انگریزوں کی آمد سے قبل برصغیر
معاشی طور پر مضبوط ترین گڑھ سمجھا جاتا تھا اور اس کی بازگشت پورے یورپ تک
سنائی دے رہی تھی۔ اس خطے کی بہتر معیشت کی بدولت انگریزوں نے اسے سونے کی
چڑیا یعنی گولڈن سپیرو کا نام دیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ تجارت کے نام پر اور
کبھی مہارت کے نام پر وہ اس علاقے پر اپنی نظریں جما چکے تھے۔ انگریزوں نے
ایک طرف جہاں برصغیر کو جی بھر کر لوٹا تو دوسری طرف اس خطے کو بے شمار
پروجیکٹس بھی دیئے۔ان میں مختلف شہروں کی آباد کاری، ریلوے نظام، ہسپتال
اور تعلیمی ادارے اہم گردانے جاتے ہیں۔ انگریزوں نے اس خطے میں رہتے ہوئے
جہاں جیکب آباد سے ایبٹ آباد، لائل پور سے مری تک نئے شہر آباد کئے وہاں
کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، ایچی سن کالج، کوئین میری کالج، لارنس کالج، میو
ہسپتال اور لیڈی ولنگٹن ہسپتال جیسے پروجیکٹس بھی شامل ہیں۔ اس میں شک نہیں
کہ ان علاقوں کی اصل ترقی بھی انگریزوں کے آنے سے ہوئی لیکن یہ بات بھی
ڈھکی چھپی نہیں کہ انہوں نے یہ پیسہ اپنی جیب سے نہیں لگایا بلکہ تجارت کے
نام پر ہماری ہی دولت لوٹ کر اُس کا کچھ حصہ اس خطے میں لگا دیا اور اس میں
بھی اُن کا اپنا ذاتی مفاد پنہاں تھا۔
برصغیر میں رہتے ہوئے انگریزوں نے کئی نئے شہر بسانے میں کلیدی کردار ادا
کیا اور پھر ان شہروں کے نام بھی اپنے ناموں سے منسوب کر دیئے۔ موجودہ
پاکستان میں کئی ایسے شہر موجود ہیں جو آج بھی انگریز اور سکھ حکمرانوں کی
یاد دلاتے ہیں۔ ایبٹ آباد شہر بننے سے قبل وادی اورش کہلاتا تھا۔ یہ
پرفضاءشہر انگریز کے زمانے میں ایک میجر جیمز ایبٹ نے 1853ءمیں آباد کیا
تھا۔ جیمز ایبٹ اُس وقت ضلع ہزارہ کا ڈپٹی کمشنر تھا اور اس شہر کی فطری
خوبصورتی کا شیدائی رہا۔ سندھ کا خوبصورت شہر جیکب آباد برطانوی راج کے دور
میں انگریز حاکم جنرل جان جیکب کے نام سے موسوم ہے۔ سرجان جیکب نے اس شہر
کی بنیاد 1847ءمیں رکھی تھی۔ اس سے قبل یہ علاقہ خان گڑھ کہلاتا تھا لیکن
اس علاقے کیلئے انگریز جرنیل کی خدمات کے عوض اسے جیکب آباد کا نام دیا گیا۔
فیصل آباد کا پرانا نام ساندل بار تھا۔ 1896ءمیں پنجاب کے گورنر لیفٹیننٹ
جنرل سرجیمز بی لائل نے اس شہر کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا۔ اس طرح یہ
نام ساندل بار سے تبدیل ہو کر لائل پور بن گیا اور پھر قیام پاکستان کے بعد
1985ءمیں اس شہر کو سعودی فرماں روا شاہ فیصل شہید کے نام سے موسوم کر دیا
گیا۔
اٹک انگریز کے دور میں کیمبل پور کے نام سے مشہور تھا۔ 1904ءمیں سرکولن
کیمبل نے اسے شہر کا درجہ دیا اورپھر اُسی کے نام سے منسوب ہو گیا۔
بلوچستان کے خوبصورت شہر ژوب کو 1889ءمیں انگریزوں نے فورٹ سڈیمن کا نام
دیا جبکہ اس کا پرانا نام اپوزئی تھا۔ 1976ءمیں ذوالفقار علی بھٹو نے اس کا
نام تبدیل کرکے ژوب رکھ دیا۔ ساہیوال ایک خوبصورت اور سرسبز و شاداب شہر
ہے۔ انگریز کے دور میں یہ شہر کراچی اور لاہور کے مابین ریلوے لائن پر واقع
