انجیر کھائیں صحت اور لطف ساتھ ساتھ پائیں

شاید بہت سے لوگ یہ سطریں پڑھتے ہوئے سوچ میں پڑجائیں کہ بھلا یہ کس طرح کا پھل ہے کہ جو دیگر پھلوں کی طرح نہیں ملتا ہے اور نہ ہی اس کی دیگر معروف پھلوں کی طرح اہمیت ہے لیکن صرف یہ ہے کہ انجیر کا شمار بھی صحت بخش پھلوں میں کیا جاتا ہے جس کی مٹھاس کا اصل سبب یہ ہے کہ اس میں پچاس فیصد انگوری شکر پائی جاتی ہے موسم کے اثرات کے باعث یہ پاکستان میں تازہ فروخت نہیں ہوتا البتہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں یہ سیزن کے دوران تازہ بھی مل سکتا ہے۔ انجیر کو خشک کرنے کے بعد چپٹا کرکے کسی رسی میں پرولیا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ خاصے عرصے تک قابل استعمال رہتی ہے۔

انجیر سے لاجواب فوائد حاصل کریں:انجیر کے بھی دوسرے تمام پھلوں کی طرح بیش بہا فوائد ہیںجن سے عام افراد واقفیت نہیں رکھتے کیونکہ اکثریت کو تو یہ بات بھی معلوم نہیں کہ اس کا شمار پھلوں میں کیا جاتا ہے۔ اس کو کھانے سے آنتیں صاف رہتی ہیں اور اسے تازہ کھایا جائے یا خشک مگر نظام ہضم کیلئے اس کی افادیت یکساں ہے۔ فی زمانہ آنتوں کی بیماری کی شکایت عام ہے جس کی وجہ ظاہر ہے کہ بے وقت کھانا اور غیرصحت مندانہ غذاؤں کا استعمال بھی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ آپ ہر روز سونے سے قبل چار یا پانچ عدد خشک انجیر اچھی طرح چبا کر کھالیں اور یا پھر انہیں گرم دودھ میں بھگو کر نرم کرنے کے بعد نوش کریں تاکہ آنتوں کے افعال میں بہتری پیدا ہوسکے۔ آج کل فشار خون کی بیماری بھی عام ہے خصوصاً خون کے دباؤ میں کمی یا لو بلڈپریشر کے بارے میں شکایات سنی جاتی رہی ہیں اور لوگ غیرضروری طور پر دواؤں کے استعمال کے عادی ہورہے ہیں لیکن اس مرض کا شافی علاج بھی انجیر ہے جسے کھانے سے خون کا دباؤ نارمل ہوجاتا ہے۔ اسے کھانے سے جسم میں خون بھی بننے لگتا ہے اور اس طرح خون کی کمی کی شکایت بھی دور ہوجاتی ہے۔

ویسے تو لوگ موٹاپے سے بیزار رہتے ہیں لیکن اسی طرح کی پریشانی دبلے پن کے حوالے سے بھی دیکھنے میں آتی ہے اور بہت سارے نوجوان افراد اس شکایت میں مبتلا ہیں جن کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ انجیر کھانے کی عادت ڈال لیں تو انہیں دبلے پن سے نجات مل سکتی ہے۔ یہ پھل سانس کے امراض کیلئے بھی بے پناہ مفید ہے اور اس سے پھیپھڑوں کی کئی شکایات کا بھی سدباب ہوسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ معالجین دمے‘ دق اور سل کے مریضوں کو انار کی طرح انجیر کے استعمال کا بھی مشورہ دیتے ہیں۔ نزلہ اور زکام اگر پرانا ہوچکا ہے اور دواؤں کا مسلسل استعمال بھی اس سے نجات کیلئے ناکافی ثابت ہورہا ہے توانجیر کھا کر دیکھیں آپ کو نمایاں طور پر فرق محسوس ہوگا۔ یہ جوڑوں کے درد اور گنٹھیا جیسے مرض کے خلاف بھی ایک مؤثر قوت مدافعت ہے جبکہ جلد کے امراض میں بھی اس کا تسلسل سے استعمال اچھے نتائج سامنے لاتا ہے۔ دراصل انجیر کا استعمال جسم سے خراب مادوں کو خارج کرکے جگر اورمعدے کو چست کردیتا ہے اور خوراک کے طور پر جو کچھ بھی کھایا جاتا ہے وہ عمدگی سے ہضم ہوجاتا ہے۔

قدرت نے اس منفرد پھل میں حیاتین‘ فولاد‘ کیلشیم اورفاسفورس کا خزانہ بھردیا ہے اور یہ تمام ایسے اجزاء ہیں جوکہ صحت بخش ہونے کے ساتھ ہی طاقت میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ یوں سستی‘ کاہلی اور ناتوانی اسے کھاتے ہی رخصت ہوجاتی ہے۔ اگر آپ کے گلے میں خراش اور کھانسی کی کیفیت ہے تو انجیر کو خوب اچھی طرح چبا کر نگلنے سے یہ تکلیف دور ہوجائے گی اور آپ کو آرام محسوس ہونے لگے گا۔ اطباء اور معالجین کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ انجیر بچوں کیلئے ایک فائدہ مند پھل ہے کیونکہ اس میں بعض ایسے ہاضم خمیر ہوتے ہیں جن سے ہاضمے کا نظام قوی تر ہوجاتا ہے اور بچوں کا ہاضمہ درست رہے تو پھر ان کی صحت بھی ٹھیک رہتی ہے اور ان کی نشوونما کا عمل بہتری کے ساتھ جاری رہتا ہے۔ انجیر کو گردے اور مثانے کی پتھری خارج کرنے کے لحاظ سے بھی مؤثر سمجھا جاتا ہے اس کیلئے یومیہ چار سے پانچ انجیر اچھی طرح چبا کر کھائیں۔ جلدی امراض کے حوالے سے یہ بات بھی بتاتے چلیں کہ بعض پھوڑے خاصے سخت ہونے کے باعث دیر سے پکتے اور پھوٹتے ہیں اور انسان مسلسل تکلیف میں رہتا ہے۔ اس درد اور دکھن سے نجات کیلئے انجیر کو دودھ میں پکا کراسے پھوڑوں پر باندھ دیا جائے تو وہ پک کر جلد پھوٹ جاتے ہیں۔ انجیر کی تمام خصوصیات اور افادیت ہم نے آپ کے سامنے بیان کردی ہے اور اب اس کے فوائد سمیٹنا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Jaleel Ahmed
About the Author: Jaleel Ahmed Read More Articles by Jaleel Ahmed: 383 Articles with 1223535 views Mien aik baat clear karna chahta hoon k mery zeyata tar article Ubqari.org se hoty hain mera Ubqari se koi barayrast koi taluk nahi. Ubqari se baray r.. View More