گھر کی دیواروں کو لوکی کی بیل سے سجائیں

سائنسی نام لاگیناریا ویلگارسLagenaria vulgaris
انگریزی نام کیلاباشCalabash ‘یا بوٹل گورڈ Bottle gourd
کاشت کا موسم گرمی
کاشت کا دورانیہ 30دن
مستعمل نام لوکی‘ دودھی‘ گھیا

لوکی کو 3500قبل مسیح سے افریقہ میں کاشت کیا جارہا ہے تاہم آج اسے بھارت‘ سری لنکا‘ انڈونیشیائ‘ ملائشیائ‘ فلپائن‘ چین‘ ٹراپیکل افریقہ اور جنوبی امریکہ سمیت دیگر کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر کاشت کیاجاتا ہے ۔لوکی لمبوتری یا گول ‘پیلے اور سبز رنگ میں پیدا ہوتی ہے ‘اس کا گودا سفید اور اسفنج کی مانند ہوتا ہے ۔ 100گرام لوکی میں96.1فیصد نمی‘0.2فیصد پروٹین‘ 0.1فیصد چکنائی ‘0.6فیصد ریشہ‘ 0.5فیصد معدنیات‘ 2.5فیصد کاربوہائیڈریٹس ‘ 10ملی گرام فاسفورس ‘ 0.7ملی گرام فولاد اور20ملی گرام کیلشیم ہوتی ہے۔پکی ہوئی لوکی ٹھنڈک بخشنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے کھانے سے تسکین پہنچتی ہے ۔لوکی پیشاب کی بیماریوں ‘ضرورت سے زیادہ پیاس ‘ ڈائریا ‘بے خوابی اور ذیابیطس کے مرض میںبہت مفید ثابت ہوتا ہے تاہم لوکی کو کچی حالت میں کھانے سے معدے اور آنتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کاشت کا وقت
فروری کا اختتام لوکی اُگانے کے لئے بہترین موسم ہے ‘اس کی کاشت کا موسم 30دن کا ہوتا ہے۔ 5,5دن کے وقفے سے بیج ڈالیں ‘ اس سے آپ کو خود اندازہ ہوجائے گا کہ کن تاریخوں میں زیادہ بہتر فصل تیار ہوتی ہے۔ویسے تو لوکی گرمیوں کی سبزی ہے ‘تاہم گول لوکی سردیوں میں بھی کاشت ہوجاتی ہے ۔دونوں اقسام کی قوت برداشت الگ الگ ہوتی ہے۔ لوکی کی بیل 2سے3مہینے میں پھل دینا شروع کردیتا ہے ۔

جگہ کا انتخاب
لوکی کو زمین پر بوئیں یا گملے میں لگائیں ‘ یہ دونوں طرح سے بھرپور انداز میں پروان چڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔اگر گملے میں لوکی لگانی ہے تو بڑے سائز کے گملے کا انتخاب کریں بصورت دیگر بوری کو مٹی سے بھر کر بھی لوکی کاشت کی جاسکتی ہے۔ لوکی بیجوں کے ذریعے اُگائی جاتی ہے‘ اس کی پنیری تیار نہیں ہوتی۔ لوکی لگانے کے لئے کیاری کا کوئی ایسا حصہ منتخب کریں جہاں سے بیل جب اُوپر جائے تو اُسے دھوپ لگے۔

کاشت کا طریقہ
جس جگہ لوکی کو کاشت کرنا ہو سب سے پہلے اس جگہ کی مٹی کو نرم کرلیں۔ لوکی کے بیجوں کا چونچ والا حصہ زمین میں بالکل سیدھا لگائیں ۔اس کے اُوپر اچھی اور مخلوط کھاد کی تہہ بچھادیں اور پھر باریک فوارے سے پانی دے دیں۔ 2سے3دن پانی دینے کے بعد بیجوں سے پنیری پھوٹ جاتی ہے اور1½ مہینے میں پھول نکل آتے ہیں ‘3 مہینے کے بعد لوکی اُگنا شروع ہوجاتی ہے ۔6مہینے تک یہ پھل دیتا ہے اور سردیاں شروع ہونے پر ختم ہوجائے گا‘ موسم جیسے جیسے گرم ہوتا جاتا ہے ویسے ویسے لوکی کی بیل میں پھل آنے شروع ہوجاتے ہیں۔

احتیاط
لوکی کی بیل کو بہت زیادہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ‘بس پانی ڈالنے کا خاص خیال رکھنا ہوتا ہے ۔البتہ اس کی بیل کی دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے۔ اس کے اطراف میں جالی لگاکر اسے اُوپر چڑھادیا جاتا ہے ۔اس کے ایک بیج سے جو بیل پیدا ہوتی ہے اس سے دوسری بیلیں بھی نکلتی ہیں جن کی دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے ۔نظر انداز کرنے سے اس کی بیلیں آپس میں اُلجھ کر خراب ہونے لگتی ہیں۔بوری یا گملے کو دیوار کے برابر میں رکھیں‘ رسیاں باندھیں اور اس کی بیل چڑھا دیں۔ ایک بوری میں 4سے زیادہ بیج نہ لگائیں ۔ بیج کو ہلکا سا دباکر مٹی کے اندر کردیں۔ اُوپر سے کھاد ڈالیں اور پانی دے دیں ‘اگر بوری سے پانی کا اخرا ج نہ ہورہا ہو توسوراخ کردیں۔

اس قدر آسانی سے کاشت کی جانے والی لوکی اُگانے کے لئے سوچنا کیسا ؟

موسم شروع ہوچکا ہے ‘ اگلے 6ماہ تک گھر میں اُگائی ہوئی تازہ لوکی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اس کی خوبصورت بیلوں سے گھر کی دیواریں سجانے کی تیاری شروع کردیں۔
Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 201 Articles with 310001 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.