خدا نے اُس قوم کی حالت نہیں بدلی

ہم سب ہمیشہ سے یہ سنتے آئے ہیں ،بلکہ ہم سب نے بچپن سے سن رکھا ہے اور یہ بات میرے ذہن نہا خانوں کے کسی گوشے میں گھرکر چکی ہے کہ پاکستان کے مسلمان سب سے زیادہ پریشان حال ہیں،اپنے ہی ملک میں مسلمانوں کی خستہ حالی کے ذمہ دار حکومت کا دہرا رویہ ہے،پاکستان میں یہاں کے باسیوں کوہمیشہ دوسرے درجہ کا شہری سمجھاجاتاہے۔شرح تعلیم میں بھی یہ عوام سب سے کم اور سرکاری ملازمت میں بھی ان کا تناسب غیر تشفی بخش ہے،غریبی ،بھوک مری کا شکار پاکستانی قوم آزادی کے بعد سے اب تک اپنے حالات کی بہتری اور تبدیلی کے لئے کوشاں ہیں مگر ان کی حالتِ زار میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی رونما نہیں ہوسکی۔اب کل ہی کی بات کر لیں،آپ سب نے کراچی میں راشن کی تقسیم پر دو خواتین کی پیروں تلے کچلے جانے کی اور پھر ان کی ہلاکت کی خبریں سن لی ہونگی۔آج مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ مردوں کو روزگار میسر نہیں اور خواتین اگر گھر سے مفت راشن کے لئے باہر نکلیں تو وہاں خواتین کا اژدھام ہوتاہے جس کی وجہ سے بے ربتگی ہوتی ہے اور ’’ پہلے میں ‘‘ کے چکر میں ایسے حادثات رونما ہو جاتے ہیں۔کتنے افسوس کی بات ہے کہ خاتون گئیں تھیں راشن لینے مگر گھر میں نہ ہی راشن آیااور نہ ہی بچوں کا پیٹ بھرا جا سکا۔بلکہ خاتون کی میت گھرمیں پہنچ گئی اور اس کے چاربچے لاوارث ہوگئے۔خدا خیر کرے ہمارے ملک اور قوم کے حالات پر!یہ مہنگائی اور بے روزگاری کانتیجہ ہی توہے کہ جس کی وجہ سے اس قسم کے حادثات اکثر و بیشتر رونما ہوتے ہیں۔ملک میں خوراک کی کمی کا اندازہ آپ بخوبی لگا سکتے ہیں کہ اس ملک میں کس قدر قلتِ خوراک ہے اور اس کی تمام تر وجہ بے روزگاری ہے۔اور بے روزگاری کا خاتمہ مشروط ہے امن و امان سے جوکہ ملک کے کسی بھی حصے میں نہیں ہے۔کہیں زیادہ بے امن و امانی درپیش ہے تو کہیں کم۔لہٰذا حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے اوّلین فرصت میں امن و امان کوبحال کریں۔ موٹر وے بعدمیں بھی بن سکتاہے مگر امن و امان کی اس ملک کو اشد ضرورت ہے کہ جس کی وجہ سے ملک کے تمام لوگ ہی پریشان ہیں۔

