اے کی سپریم کورٹ میں پیش کی گئی انکوائری رپورٹ کہتی ہے کہ یونس حبیب نے الیکشن میں دھاندلی وغیرہ کے لئے آئی ایس آئی کے ذریعے دیئے گئےپینتیس لاکھ روپے کے علاوہ نواز شریف کو بیس کروڑ روپے کی رشوت دی تھی۔

4۔اِس میں کوئی شک نہیں کہ اگر اصغر خان کیس میں انصاف پر مبنی فیصلہ آ جائے تو اس وقت آزاد عدلیہ کے معنوی کولیشن پارٹرز نا اہل ہو کر جیلوں کی ہوا کھا رہے ہوں۔

5۔ آزاد عدلیہ کا یہ فیصلہ عوام کا مینڈٹ چوری کرنے والے ثابت شُدہ چوروں کی واردات چھپانے کی گھناؤنی سازش کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔

6۔ سماعت کے دوران ہمیشہ اپنی ذاتی خواہشات اور جذبات پر تڑپ پھڑک دکھانے والے سَنجَوگ بینچ کا دل اصل کیس سے ہٹ کر موجودہ حکومت اور صدر کی طرف ہی اٹکا رہا ۔جس کا مَوقَع بے مَوقَع اظہار بھی ہوا۔ اور یہ بات عوام سے پوشیدہ نہ رہی کہ معزز جج حضرات کے کان، آنکھیں ، دماغ اور زبانیں ہر وقت "ایک ہی آدمی" کے خلاف سُننا، دیکھنا، فیصلہ کرنا اور بولنا چاہتی ہیں۔

7۔ اس فیصلے میں انصاف نہیں ہوا بلکہ ظلم کی ضِد اور غیر آئینی عادتوں کو مزید پروان چڑھایا گیا ہے۔مگر اس کو حالات کا جبرہی کہنا پڑے گا کہ آ ج پاکستان پیپلز پارٹی کی معنوی دُشمن کو چار و ناچار علی الاعلان اِقرارکرنا پڑاکہ نوے کی دھائی میں پی پی پی کے خلاف دھاندلی ہوئی تھی اور انتخابات میں پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو چرانے والی اسٹیبلشمنٹ کا چہرہ پوری طرح بے نقاب ہوگیا ہے۔

8۔ جب آزاد عدلیہ ایک صوبائی ضمنی الیکشن کی اُمیدوار وحیدہ شاہ کو پریزائیڈنگ آفیسر کو ایک تھپڑ مارنے پر نااہل قراردے دیتی ہے۔ تو پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ پوری قومی اسمبلی چاروں اسمبلیوں سمیت لُوٹنے والےقومی ڈاکوؤ ں کی طرف خفیف سا اِشارہ تک نہیں کیا گیا۔

9۔ اِس فیصلے سے عدالت نے اپنا بوجھ اُ ٹھا کر حکومت کے سر پر رکھ دیا ہے۔ کیس میں نامزد سیاست دانوں، ریٹائرڈ فوجیوں اور صحافیوں سے پُھوٹی کوڑی بھی وصول نہیں کی جا سکے گی۔ یہ قومی غنڈےآج سے ہی میڈیا کی بھرپور سنگت سے اپنے آپ کو پاکدامن قرار دینا شروع کر دیں گے۔ اگر موجودہ حکومت ان کے خلاف تحقیقات شروع کرے گی توخود عدالتِ عظمٰی کا حکمِ امتناعی اور دوسرے اقدامات اس کو بے بس کرد یں گے۔ (ویسے ذرا تصّور کریں کہ اگرعدالت کی طر ف سے تصدیق شدہ سابق جُھرلووزیرِاعظم میاں نواز شریف تفتیش کے لئے ایف آئی اے یا نیب میں تشریف لائیں تو میڈیا کی ان کو ہیرو جیسی کوریج دیکھنے لائق ہوگی)