ایک چھوٹا سا قصبہ تھا۔ 1865ءمیں اُس وقت کے گورنر پنجاب سر رابرٹ منٹگمری
نے اس علاقہ کو منٹگمری کا نام دیا تھا جبکہ 1966ءمیں اس کا نام تبدیل کرکے
ساہیوال رکھ دیا گیا۔ ملکہ کوہسار مری ایک صحت افزاءمقام ہے۔ برطانوی راج
میں جب پنجاب پر قبضہ کیا گیا تو انگریزوں کو کسی سرد مقام کی تلاش تھی۔ اس
مقصد کیلئے مری کے قریب ایک جگہ منتخب کی گئی اور اس طرح 1851ءمیں وہاں
پہلی بارک تعمیر ہوئی۔
صرف انگریز ہی نہیں بلکہ اس خطہ میں کئی شہر ایسے بھی موجود میں جو سکھ
جرنیلوں نے آباد کئے اور بعد میں اُن کے ہی ناموں سے منسوب ہو گئے۔ مانسہرہ
اور ہری پور دو سکھ جرنیلوں مان سنگھ اور ہری سنگھ کے ناموں پر رکھے گئے
ہیں جنہوں نے سید احمد بریلی اور شاہ اسماعیل کو شہید کیا۔ مانسہرہ کا نام
”مان سنگھ“ کے نام سے اخذ ہوا ، جو ایک زمانے میں اس علاقے کا حکمران تھا
جبکہ ہری پور کی بنیاد ایک سکھ جرنیل ہری سنگھ نے 1821ءمیں رکھی تھی۔ سکھوں
کیخلاف جہاد کے دوران مان سنگھ کے ہاتھوں سید احمد بریلی جبکہ ہری سنگھ کے
ہاتھوں شاہ اسماعیل کو شہادت نصیب ہوئی۔ پنجاب کا شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ بھی
سکھ مذہب کے ایک پیروکار کے نام پر آباد ہے جبکہ ضلع ننکانہ صاحب کو سکھ
مذہب کا سب سے مقدس مقام قرار دیا جاتا ہے۔ انگریزوں اور سکھوں نے جہاں کئی
بڑے شہر آباد کئے وہیں کئی چھوٹے علاقے اور قصبات بھی اپنے ناموں سے منسوب
کئے۔ فورٹ منرو ڈیرہ غازی خان کا ایک علاقہ ہے جسے 1886ءمیں اُس وقت کے
نوآبادیاتی حکمرانوں نے جو سرد علاقوں سے آئے تھے، اسے گرمیوں میں اپنے لئے
پسند کیا اور فورٹ منرو کا نیا نام دیا۔ اسی طرح ایسے بہت سے قصبات موجود
ہیں جو انگریزوں، سکھوں اور ہندوﺅں کے ناموں سے منسوب ہیں۔
انگریزوں کے جانے کے بعد برصغیر میں کئی مقامات کے نام تبدیل کئے گئے۔
مثلاً بمبئی سے ممبئی، مدراس سے چنائے، کلکتہ سے کولکتہ، لائل پور سے فیصل
آباد، کیمبل پور سے اٹک، منٹگمری سے ساہیوال اور فورٹ سنڈیمن سے ژوب میں
تبدیل ہوئے۔ ناموں کی اس تبدیلی کے پیچھے کوئی نہ کوئی تاریخی منطق ضرور
ہوتی ہے اور نئے نام دراصل ان علاقوں کے قدیم نام تھے۔پاکستان میں جہاں کئی
مقامات اور اداروں کے نام تبدیل ہوئے وہاں اس وقت دو بڑے شہروں ایبٹ آباد
اور جیکب آباد کے ساتھ ساتھ کئی چھوٹے شہروں اور قصبات مثلاً فورٹ منرو،
میکلوڈ گنج وغیرہ کے نام اب تک نہیں چھیڑے گئے۔ اسی طرح کنگ ایڈورڈ میڈیکل
کالج، میو ہسپتال، ایچی سن کالج، کوئین میری کالج، لیڈی ویلنگٹن ہسپتال،
لارنس کالج، ڈیوس روڈ، ایبٹ روڈ وغیرہ کے نام بھی انگریز آقاﺅں والے چلے آ
رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سکھ جرنیلوں کے ناموں سے منسوب کئی شہر، قصبات اور
ادارے بھی تاحال پرانے ناموں سے پکارے جاتے ہیں جبکہ پاکستان کے مقابلے میں
بھارت تھوک کے حساب سے نام تبدیل کر چکا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بھی جبر
و استبداد کی علامتوں اور دورِ غلامی کی یادگاروں کو مٹا دیں۔ |