بلدیاتی نظام کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم رول اداکرتی ہے مگردنیا میں ہمارا ملک وہ واحد ملک ہے جہاں آج تک سب بلدیاتی نظام پرمتفق ہی نہیں ہوئے تو بلدیاتی نظام کام کس طرح کر سکتے ہیں۔کراچی کے میگا سٹی کو ہی دیکھ لیں ایک زمانہ تھاجب رات کو سڑکیں دھوئی جاتی تھیں آج یہ شہر کچرے کا ڈھیر بنا ہواہے۔ہر جگہ بدبو دارکچرے کا انبار نظر آتاہے ،اور ہم 1979ء کے بلدیاتی نظام کو ہی رو رہے ہیں۔اس سے صاف ظاہرہے کہ حکمران عوام سے نہ کبھی مخلص تھے اور نہ ہیں۔اگر ہوتے توکم ازکم وہ بلدیاتی نظام رائج کرتے جو عوام کی بھلائی کے لئے بنائے گئے تھے۔جس سے عوام کو حد درجہ سہولیات دستیاب تھیں۔آج ہماری بستیوں کی پہچان اونچی نیچی عمارتوں اور خستہ حال سڑکوں کی بناء پر ہو رہی ہے۔آج بھی غریبوں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور یہ غریب آج بھی تنزلی کے شکارہیں جو آج سے 65سال پہلے تھے۔میں ان باتوں سے انحراف نہیں کرتابلکہ مجھے بھی یہ محسوس ہوتاہے کہ پاکستانی قوم کی حالت کافی نازک ہے،ان کی ترقی کی راہوں میں کافی روڑے اٹکائے جاتے ہیں،انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں بھی کافی دشواریوں کا سامنادرپیش ہوتاہے ۔ عوام کی زندگی کافی دقتوں بھری ہے ۔پھر بھی ایک چھوٹی سی کوشش کرتے ہیں یہ جاننے کی کہ کیاہمارے ملک کے عوام کی تنزلی کی وجہ صرف اور صرف حکومت کا دہرا رویہ ہے؟کیا پاکستان کے عوام کی بدحالی کا ذمہ دار حکومت ہی ہے۔یا پھر کہیں نہ کہیں ہم بھی قصوروار ہیں اپنی اس خستہ حالی کے؟کیا اپنی اس تنزلی میں ہمارا کوئی رول نہیں؟کیا ہماری غلطیاں نہیں ہیں ہماری بدحالی کی وجہ؟مجھے ایسالگتاہے کہ ہماری اس خستہ حالی اور تنزلی کاسبب صرف حکومت نہیں بلکہ ہم بھی ان میں برابر کے شریک ہیں،بہت ساری خامیاں ہیں ہمارے اندر جو ہمیں ترقی کی جانب گامزن ہونے سے روک دیتی ہیں۔بہت سے مسائل ہیں جوہمارے خودکے کھڑے کئے ہوئے ہیں۔اور ان غلطیوں،ان خامیوں اور اپنی کوتاہیوں کاٹھیکہ دوسروں کے سرپھوڑتے ہیں۔کیا ہم نے کبھی اس بات کی کوشش کی کہ ہماری بدحالی میں ہماری غلطیاں کیا ہیں؟اور کن وجوہات کی بناء پرہم ان حالات کوپہنچے ہیں ۔خود کو کبھی ہم نے اس زاویے سے پرکھنے کی کوشش نہیں کی شاید!ہماری غلطی صرف یہی نظرآتی ہے کہ ہم نے ووٹ کاصحیح استعمال آج تک نہیں کیا۔جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔پاکستان کے اُفق پر چھائے ہوئے موروثی سیاست کی بھینٹ چڑھتی یہ قوم اپنے کل کے بارے میں نہیں سوچ رہی ہے جس کی وجہ سے دنیا بھرمیں ان کی حالت ایک غلام قوم سے زیادہ کچھ نظر نہیں آتا۔دوسری اور سب سے اہم وجہ جو ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے وہ ہے فرقہ پرستی۔آج ہمارے ملک میں خاص کر مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق کی بہت کمی ہے،فرقہ پرستی کے شکارپاکستانی قوم سب سے زیادہ ہیں شاید!اور یہ فرقہ پرستی انہیں ایک دوسرے کا جانی دشمن بھی بنادیتی ہے۔ایک دوسرے کو بُرا بھلا کہنا،چُن چُن کر خامیاں نکالنا،ایک دوسرے پرچھینٹا کشی کرناآج ہماری عادت میں شامل ہوچکا ہے۔دیو بندی،بریلوی،شیعہ،سنی،اہلحدیث جیسے فرقوں میں بٹ کر ہم نے اپنی جڑیں کمزور کر لی ہیں،اپنے آپ کو ایسی حالت میں پہنچا دیاہے کہ ہر کوئی بآسانی ہم سے فائدہ اٹھا لیتاہے۔دوسری قومیں ہمیں ایک دوسرے کے خلاف بھڑکا کر اپنا کام نکال لیتی ہیں اور ہم صرف منھ دیکھتے رہ جاتے ہیں۔ہمیں اپنی اس خامی کو دور کرناہوگا،مذہبی اختلاف کو خود تک ہی محدود رکھنا ہوگاتاکہ دوسرے اس کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔ایک دوسرے کے خلاف الٹی سیدھی اور دل آزاری والی باتوں سے بچناہوگا۔ اسلام نے خود کو فرقوں میں بانٹنے سے منع بھی کیاہے اور یہ حکم بھی دیاہے کہ ’’ سب مل کر اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لو‘‘۔اس لئے ہمیں چاہیئے کہ آپس کی رنجشوں اور کشیدگی کو بھول کرخود کو آئین اسلام کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔اگر کوشش کی جائے تو ہم اپنی اس کمی کو بھی دور کر سکتے ہیں اور اپنے حالات کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔صرف حکومتی سرپرستی اور عدل و انصاف کے منصفانہ نظام کی ضرورت درپیش ہوگی جو حکمرانوں کو مہیاکرناضروری ہے۔اب دیکھئے کہ ہمارے حکمران کب اور کس نہج پر جاکر اس غریب اور بلکتے ہوئے عوام کے بارے میں سوچتی ہے۔کاش!کے انہیں جلد ہی ہوش آجائے تاکہ ہماری عوام جو اس وقت انتہائی نا گفتہ بہ حالات سے دوچارہیں ان کی خاطر خواہ داد رسی ہو جائے۔

دنیا کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ کوئی بھی قوم جب غالب اور حاکم ہوتی ہے تو اس کے ادب ،اس کی تہذیب و تمدن اور رسم و رواج کا گہرا اثر محکوم قوم پرپڑتاہے کیونکہ یہ ساری چیزیں ترقی کے فروغ کے ساتھ ساتھ منتقل ہوتی ہیں۔گر اب حالات بدل رہے ہیں ،ہماری قوم کے لوگوں کے تئیں لوگوں کا نظریہ بھی بدل رہاہے،حکومت بھی ہمارے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشش کرے،اس سے امید کی جا سکتی ہے کہ حالات ضرور بدلیں گے۔اور اگر ہم خود کوشش کریں تو ممکن ہے کچھ سال بعد ہماری قوم کے بھی حالات بدل جائیں لیکن شرط یہ ہوگی کہ ہم سب کو (یعنی عوام اور حکمران) مل کر کوششیں کرنی ہونگی۔بقول علامہ محمد اقبال ؒ کے:
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
نہ ہو جس کو خیال خود اپنی حالت بدلنے کا
Muhammad Jawaid Iqbal Siddiqui
About the Author: Muhammad Jawaid Iqbal Siddiqui Read More Articles by Muhammad Jawaid Iqbal Siddiqui: 372 Articles with 338302 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.