کیا ہوگا میرے پاکستان کا

وطن عزیز کے طول وعرض میں دہشت گردی کا راج ہے ۔زندگی محفوظ ہے اور نہ قومی اور نجی املاک ،خوبصورت زندگی خون میں لہولہان ہے معصوم جسموں کے لاشے سڑکوں اور گلیوں میں بکھرے پڑے ہیں ۔زندگی درد میں تڑپ رہی ہے ،کاروبار حیات سے شعلے بلند ہیں ۔سرکاری اور اہم سرکاری ادارے باوجود ہر ممکن کوشش کے ناکام ہیں ۔معصوم زندگیوں کو خون میں نہلایا جارہا ہے ۔خوبصورت گلاب جسموں کے چیتھڑے اُڑ رہے ہیں قومی فضا سوگوار ہے اس لےے کہ زندگی غیرمحفوظ ہوگئی ہے ۔چار سُو افراتفری کے عالم میں قومی زندگی خون کے آنسو رورہی ہے ۔قومی املاک کی تباہی،معصوم لوگوں کی ہلاکت،خونریزی ،قتل وغارت گری ،ہر طرف موت کا رقص ۔

بلوچستان میں دومرتبہ کی المناک دہشت گردی میں یزید کے تنخواہ داروں نے شیعہ برادری کو نشانہ بنایا ،اس المناک دہشت گردی کو لسانی رنگ دے کر خود غرضی کی سیاست کی گئی ۔معصوم جسموں کے ٹکڑوں کو کفن میں لپیٹ کر سڑکوں پر لاشوں کیساتھ دھرنا دیا گیا ۔شیعہ اور سنی طبقے میں نفرت کی آگ بھڑکانے کی ناکام کوشش کی گئی لیکن کراچی کے حالیہ دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق تو کسی ایک فرقے سے نہیں ان میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ۔مسئلہ شیعہ سنی کا نہیں ،سازش ہے قومی امن واستحکام کی تباہی اور بربادری کی ،خوبصورت پاکستان وطن دشمن کے نشانے پر ہے ۔وطن عزیز کے اطراف کی سرحدوںپر پاکستان کی قومی طاقت سے خوفزدہ دشمن اپنے زرخرید شیطانوں کو آلہ کار بنائے ہوئے ہیں ۔ضمیر فروش نام نہاد وطن دوست ،نقاب پوش ہمارے درمیان موجو د ہیں لیکن قومی قیادت خودپرستی میں عظمت ِپاکستان سے بے پرواہ ہے وہ معصوم لاشوں کے انبار پر اپنی سیاست چمکارہے ہیں ۔حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہیں اگربرسرِاقتدار شیطان ہیں تو فرشتے اپوزیشن والے بھی نہیں ۔اگر حکومت دہشت گردی روکنے میں ناکام ہے تو کیا اپوزیشن کے ہاتھوں میں اللہ دین کا چراغ ہے سب قومی بربادی کے تماش بین ہیں اور میڈیا تو اس انتظار میں رہتا ہے کہ کب اور کس مقام پر دھماکہ ہو اور وہ بریکنگ نیوز میں ایک تصویر ہزار باردیکھا کر قوم کا رہا سہا سکون برباد کردیں ۔قوم کا بچہ بچہ سوچ رہا ہے کیا ہوگا میرے پاکستان کا ۔
Gul Bakshalwi
About the Author: Gul Bakshalwi Read More Articles by Gul Bakshalwi: 4 Articles with 2643 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.