چوہدری محمد سرور پنجاب کے 35 ویں گورنر

برطانوی پارلیمنٹ کے تین مرتبہ منتخب ہونے والے ممتاز اور معروف پارلیمنٹرین اور کاروباری شخصیت جناب چوہدری محمد سرور آف پیر محل ثمہ گلاسکو نے آج پنجاب کے 35 ویں گورنر کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ چند روز قبل برطانوی شہریت چھوڑ کر ملک و ملت کی خدمت کے سچے جذبہ کے ساتھ پاکستان آئے ہیں اور ماضی میں بھی پاک برطانیہ تعلقات، برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں و کشمیریوں کے مسائل و مشکلات کے حل اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ پاکستان و برطانیہ کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرنے والے چوہدری سرور کی طویل خدمات اور جاندار کردار مدتوں اپنے اثرات چھوڑتا رہے گا۔ جس برطانوی شہرت اور عزت و وقار و امارت کیلئے بڑے بڑے لوگ تڑپتے رہتے ہیں کو خیر باد کہہ کر غربت، دہشتگردی ، مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور عدم تحفظ کی جگہ پاکستان آنے کا فیصلہ ہی چوہدری محمد سرور کی قربانی، جرات ، حب الوطنی، اور عظمت کردار کا آئینہ دار ہے۔ گزشتہ ماہ ایک تقریب میں ان سے ملاقات ہوئی تو پاکستان کے حالات اور کشمیر کی صورت حال پر بے حد رنجیدہ اور دل گرفتہ نظر آئے ان کے دل و دماغ میں ملک کو سدھارنے کا عزم مصمم نظر آ رہا تھا۔ان کا کہنا کہ کشتیاں جلا کر آیا ہوں ملک کے لئے کچھ کر گزرنے کا عزم پختہ کا غماض ہے۔ چوہدری محمد سرور اگست 1952 میں پیر محل ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیدا ہوئے۔ فیصل آباد یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ان کے والد محترم عرصہ قبل برطانیہ جا کر مستقبل آباد ہو گئے تھے۔ موصوف 1976 میں برطانیہ گئے اور وہاں ہی کے ہو گئے۔ 1978 میں محترمہ پروین سرور کے ساتھ شادی ہوئی ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے ایک بیٹا انس سرور اس وقت برطانوی پارلیمنٹ کے منتخب رکن اور ڈپٹی لیڈر اسکاٹ لینڈ لیبر پارٹی ہیں۔ انیس سرورایک متحرک ، زہرک اور با اصول سیاستدان ہیں انہوں نے بڑی محنت اور ریاضت سے یہ مقام حاصل کیا ہے اور برطانیہ میں اس کا مستقبل درخشاں اور روشن نظر آ رہا ہے چوہدری سرور کی امارت ، شہرت اور عزت کے پیچھے ان کی طویل، کٹھن اور مسلسل محنت و کاوش ا ور ریاضت کا لا متناعی سلسلہ ہے جس نے انہیں کندن بنایا ہے۔ انہوں نے بے پناہ اور بے بدل محنت کی ہے ان کے پرانے دوستوں میں خواجہ محمد رشید، راجہ حنیف خان، اور غلام ربانی ہمارے بھی اچھے دوستوں بلکہ بزرگ دوستوں میں سے ہیں وہ ان کی محنت، ہمدردی اور امنگوں کے کئی واقعات سناتے ہیں۔برطانیہ جیسے اہم اور بڑے ملک میں چوہدری سرور نے بڑی عزت اور مقام حاصل کیا ہے۔ وہ بیک وقت ایک نمایاں سیاستدان، پارلیمنٹرین اور بزنس مین کے طور پر شہرت پانے والے قسمت ترین افراد میں شمار ہوتے ہیں۔یونائیٹڈ ہول سیلز گرا سری ان کا کاروباری چین ہے جس کے بہت بڑے بڑے سٹورز ہیں۔موصوف 1997 ،2001 اور 2005 میں اسکاٹ لینڈ گلاسکو سے برطانوی ہاؤس آف کامنز کے رکن منتخب ہوئے بلکہ برطانوی پارلیمنٹ میں پہلا مسلمان ممبر پارلیمنٹ کا امتیازی اعزاز بھی انہی کو حاصل ہے۔انہوں نے برطانوی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ قرآن مجید پر حلف لیکر پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔ وہ لیبر پارٹی کے اہم اور صائب الرائے افراد میں شمار ہوتے رہے ہیں ان کے پیش نظر ہمیشہ، دیانت، شرافت اور میرٹ کھسوٹی رہی ہے جس کے ذریعے وہ ترقی اور شہرت کی منازل تیزی سے طے کرتے کرتے ہاؤس آف کامنز لندن اور گورنر ہاؤس لاہور تک پہنچے ہیں۔چوہدری محمد سرور حضرت قائداعظم کو اپنا آئیڈیل لیڈر اور میاں نواز شریف کو پاکستان کا حقیقی مسیحا سمجھتے ہیں میاں برادران کی جلا وطنی اور قیام برطانیہ،موجودہ انتخابات اور آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے چوہدری محمد سرور کی خدمات اور قربانیاں ہر کسی پر عیاں ہیں۔وہ ایک بے حرص، بے غرض اور انتہائی ایماندار قومی رہنما ہیں۔برطانیہ میں ان پر کچھ الزامات عائد ہوئے لیکن عدالتوں نے ان کی ایمانداری اور دیانت کی سند جاری کی تھی۔

ان کی معروف این جی او ’’ کیئر فاریور‘‘ کی کارکردگی بھی مثالی اور قابل تقلید ہے۔2005 کے زلزلہ اور سیلاب کے دوران ان کی این جی او اور ان کی وجہ سے عالمی اداروں نے پاکستان میں بھرپور کام کیا اور عوام کو ریلیف پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے رجانہ اور پیر محل میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال اور عالمی معیار کا تعلیمی ادارہ قائم کیاہے جس سے علاقے کے عوام اور غریب و مفلس بھرپور استفادہ اٹھا رہے ہیں گورنر پنجاب کا حلف اٹھانے کے بعد چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے جان، تن ،دھن سب کچھ حاضر ہے پاکستان بے پناہ مسائل میں گھرا ہوا ہے سب کو ساتھ لیکر چلوں گا اور ہم سب مل کر اپنے ملک کے یہ دیرینہ مسائل و مشکلات حل کرینگے۔ غربت دور کرنے کیلئے تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔گورنر ہاؤس کے دروازے سب کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔ سرمایہ کاروں کو پاکستان لائیں گے۔توانائی بحران حل کرینگے۔ان کی گفتگو اور تیور کچھ کر گزرنے کا عزم فراواں لئے ہوئے ہیں۔چوہدری سرور کے پیش رو تو پروٹوکول کے مزے ہی لیتے رہے ہیں اﷲ کرے چوہدری محمد سرور پنجاب میں نمایاں تبدیلی کے موجب بن سکیں ان سے قوم کی بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں۔
Sardar Muhammad Tahir Tabassum
About the Author: Sardar Muhammad Tahir Tabassum Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.