فاعتبرو یا اولی الابصار

نائن الیون کے مشکوک واقعے کو بنیاد بنا کر جب امریکی درندہ مسلم ممالک اور عوام پر چڑھ دوڑا تھا اس وقت اس کے غیر اخلاقی اور غیر قانونی اقدامات کی حمایت کے لیے خود مسلم ممالک سے ہی امریکہ کے مددگار دستیاب ہوگئے تھے اور اب بھی ہیں۔ اس وقت امریکہ نے پاکستان اور دیگر ممالک کو حمایت نہ کرنے کی صورت میں پتھر کے دور میں پہنچانے کی دھمکی دی تھی۔امریکہ کی اس دھمکی کے بعد شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاداروں نے فوراً اس قسم کی باتیں شروع کردیں کہ ہم امریکہ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے،اگر امریکہ اپنی امداد بند کردے تو ہم بھوکے مرجائیں گے، ہماری معیشت تباہ ہوجائے گی المختصر یہ کہ امریکہ ہی ان داتا ہے نعوذ باللہ رازق ہے اس کی ہی وجہ سے ہماری روزی روٹی چلتی ہے۔اس قسم کی باتیں اس تواتر سے پھیلائی گئیں کہ اچھے بھلے لوگ اس فریب میں آگئے۔ لیکن آج تقریباَ آٹھ سال بعد اس ان داتا۔اس سپر پاور امریکہ اور اس کے سب سے بڑے حامی برطانیہ کا کیا حال ہے۔ یہ دیکھنا چاہیئے۔ یہ ایک عبرت کا منظر ہے بشرطیکہ کہ دیکھنے والی آنکھ ہو ۔ مغرب میں گزشتہ سال سے مالی بحران کا جو سلسلہ شروع ہوا اس نے پورے یورپ اور امریکہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور حال یہ ہے کہ وہاں دھڑا دھڑ بینک بند ہورے ہیں۔ادارے تباہ ہورہے ہیں اور کئی ممالک کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے اس میں امریکہ اور برطانیہ سر فہرست ہیں۔امریکی لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق صرف اکتوبر دو ہزار آٹھ میں امریکہ کی شرح بیروزگاری چھ اعشاریہ پانچ فیصد سے بڑھ کر چھ اعشاریہ سات فیصد پر پہنچ گئی۔امریکہ میں صرف ایک سال میں بیس لاکھ افراد بے روزگار ہوگئے ہیں۔اور سپر پاور ہونے کا دعوے دار ملک اس وقت معاشی بحران کا شکار ہوگیا ہے اور صورتحال یہ ہے کہ غربت سے تنگ امریکیوں نے بڑے شہروں کا رخ کرلیا ہے۔بڑی بڑی کمپنیاں اور مالیاتی ادارے دیوالیہ ہوگئے ہیں اس کے علاوہ چونکہ وہاں لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں۔اس لیے اب وہ قسطوں پر لیے گئے گھروں کی اقساط یا کرایہ وغیرہ بھی ادا نہیں کرسکتے جس کے باعث بینکوں نے اور سرمایہ دار کمپنیوں نے ان افراد کو اقساط پر دئے گئے گھروں کو واپس لینا شروع کیا ہے جس سے مزید حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے اور امریکہ میں بھی خیمہ بستیاں آباد ہونا شروع ہوگئی ہیں ۔جس میں معاشی بحران سے متاثرہ وہ افراد جو کہ کرائے کا گھر افورڈ نہیں کرسکتے ہیں انکو بسایا گیا ہے- فاعتبرو یا اولی الابصار۔-لاس اینجلس کے قریب خیمہ بستی کو باقاعدہ ٹینٹ سٹی کا نام دیا گیا ہے۔اب اس بحران کے باعث بھوک اور افلاس کا بھی ایک طوفان امریکہ کا منتظر ہے اور اس کے باعث شرح اموات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

یہ تمام صورتحال اس سپر پاور کی ہے جس نے اپنے مخالف دشمنوں کو پتھر کے دور میں پہچانے کی دھمکی دی تھی اور آج وہ خود اس صورتحال کاشکار ہے۔-فاعتبرو یا اولی الابصار

اس کے ساتھ ساتھ امریکہ کا بچہ جمہورا برطانیہ بھی ایسی ہی صورتحال کا شکار ہے برطانیہ میں بھی معاشی بحران منہ کھولے آگے بڑھ رہا اور معاشی بحران کا اژدھا بڑی بڑی کمپنیوں اور فرمز کو نگلتا جارہا ہے۔برطانیہ میں رواں برس پینتیس ہزار سے زائد فرمز کے بند ہوجانےکا خدشہ ہے جس کے باعث ایک لاکھ پچیس ہزار افراد کے کاروبار ختم ہوجائیں گے اور اس کا اوسط تین سو بیالیس افراد روزانہ کی اوسط سے بیروزگار ہوجائیں گے۔اور جس رفتار سے بری بڑی سرمایہ کار فرمز بند ہورہی ہیں اس کا اوسط ایک دن میں پچانوے بنتا ہے-۔فاعتبرو یا اولی الابصار

یہ تمام اعداد و شمار کسی انتہا پسند یا مغرب دشمن ادارے کیجانب سے نہیں بنائے ہیں بلکہ یہ امریکہ اور برطانیہ کے اپنے اداروں نے مرتب کئے ہیں۔اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ آخر وہاں تو دہشت گردی نہیں ہے،وہاں تو انتہا پسندی نہیں ہے،وہاں تو روزانہ خود کش دھماکے نہیں ہورہے ہیں۔وہاں تو امن ہے کیوں کہ یورپ کا طریقہ واردات یہ ہے کہ میدان جنگ اپنے علاقے کو بنانے کے بجائے دوسرے کے علاقے کو بناتے ہیں۔تو وہاں تو ایسی صورتحال نہیں ہے جیسی پاکستان، افغانستان، ایران وغیرہ کی ہے۔ پھر کیا وجہ ہے؟ بات صرف یہ ہےکہ یہ ان ممالک کا تمام کاروبار سود پر مبنی تھا یہ تمام یہودی سرمایہ کار کمپنیاں پوری دنیا کا سرمایہ سمیٹنے کے لیے اور اداروں اور ممالک کو اپنا غلام بنانے کے لیے سودی معیشت کے شکنجے میں جکڑنا چاہتی ہیں لیکن اب وہ خود اس کی لپیٹ میں ہیں۔اب ان لوگوں کو بھی اس پر غور کرنا چاہیئے کہ جو کہتے ہیں کہ اگر امریکہ ہماری امداد بند کردے تو ہم بھوکے مر جائیں گے۔دراصل یہ سارا سسٹم خود اپنے دام میں آگیا ہے۔عالم اسلام کے مشہور مفکر اور اسکالر مولانا مودودی نے ساٹھ سال پہلے اس کی پیش گوئی کی تھی کہ ایک وقت آئے کا کمیونزم کو ماسکو میں ناکام ہوجائے گا اور مغربی سرمایہ دارانہ نظام کو نیو یارک اور واشنگٹن میں پناہ نہیں ملے گی ۔اور وقت نے اس صاحب بصیرت کی دونوں باتیں سچ ثابت کی ہیں۔شائد اسی لیے شاعر نے کہا تھا کہ دلِ بینا بھی خدا سے کر طلب - کہ آنکھ کا نور دل کا نور نہیں ہوتا۔
Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 534 Articles with 1454119 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More