اشتہارات برائے تلاش گمشدگان

بھاری جسم،دیو قامت سائز” منہ“ جس کے اوپر دو آنکھوں، دو کانوں کے ساتھ ساتھ ایک عدد ناک کا”نشان“ بھی پایا جاتا ہے۔چلتے ہوئے اکثر ہنستے ہیں اور جب یہ ہنستے ہیں تو ان کا پورا جسم ۔۔۔ہنسی میں ان کا ساتھ دیتا ہے مزید یہ کہ اس ”کار خیر“ ا ن صاحب کا ڈھول نما پیٹ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔قبلہ محترم نا ہی بونے ہیں نا ہی بیوقوف۔۔۔بلکہ اچھے بھلے مزاح نگار ہیں-

اکثر قلم کار ان کو اپنا ”مرشد“ مانتے ہیں موصوف اپنی یاداشت کے کچھ حصے ”کھوا“ بیٹھے ہیں! آخری مرتبہ جناح باغ کے واکنگ ٹریک اور بشیر مچھلی والے کے گرد نواح میں دیکھے گئے ہیںجہاں بھی ملیں ان کو پکڑ کر کم از کم 30کلو میٹر واک کروائی جائے (اس دوران طبیعت زیادہ خراب ہو تو واک میں 20کلو میٹر کا اضافہ کر دیں) اس دوران دوستوں اور ”مریدوں “ کو فورا اطلاع کریں اطلاع دینے والے کی اچھی خاصی ”خاطرتواضع“ کی جائے گی۔

یہ صاحب اپنے آپ کو تحقیقاتی صحافی بتاتے ہیں لیکن شکل دیکھ کر آپ کو یہ ہی گمان ہو گا کہ کوئی انار کلی میں مسواکیں بیچنے والا ہے۔ جہاں بھی ملیں گے سنسنی پھلاتے اور لوگوں کا تجسس ابھارتے ملیں گے۔۔۔آخری مرتبہ انار کلی کے ایک ہوٹل کے قریب سنسنی پھلانے کی ”پاداش“ میں اپنی مرمت کروا چکنے کے بعد ۔۔اپنی یاداشت متاثر کروا بیٹھے ہیں ۔اب موصوف ایک روزنامے میں صبح شام لوگوں کے خطوط کے ساتھ” چھیڑ خانی“ کا شغل فرماتے ہیں۔۔۔اگر آپ کو عباسی ٹی سٹال کے آس پاس اس سے ملتا جلتا کوئی شخص نظر آئے تو اس کو ٹی سٹال پر لے جا کر دو،تین کپ چائے پلائیں اور مسلسل ان کی تعریفیں کرتے رہیں اتنی دیر میں دوستوں کو اطلاع دے دیں آپ کو موقع پر پہنچ کر قبلہ کی ”خود کش بمبوں“ والی کتاب انعام کے طور پر دی جائے گی۔

یہ صاحب اپنے آپ کو کالم نگار سمجھتے ہیں اور لوگوں کو بھی یہی بتاتے ہیں حالانکہ دیکھنے میں نیو خاں کے کنڈکٹر محسوس ہوتے ہیں اکثر اوقات میاں والی۔۔۔بیوی والی کا عجیب و غریب ورد کرتے پائے جاتے ہیں ۔۔۔آخری مرتبہ ان کو ”دوکانوں “ پر دو موبائل فون لگا کر ہیلو ہیلو کرتے ٹرکوں والے اڈے پر دیکھا گیا ہے۔ان کی پکی نشانیوں میں سے ایک پکی نشانی یہ بھی ہے کہ ان کا رنگ بھی ”پکا“ ہے۔عینی شاہدین یہ بھی بتاتے ہیں لاپتہ ہونے سے پہلے ان کو نیلے رنگ کی چار پہیوں والی گاڑی میں دیکھا گیا ہے جو چلتے ہوئے ڈرانے والی آوازیں نکالتی ہے۔آپ کو کہیں ملیں تو باعزت طریقے سے ٹرکوں والے اڈے پر چھوڑ آئیں اور دوستوں کو اطلاع دیں اطلاع دینے والے کوعطااللہ عیسی خیلوی کے گانوں کی چار فریش سی ڈیز دی جائیں گی۔
(تمام اشتہارات” نیک نیتی“ کے جذبے کے تحت شائع کئے جا رہے ہیں اعتراض کرنا منع ہے)
Farrukh Shahbaz Warraich
About the Author: Farrukh Shahbaz Warraich Read More Articles by Farrukh Shahbaz Warraich: 119 Articles with 126892 views


فرخ شہباز

پنجاب یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجوایٹ ہیں۔انٹرنیشنل افئیرز میں مختلف کورسز کر رکھے ہیں۔رائل میڈیا گروپ ،دن میڈیا گروپ اور مختلف ہ
.. View More