10- مَذْکُورۂِ بالا فیصلےسے اور کچھ ہو نہ ہو مگر صدر آصف علی زرداری کے دو عہدوں کی بات شَدّ و مَد طریقے سے ضرور ہوگی۔

11- کیا اس فیصلے سے ایک بار پھر آئین کے نمائشی آرٹیکل6 کابودا پن ظاہر نہیں ہوا ؟ (سوچنا پڑے گا کہ یہ عدالتی بودا پن ہے یا آئینی)

12- کیا عوام عدالت کے تفصیلی فیصلے میں توقع رکھے کہ عوامی مینڈٹ کوچُرانے والوں کو نااہلی اور واضح سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا؟ کیا افواج پاکستان اپنی ساکھ کو بہتری کی طر ف لے جانے کے لئے اِس کیس میں ملوث اپنے جرنیلوں کاکورٹ مارشل کرکے سزا دے گی؟

13- کیا ہم اِس کیس میں ملوث لوگوں کے بارے میں میڈیا کی غیرت بریگیڈ سے ویسی ہی امید کر سکتے ہیں جس طرح انھوں نے یوسف رضا گیلانی کے مختصر فیصلے کے بعد اِخلاقی فرض، صادق اور امین کے پرچار کئے؟

14۔ اِس فیصلے سے پاکستانی عوام میں یہ سوچ پہلے سے کئی گنا زیادہ مضبوط ہوئی ہے کہ شریف برارز کے کسی بھی غیر آئینی اور غیر قانونی عمل پر گرفت ہو ہی نہیں سکتی۔

15- اصغر خان کیس کی سولہ سالوں میں عدالتی پروسیڈنگز کا کروڑوں روپے کا خرچہ عوام کے ٹیکسوں سے ادا ہُوا ہے (یہ ممکن ہے کہ ہِندسے اربوں تک جا پہنچے ہُوئے ہوں)۔ ابھی تک تو آزاد عدلیہ اپنے بجٹ سے اربوں روپے زیاد ہ خرچ کا حساب اپنے عزیزِمن رِجسٹرار کو پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش کرنے سے غیرآئینی طور پر کترا رہی ہے۔ اگر رِجسٹرار تشریف لے آئیں اور اصغر خان کیس کی طرح کے "گلاس توڑے بارہ آنے " قسم کے کیسز کا آڈٹ کیا جائے تو ڈائریکٹ اور اِن ڈائریکٹ نقصا ن کا تخمینہ کھربوں روپے سے ہرگز کم نہ ہو گا۔ کیا اِس کے ذِمہ داروں اور ان کے جاں نثاروں، بے شماروں کو اس چیز کا ذرا برابر بھی احساس ہے؟

آخر میں عرضِ حال یہ ہے کہ اصغر خان کیس کے فیصلے سے ایسے لگتا ہے کہ آزاد عدلیہ نے ایک مرتبہ پھر حق داروں کی حق تلفی اور غاصبوں کی مزید پرورش کر کے انصاف کے گلے پر نہ صرف چھری پھیری ہے بلکہ دانستہ طور پر پاکستان کی آنے والی نسلوں کے راستے میں کانٹے دار فصلوں کی پنیری بوئی ہے۔ آئندہ آنے والی پاکستانی عوام کے لئے اس سےبڑھ کر کوئی غضب اور آفت ہو ہی نہیں سکتی کہ ان کو ورثے میں مسلط کئے گئےجعلی یا فوجی ساختہ لیڈرز ملیں۔ آزاد عدلیہ کا فریبی لیڈرز کی کھلم کھلا حمائت کرنا درحقیقت بدخواہی سے آئندہ نسلوں کے واسطے ٹھگوں کی بھاری جماعت پیدا کرنا ہے۔
Imam Bukhsh
About the Author: Imam Bukhsh Read More Articles by Imam Bukhsh: 8 Articles with 7022 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.