ہمارے معاشرے میں کالا جادو کرنے
والے پیر بابے ایک بیماری کی طرح پھیل رہے ہیں۔ ان پڑھ لوگوں کیساتھ ساتھ
پڑھے لکھے لوگ بھی ان لوگوں کے حجروں میں اپنی شرکت یقینی بنارہے
ہیں۔گھریلوں خواتین خاص طور پر اس ترقی کرتی ہوئی صنعت میں اہم کردار ادا
کررہیں ہیں ۔آپ نے اکثر کیبل پر اشتہار چلتے دیکھا ہوگا جس میں با با جی
اپنی تکنیکی صلاحیتوں کی پبلیسٹی کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میرے پاس آئیے آپ
کے گھر بیٹا ہی ہو گااور وہ یہ بات اتنے ہی یقین کیساتھ کہتے ہیں جتنے یقین
کیساتھ ہمارے رحمان ملک صاحب کسی بڑے حادثے کے بعد بڑے یقین کیساتھ کہتے
ہیں کہ سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے اورکچھ دن بعدریڈالرٹ سکیورٹی کے
دوران ہی کوئی نیا کارنامہ رونما ہوجاتا ہے۔اور بابا جی مزید دعوے بھی سنئے
کہ سنگدل محبوب آپ کے قدموں میں۔نافرمان بچوں کو راہ راست پر لائیں۔
نافرمان شوہر کو راہ راست پر لائیں۔اپنی ساس کو اپنی انگلی پر نچوائیں۔ نند
سے جان چھڑ وائیں۔بہو کا دماغ درست کروائیں۔بیٹے کو بہو کی غلامی سے نجات
دلوائیں وغیرہ وغیرہ ۔
ہمارے سادہ لوگ بہت آسانی کیساتھ انکی باتوں میں آجاتے ہیں اور کئی بار
اپنی قیمتی دولت اور عزت سے ہاتھ گنوا بیٹھتے ہیں یہ ڈھونگی لوگ ہماری اپنی
کوتاہیوں سے فائدہ اٹھالیتے ہیں کیونکہ ہم بہت جلد کسی بھی حالات سے
گبھراجاتے ہیں اور اور بہت جلد اس پریشانی کا حل ڈھونڈتے ہوئے ان ڈھونگی
پیروں کے پیر خانوں میں پہنچ جاتے ہیں اور یہ لو گ کالے بکرے، نقد رقم اور
بہت سی دوسری صورتوں میں نذرانے وصول کرتے ہیں اور ہمارے سادہ لوگ اس پر ان
سے کوئی ڈسکاﺅنٹ بھی نہیں مانگتے ۔اگر ہم صرف خدا پر ایمان رکھیں اور
وسوسوں میں نہ پڑیں اور ہم اپنے خراب حالات کی وجہ پر توجہ دیں اور ہمت سے
کام لیں اچھااور برے وقت کو زندگی کے اتار چڑھاﺅ کا حصہ سمجھیں تو شاہد ہم
ان پیروں کی دکانوں میں اضافہ کا سبب نہ بنیں۔
کاش ہمارے پاس کچھ سیاسی بابے بھی ہوں جو ہمارے سیاستدانوں کو راہ راست پر
لاسکے اور ہم جس سیاست دان کو چاہیں ان پیر فقیروں کے زریعے ٹھیک کروا سکیں
مثلا رحمان ملک کے لئیے تعویز کروائیں کہ وہ جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔ وزیر
اعظم کے لئیے تعویز کروائیں کہ وہ اپنابیان بدلنا چھوڑ د یں ۔عمران خان کے
لئیے تعویز کروائیں کہ جب انکا جلسہ ختم ہو تواس کے بعد کرسیاں نہ چوری ہوں۔
واپڈا پر تعویز کروائیں کہ پاکستان کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے۔ صدر صاحب پر
تعویز کروائیں کہ انکی توجہ پاکستان کے مسائل پر ہو نہ کہ کرسی مضبوط کرنے
پر۔امریکہ پر تعویز کروائیں کہ پاکستان ڈرون حملے بند کردے۔بھارت پر تعویز
کروائیں کہ وہ بھارت میں مرنے والے گدھے کاالزام آئی ایس آئی پر نہ
ڈالے۔وینا ملک پر تعویز کروائیں کہ وہ راہ راست پر آجائے اور ناک کی سیدھ
میں پاکستان واپس آجائے۔مشرف پر تعویز کروائیں کہ وہ پاکستان کو مزید برباد
کرنے پاکستان کا رخ نہ کرے۔ایم ۔کیو۔ ایم پر تعویز کروائیں کہ وہ بندوق کی
سیاست چھوڑ کرتعمیری سیاست کرے اور الطاف حسین کے جلسے میں آواز کیساتھ
انکی تصویر بھی نظر آئے۔شجاعت حسین پر تعویز کروائیں کہ وہ ہر مسئلہ پر مٹی
ڈالنا چھوڑ دیں۔
بلکہ ہمیں تو حکومت کی پوری فوج پر تعویز کروانے چاہیے کہ یہ تمام حکومتی
لوگ ملکی وسائل کھانے کی بجائے ملکی مسائل کھانے شروع کر دے تاکہ ہمارا ملک
ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ |